سوال:
السلام علیکم، مفتی صاحب! اگر کسی عورت کے پاس تین تولہ سونا ہو، اس کے علاوہ سال بھر میں کبھی بچوں کی عیدی یا اسی طرح شوہر کی طرف سے کبھی کم اور کبھی زیادہ پیسے ملتے رہیں، لیکن سال پورا ہونے سے پہلے پہلے وہ پیسے خرچ بھی ہو جائیں، اور اس عورت کے پاس اس کے علاوہ کچھ بھی نہ ہو، تو کیا اس عورت پر تین تولہ سونے کی زکوٰۃ واجب ہوگی؟
جواب: واضح رہے کہ سونے کا مستقل نصاب ساڑھے سات تولہ ہے، اگر کسی کی ملکیت میں صرف ساڑھے سات تولہ یا اس سے زائد سونا ہو تو سال گزرنے کے بعد سونے پر ڈھائی فیصد کے حساب سے زکوٰۃ ادا کرنا واجب ہوگی، لیکن اگر سونا ساڑھے سات تولے سے کم ہو تو اس صورت میں اگر سونے کے ساتھ دیگر کوئی مالِ زکوٰۃ (چاندی، نقدی یا مالِ تجارت) ہو اور ان سب کی مجموعی مالیت چاندی کے نصاب (ساڑھے باون تولہ چاندی) کی قیمت کے برابر یا اس سے زائد ہو تو مجموعی مالیت پر سال گزرنے کے بعد زکوٰۃ واجب ہوگی، لیکن اگر سونے کے ساتھ کوئی دوسرا مال نہ ہو یا ہو مگر مجموعی مالیت چاندی کی قیمت سے کم ہو تو اس صورت میں زکوٰۃ واجب نہیں ہوگی۔
پوچھی گئی صورت میں اگر مذکورہ خاتون کے پاس تین تولہ سونے کے علاوہ چاندی یا رقم موجود ہو اور اس (تین تولہ چاندی اور نقد رقم) کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کو پہنچ رہی ہو تو یہ خاتون صاحبِ نصاب ہے، جس قمری تاریخ کو یہ خاتون صاحبِ نصاب بنی ہے، اس کے حساب سے سال مکمل ہونے کی تاریخ پر اگر یہ خاتون صاحبِ نصاب ہو (یعنی سونے کے ساتھ رقم، چاندی یا مالِ تجارت موجود ہو) تو اس پر زکوٰۃ واجب ہوگی، لیکن اگر سال مکمل ہونے کی تاریخ پر مذکورہ خاتون کے پاس صرف تین تولہ سونا بچا ہو، اس کے علاوہ رقم، چاندی یا مالِ تجارت نہ ہو تو اس پر زکوٰۃ واجب نہ ہوگی۔
(نوٹ: زکوٰۃ میں صرف اُس سونے، چاندی اور پیسوں کا اعتبار کیا جاتا ہے جو آدمی کی ذاتی ملکیت میں ہو، گھر کے خرچہ کے لیے شوہر کی طرف سے ملنے والی رقم شوہر کی ملکیت میں ہوتی ہے، اس لیے وہ رقم بیوی کے مالِ زکوٰۃ میں شامل نہیں ہوگی، البتہ اگر شوہر گھریلو خرچہ کی رقم سے ہٹ کر کچھ اضافی رقم خاتون کو ملکیتً دے دیتا ہے تو وہ رقم نصاب میں شمار ہوگی، اسی طرح بچوں کو ملنے والی عیدی بچوں کی ملکیت ہے اس کو بھی نصاب میں شامل نہیں کیا جائے گا۔)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*الهداية: (103/1، ط: دار احياء التراث العربي)*
وإذا كان النصاب كاملا في طرفي الحول فنقصانه فيما بين ذلك لا يسقط الزكاة۔
*بدائع الصنائع: (16,18/2، ط: دار الکتب العلمیۃ)*
أما الأثمان المطلقة وهي الذهب والفضة أما قدر النصاب فيهما فالأمر لا يخلو إما أن يكون له فضة مفردة أو ذهب مفرد أو اجتمع له الصنفان جميعا، فإن كان له فضة مفردة فلا زكاة فيها حتى تبلغ مائتي درهم وزنا۔۔۔۔هذا إذا كان له فضة مفردة، فأما إذا كان له ذهب مفرد فلا شيء فيه حتى يبلغ عشرين مثقالا فإذا بلغ عشرين مثقالا ففيه نصف مثقال؛ لما روي في حديث عمرو بن حزم «والذهب ما لم يبلغ قيمته مائتي درهم فلا صدقة فيه فإذا بلغ قيمته مائتي درهم ففيه ربع العشر»
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی