سوال:
جس طرح صبح کو سورہ یاسین، مغرب کے بعد سورہ واقعہ اور عشاء کے بعد سورہ ملک پڑھی جاتی ہے تو ظہر اور عصر کے بعد احادیث کی روشنی میں کونسی سورتیں پڑھنی چاہیے؟ رہنمائی فرمادیں۔
جواب: ظہر اور عصر کے اوقات میں مخصوص سورتوں کی فضیلت سے متعلق کوئی روایت کافی تلاش کے باوجود نہیں ملی، البتہ قرآن کریم کی تلاوت ہر وقت باعث اجر و ثواب ہے،لہذا ان اوقات میں بھی جتنا ممکن ہو، قرآن کریم کی تلاوت کرنی چاہیے۔
حدیث شریف میں آتا ہے:حضرت عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: "جس نے کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھا اسے اس کے بدلے ایک نیکی ملے گی، اور ایک نیکی دس گنا بڑھا دی جائے گی، میں نہیں کہتا «الم» ایک حرف ہے، بلکہ «الف» ایک حرف ہے، «لام» ایک حرف ہے اور «میم» ایک حرف ہے"۔(سنن الترمذی، حدیث نمبر: 2910)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
سنن الترمذی: (رقم الحدیث: 2910)
حدثنا محمد بن بشار، حدثنا ابو بكر الحنفي، حدثنا الضحاك بن عثمان، عن ايوب بن موسى، قال: سمعت محمد بن كعب القرظي، قال: سمعت عبد الله بن مسعود، يقول: قال رسول الله صلى اللہ عليه وسلم: " من قرا حرفا من كتاب الله فله به حسنة، والحسنة بعشر امثالها، لا اقول الم حرف، ولكن الف حرف ولام حرف وميم حرف۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی