سوال:
میرے نادرا شناختی کارڈ پر میرا نام Usama Ameen درج ہے، جبکہ میرے پاسپورٹ پر Usama Amin لکھا ہوا ہے۔ اس فرق کی وجہ سے میں اپنے نادرا شناختی کارڈ پر نام کے ہجے تبدیل کرکے Usama Amin کروانا چاہتا ہوں۔ کیا یہ صحیح ہے؟
جواب: واضح رہے کہ عربی یا اردو ناموں کو انگریزی رسم الخط میں منتقل کرتے وقت دونوں طرح کے ہجے (Usama Ameen اور Usama Amin) مستعمل ہیں اور دونوں ہی سے مقصود نام اور تلفظ ادا ہو جاتا ہے، شرعاً ان میں سے کسی ایک کو متعین طور پر لازم یا دوسرے کو ممنوع قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ نام سے اصل مقصود انسان کی پہچان اور شناخت ہے۔
البتہ انتظامی اور قانونی اعتبار سے چونکہ قومی شناختی کارڈ (CNIC) بنیادی سند (Mother Document) کی حیثیت رکھتا ہے اور پاسپورٹ اسی کی بنیاد پر بنتا ہے، اس لیے اصولی اور بہتر طریقہ یہ ہے کہ پاسپورٹ کے ہجے کو شناختی کارڈ کے مطابق (Ameen) درست کروا لیا جائے تاکہ تمام سرکاری ریکارڈز میں یکسانیت رہے۔
تاہم اگر پاسپورٹ پر پہلے سے ویزا، غیر ملکی اقامت، تعلیمی اسناد یا دیگر قانونی دستاویزات موجود ہوں جن کی وجہ سے پاسپورٹ تبدیل کروانے میں حرج یا دشواری ہو تو نادرا شناختی کارڈ میں انگریزی املا کو پاسپورٹ کے مطابق تبدیل کروا کر "Usama Amin" لکھوانا شرعاً بالکل جائز ہے، اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل:*
*القرآن الکریم: (البقرة، الآية: 185)*
يُرِيدُ اللَّهُ بِكُمُ الْيُسْرَ وَلَا يُرِيدُ بِكُمُ الْعُسْرَ
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی