resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: دورانِ نماز سورۃ التین کی ایت "ثُمَّ رَدَدْنَاهُ أَسْفَلَ سَافِلِينَ" پڑھنے سے رہ جانے کا حکم

(68289-No)

سوال: امام صاحب نے فجر کی نماز پڑھائی، دوسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ تِین (وَالتِّيْنِ وَالزَّيْتُوْنِ) تلاوت کی، لیکن دورانِ تلاوت بھولے سے ایک آیت «ثُمَّ رَدَدْنَاهُ أَسْفَلَ سَافِلِينَ» چھوٹ گئی اور اس کے بعد والی آیات پڑھ کر رکعت مکمل کی۔ تشہد میں امام کو کچھ شک گزرا مگر یقین نہ ہونے کی وجہ سے سجدۂ سہو کیے بغیر سلام پھیر دیا۔ سلام کے بعد مقتدی کے یاد دلانے پر معلوم ہوا کہ واقعی وہ آیت رہ گئی تھی۔ دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا اس ایک آیت کے بھول جانے سے کوئی واجب ترک ہوا اور نماز مکروہِ تحریمی (واجب الاعادہ) ہو گئی؟ کیا اس صورت میں امام پر سجدۂ سہو واجب تھا؟
سوال سے متعلق مطلوب وضاحت:
محترم آپ کے سوال میں کچھ ابہام ہے، آپ اس بات کی وضاحت فرمائیں کہ امام صاحب نے سورۃ التین کی آیت نمبر 4 (لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِىٓ اَحْسَنِ تَقْوِيْمٍ) اور آیت نمبر 6 (اِلَّا الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوْا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ فَلَـهُـمْ اَجْرٌ غَيْـرُ مَمْنُـوْنٍ) کے درمیان وقف کیا تھا یا نہیں، یعنی آیت نمبر 4 کے بعد سانس توڑ دیا تھا اور اس کے بعد اگلی ایت پڑھی تھی یا ایک ہی سانس میں دونوں آیتیں پڑھ لی تھیں؟ اس وضاحت کے بعد آپ کے سوال کا جواب دیا جائے۔
سائل کی طرف سے وضاحت:
حضرت! چوتھی آیت کے بعد وقف کیاتھا۔

جواب: واضح رہے کہ نماز میں تلاوت کے دوران اگر کوئی آیت یا اس کا کچھ حصہ درمیان میں تلاوت کرنے سے رہ جائے تو دیکھا جائے گا کہ آیت چھوٹنے کی وجہ سے معنی اور مضمون میں تغیُّرِ فاحش (اس قدر بگاڑ کہ جس سے مقصودِ قرآن بدل جائے) ہوا ہے یا نہیں، اگر معنی میں اس قدر بگاڑ نہیں ہوا تو نماز درست ہو جائے گی۔
اور اگر آیت چھوٹنے کی وجہ سے معنی اس قدر بگڑ جائے کہ مقصودِ قرآن کے ہی خلاف ہو جائے تو پھر دیکھا جائے گا کہ غلط پڑھی گئی آیت اور اس سے پہلی والی آیت کے درمیان وقف کیا گیا تھا یا نہیں، اگر غلط پڑھی جانے والی آیت سے پہلے سانس توڑ دیا اور اس کے بعد غلط پڑھی جانی والی آیت الگ سے پڑھی گئی ہو تو اس صورت میں بھی نماز درست ہو جائے گی، لیکن اگر معنی میں شدید بکاڑ کی صورت میں غلط آیت پڑھنے سے پہلے وقف نہیں کیا گیا ہو تو اس صورت میں نماز فاسد ہو جاتی ہے۔
سوال میں پوچھی گئی صورت میں چونکہ امام نے سورۃ التین کی (غلط پڑھی جانے والی) آیت نمبر 6 سے پہلے سانس توڑ کر وقف کیا تھا، اس لیے اس غلطی سے نماز کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑا، مذکورہ فجر کی نماز درست ہوگئی ہے۔ مزید یہ کہ تلاوت کی اس غلطی کی وجہ سے نماز میں نہ کوئی واجب چھوٹا تھا اور نہ کسی واجب یا فرض میں تاخیر ہوئی تھی، اس لیے سجدہ سہو بھی واجب نہیں ہوا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

*فتاوی الھندیة: (80/1، ط: دار الفکر)*
(ومنها ذكر آية مكان آية) لو ذكر آية مكان آية ‌إن ‌وقف ‌وقفا ‌تاما ثم ابتدأ بآية أخرى أو ببعض آية لا تفسد كما لو قرأ {والعصر - إن الإنسان} [العصر: 1 - 2] ثم قال {إن الأبرار لفي نعيم} [الانفطار: 13] ، أو قرأ {والتين} [التين: 1] إلى قوله {وهذا البلد الأمين} [التين: 3] ووقف ثم قرأ {لقد خلقنا الإنسان في كبد} [البلد: 4] أو قرأ {إن الذين آمنوا وعملوا الصالحات} [البينة: 7] ووقف ثم قال {أولئك هم شر البرية} [البينة: 6] لا تفسد.

*وفیه ایضاً: (126/1، ط: دار الفکر)*
ولا يجب السجود إلا بترك واجب أو تأخيره أو تأخير ركن أو تقديمه أو تكراره أو تغيير واجب بأن يجهر فيما يخافت وفي الحقيقة وجوبه بشيء واحد وهو ترك الواجب، كذا في الكافي۔

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)