resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: موبائل فون پر نکاح کے لیے ایجاب و قبول اور اس کے بعد دی جانے والی طلاق کا حکم

(68310-No)

سوال: مفتی صاحب! میرا ایک شرعی مسئلہ ہے، رہنمائی فرما دیں۔ ہمارا نکاح فون پر مولوی اور گواہوں کی موجودگی میں ہوا تھا ، ستمبر 2025ء میں میں نے ہوش و حواس میں اپنی بیوی کو میسج پر واضح لفظوں میں طلاق دی: "میں تمہیں مکمل ہوش میں طلاق دیتا ہوں، آزاد ہو میری طرف سے اب"، اس کے ڈیڑھ دو ماہ بعد ہم نے بغیر نئے نکاح کے آپس میں رجوع کر کے بات چیت شروع کر دی تھی۔
دوسری مرتبہ پھر جھگڑے پر ہم دونوں نے باہمی رضامندی سے رشتہ ختم کرنے کی نیت کی اور میسج پر ایک دوسرے کو کہا کہ "آزاد ہو، میں نے اپنی قید سے چھوڑ دیا" (اس بار صریح لفظ "طلاق" استعمال نہیں کیا تھا لیکن نیت رشتہ ختم کرنے کی ہی تھی) اس کے بعد ہم نے کوئی نیا نکاح نہیں کیا اور صرف بات چیت کر کے دوبارہ ساتھ ہو گئے۔
سوال یہ ہے کہ:کیا پہلی صریح طلاق سے ایک طلاق واقع ہو چکی ہے؟کیا دوسری مرتبہ "آزاد کرنے" والے الفاظ اور نیت سے دوسری طلاق بھی واقع ہو گئی ہے؟ دوسری طلاق کے بعد بغیر نئے نکاح کے دوبارہ ساتھ رہنا شرعاً کیسا ہے؟ اس وقت ہمارا شرعی اسٹیٹس کیا ہے؟براہ کرم فقہ حنفی کی روشنی میں مختصر اور واضح جواب عنایت فرمائیں۔ شکریہ
سوال سے متعلق مطلوبہ وضاحت:
محترم نکاح کے متعلق وضاحت فرمائیں کہ نکاح کے وقت ایجاب و قبول کس طریقے سے ہوا تھا؟ کیا مجلسِ نکاح میں کسی ایک فریق یا دونوں کی طرف سے کسی شخص کو وکیل مقرر کیا تھا اور اس وکیل نے مجلسِ نکاح میں ایجاب و قبول کیا تھا، یا دونوں نے ایجاب و قبول آن لائن (ویڈیو کال وغیرہ) کیا تھا؟ نیز ہر صورت میں ایجاب و قبول کا طریقۂ کار اور گواہوں کی موجودگی کی وضاحت بھی فرمائیں۔ ان امور کی وضاحت کے بعد آپ کے سوال کا جواب دیا جاسکے گا۔ جزاک اللہ خیرا
سائل کی طرف سے وضاحت:
نکاح کے وقت لڑکا قطر میں تھا اور ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے جسمانی طور پر اس مجلس میں موجود نہیں ہو سکتا تھا جہاں مولوی صاحب اور گواہ بیٹھے تھے۔
یہ نکاح اس لیے مکمل طور پر خفیہ (Secret) رکھا گیا کیونکہ دونوں خاندانوں کے درمیان شدید دشمنی تھی اور اس بات کا صاف خطرہ تھا کہ اگر خاندان والوں کو اس کا علم ہو گیا تو ہماری جان کو نقصان پہنچایا جا سکتا ہے، اسی خوف اور مجبوری کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا گیا۔
یہ نکاح ویڈیو کال پر نہیں بلکہ صرف آڈیو فون کال پر ہوا تھا، مولوی صاحب اور دو گواہ ایک ہی جگہ (ایک مجلس) میں موجود تھے اور میں نے فون پر ان سب کی اور گواہوں کی موجودگی میں ایجاب و قبول کیا تھا۔ نکاح کے وقت موجود دونوں گواہوں اور مولوی صاحب نے ایک فارم یا ٹیمپلیٹ پر اپنے دستخط کیے تھے، لیکن یہ نکاح کسی آفیشل کورٹ یا سرکاری محکمے میں رجسٹر نہیں کروایا گیا تھا، بلکہ صرف دینی و شرعی بنیاد پر آپس میں طے کیا گیا۔

جواب: سوال میں مذکورہ تفصیلات اگر درست ہیں تو یہ نکاح اصلاً منعقد ہی نہیں ہوا ہے، کیونکہ نکاح کے صحیح ہونے کے لیے ضروری ہے کہ لڑکے اور لڑکی یا ان کے وکیل شرعی گواہوں (دو عاقل، بالغ مسلمان مرد یا ایک مرد اور دو عورتوں) کی موجودگی میں ایک ہی مجلس میں ایجاب و قبول کریں، جبکہ پوچھی گئی صورت میں لڑکے کی طرف سے باقاعدہ کسی وکیل نے مجلسِ نکاح میں ایجاب و قبول نہیں کیا ہے، بلکہ لڑکے نے فون پر ایجاب و قبول کیا ہے، لہٰذا یہ نکاح اور اس کے بعد دی جانے والی کسی طلاق کا اعتبار نہیں ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل:*

*الهداية: (185/1، ط: دار احياء التراث العربي)*
قال: "النكاح ينعقد بالإيجاب والقبول بلفظين يعبر بهما عن الماضي " لأن الصيغة وإن كانت للإخبار وضعا فقد جعلت للإنشاء شرعا دفعا للحاجة".

*فيه أيضاً: (185/1، ط: دار احياء التراث العربي)*
قال: " ولا ينعقد نكاح المسلمين إلا بحضور شاهدين حرين مسلمين بالغين عاقلين أو رجل أو وامرأتين.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce