resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: مسجد کے امام کی ذمہ داریوں میں مسلسل کوتاہی اور غیر حاضری کی صورت میں کمیٹی کے لیے مناسب اقدامات کرنے کا حکم

(69449-No)

سوال: ہمارے مسجد کے امام صاحب گزشتہ 7 سال سے ہمارے ساتھ ہیں، مسجد اور مدرسہ دونوں کے معاملات کی ذمہ داری ان کے سپرد ہے۔
گزشتہ 2 سے 3 سال سے امام صاحب کی گھریلو معاملات کی وجہ سے بہت زیادہ غیر حاضری رہنے لگی ہے، اس پر ہم نے ان کے ساتھ کئی مرتبہ میٹنگ کی، ان کے مالی معاملات میں تعاون بھی کیا اور ان کا قرض بھی معاف کروایا، صرف اللہ پاک کی رضا اور اپنے ماتحت کے ساتھ حسنِ سلوک کی غرض سے، تاکہ مسجد کے معاملات بہتر ہو جائیں۔ ان سے پابندی کی گزارشات بھی کیں اور قواعد و ضوابط تحریری طور پر پیش کیے تاکہ معاملات درست ہو جائیں۔ چھٹی کی اطلاع بھی نہیں دی جاتی تھی، کبھی دے بھی دیتے ہیں اور بعض مرتبہ 2 سے 3 دن بغیر اطلاع کے غائب رہنے کے معاملات پیش آئے، پھر کمیٹی نے 2 مرتبہ سارے معاملات اصلاحی نوٹس کی صورت میں بھی منصب کے ادب و احترام کے ساتھ پیش کیے، مگر معاملات بہتر نہ ہوئے۔
اس کے ساتھ ہی دو لوگوں کی طرف سے شکایت موصول ہوئی کہ ہم نے امام صاحب کے ساتھ کمیٹی (بی سی) ڈالی تھی، مگر 6 ماہ ہو گئے ہماری رقم نہیں دی گئی اور بار بار اگلے ماہ کا کہا گیا اور ساتھ ہی اپنے ہی شاگرد کو 11 لاکھ روپے کی دکان 5 سال بعد قبضے پر دلانے کا ٹھیکہ لیا، 2 لاکھ روپے ایڈوانس لیا گیا مگر کوئی دستاویزات نہیں دی گئیں، شاگرد ادب میں خاموش رہا اور اب بار بار مطالبہ کرنے پر بھی کوئی پرچی نہیں دی گئی۔
کمیٹی اس معاملے میں کیا کرے؟ کیونکہ یہ منصب کے ساتھ خیانت ہے اور اس طرح ایک امام کس طرح لوگوں کی اصلاح کرے گا جس کے ذاتی دنیاوی معاملات ہی درست نہیں، مسجد اور مدرسہ کی رونق ختم ہو رہی ہے۔ برائے مہربانی کوئی شرعی رہنمائی فرمائیں تاکہ مسجد اور مدرسہ کو نقصان نہ ہو۔

جواب: سوال میں ذکر کردہ تفصیلات اگر واقعتاً درست ہیں اور مذکورہ امام صاحب اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کمی کوتاہی سے کام لے رہے ہیں تو مسجد کے ماحول اور نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لیے مناسب ہے کہ انہیں مزید ایک موقع دیا جائے اور حکمت و نرمی کے ساتھ سمجھایا جائے کہ اگر آپ کے لیے یہ ذمہ داریاں ادا کرنا مشکل ہو رہا ہے اور اپنی دیگر مصروفیات کی وجہ سے آپ ان ذمہ داریوں کو صحیح طور پر ادا نہیں کر سکتے تو مسجد کے تقدس، نظم و نسق اور دینی و تعلیمی فوائد کو برقرار رکھنے کے لیے آپ ہی کوئی مناسب شرعی حل پیش کریں۔
امید ہے کہ اس طرح سمجھانے سے وہ اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کریں گے اور آئندہ کوتاہی سے اجتناب کریں گے۔
واضح رہے کہ مذکورہ جواب سوال میں ذکر کردہ تفصیلات کے مطابق ہے، اگر حقیقی صورتِ حال اس کے برعکس ہو تو اس جواب کو کالعدم سمجھا جائے گا، اس لیے زیادہ بہتر یہ ہے کہ فتویٰ پر عمل کرنے سے پہلے اس بارے میں امام صاحب کا بیان بھی ریکارڈ کرکے فتویٰ لیا جائے تاکہ فریقین کے درمیان انصاف سے کام لیا جاسکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل:*

*القرآن الكريم: (الحجرآت، الآية: 10)*
إِنَّمَا ٱلۡمُؤۡمِنُونَ إِخۡوَةࣱ فَأَصۡلِحُوا۟ بَیۡنَ أَخَوَیۡكُمۡۚ وَٱتَّقُوا۟ ٱللَّهَ لَعَلَّكُمۡ تُرۡحَمُونَ

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Rights & Etiquette of Mosques