سوال:
ہمارے علاقے میں یہ عرف ورواج ہے كہ كاشت كار اپنے رقبے میں كام كاج كرنے كے لیے پورے چھ مہینے یا سال كی مدت مقرر كر كے كچھ مزدور ركھتا ہے، جن كی مزدوری اس طرح طے كی جاتی ہے كہ ان كو اسی كاشت میں سے دسواں، نواں یا گیارہواں حصہ دیا جائے گا، برائے مہربانی شریعتِ مطہرہ كی روشنی میں رہنمائی فرما دیں كہ ان كو اسی كاشت میں سے مزدوری دینا درست ہے یا نہیں؟ نیز مزدور كو دیے جانے والے نویں، دسویں یا گیارہویں حصے كا عشر ادا كرنا كس كی ذمہ داری ہے؟
جواب: پوچھی گئی صورت میں اگر کاشت کار اپنی زمین میں کام کرنے کے لیے مزدور مقرر کرتا ہے اور ان کی اجرت اسی زمین میں ان کی محنت سے تیار ہونے والی فصل کا دسواں، نواں یا گیارہواں حصہ طے کرتا ہے تو یہ معاملہ شرعاً ناجائز ہے، کیونکہ شرعی اصول کے مطابق کسی شخص کو اس کے اپنے عمل سے وجود میں آنے والی چیز کو اجرت میں دینا (قفیز الطحان کے قبیل سے ہونے کی وجہ سے) جائز نہیں ہے۔
البتہ اس کے بجائے یہ صورت اختیار کی جاسکتی ہے کہ مزدوروں سے کہا جائے کہ آپ کو آپ کی مزدوری کے بدلے اتنی مقدار میں فصل دی جائے گی، یعنی اجرت کو اسی زمین سے نکلنے والی فصل کے ساتھ خاص نہ کیا جائے، بلکہ مطلق فصل کی بات کی جائے، پھر بعد میں چاہے اسی کاشت میں سے اجرت دی جائے یا کسی دوسری فصل سے، دونوں کی گنجائش ہوسکتی ہے۔
نیز مذکورہ صورت میں مزدور کو دیے جانے والے حصے کا عشر اس پر لازم نہیں ہوگا، بلکہ مالکِ زمین پر پوری کاشت کا عشر لازم ہوگا۔
واضح رہے کہ مذکورہ جواب اس صورت میں ہے جب مزدور اور زمین کے مالک کے درمیان مزدوری اور اجارہ کی بنیاد پر معاملہ کیا جاتا ہو۔ اگر معاملے کی نوعیت اس سے مختلف ہو تو اس کی مکمل تفصیل بھیج دی جائے، پھر اس کے مطابق جواب دیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:
الدر المختار مع رد المحتار: (باب الاجارۃ الفاسدۃ، 56/6، ط: دار الفکر)
(ولو) (دفع غزلاً لآخر لينسجه له بنصفه) أي بنصف الغزل (أو استأجر بغلاً ليحمل طعامه ببعضه أو ثوراً ليطحن بره ببعض دقيقه) فسدت في الكل، لأنه استأجره بجزء من عمله، والأصل في ذلك نهيه صلى الله عليه وسلم عن قفيز الطحان وقدمناه في بيع الوفاء. والحيلة أن يفرز الأجر أولاً أو يسمي قفيزاً بلا تعيين ثم يعطيه قفزا منه فيجوز.
(قوله: والحيلة أن يفرز الأجر أولاً) أي ويسلمه إلى الأجير، فلو خلطه بعد وطحن الكل ثم أفرز الأجرة ورد الباقي جاز، ولا يكون في معنى قفيز الطحان إذ لم يستأجره أن يطحن بجزء منه أو بقفيز منه كما في المنح عن جواهر الفتاوى. قال الرملي: وبه علم بالأولى جواز ما يفعل في ديارنا من أخذ الأجرة من الحنطة والدراهم معاً، ولا شك في جوازه اه. (قوله: بلا تعيين) أي من غير أن يشترط أنه من المحمول أو من المطحون فيجب في ذمة المستأجر، زيلعي.‘‘
*الفتاوی الھندیة: (کتاب الاجارۃ، 444/4، ط: دار الفکر)*
(الفصل الثالث في قفيز الطحان وما هو في معناه) صورة قفيز الطحان أن يستأجر الرجل من آخر ثورا ليطحن به الحنطة على أن يكون لصاحبها قفيز من دقيقها أو يستأجر إنسانا ليطحن له الحنطة بنصف دقيقها أو ثلثه أو ما أشبه ذلك فذلك فاسد والحيلة في ذلك لمن أراد الجواز أن يشترط صاحب الحنطة قفيزا من الدقيق الجيد ولم يقل من هذه الحنطة أو يشترط ربع هذه الحنطة من الدقيق الجيد لأن الدقيق إذا لم يكن مضافا إلى حنطة بعينها يجب في الذمة والأجر كما يجوز أن يكون مشارا إليه يجوز أن يكون دينا في الذمة ثم إذا جاز يجوز أن يعطيه ربع دقيق هذه الحنطة إن شاء. كذا في المحيط.
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی