سوال:
مفتی صاحب ! ہم نے سنا ہے کہ جمعہ کے دن اذان کے بعد خرید و فروخت کرنا مکروہ ہے، لیکن آج کل لاک ڈاؤن کی وجہ سے جمعہ کی نماز پر پابندی ہے اور جمعہ کے بجائے ظہر کی نماز پڑھ رہے ہیں، تو کیا اب بھی اذان کے بعد خرید و فروخت کرنا منع ہوگا یا کرنے کی گنجائش ہوگی؟
جواب: واضح رہے کہ جمعہ کے دن اذان کے بعد خرید و فروخت کے مکروہ ہونے کی علت سعی الی الجمعة اور استماع خطبہ (جمعہ کی نماز کے لیے جانا اور خطبہ سننے) میں خلل واقع ہونا ہے اور جن جگہوں میں جمعہ کی نماز نہیں ہوتی ہو، وہاں یہ علت نہیں پائی جاتی ہے، اس لیے ایسی جگہوں میں ظہر کی اذان کے بعد خرید و فروخت کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، لہذا صورت مسئولہ میں اگر کسی جگہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے جمعہ نہیں ہوتا ہے اور ظہر کی نماز ادا کی جاتی ہے تو وہاں جمعہ کے دن ظہر کی اذان کے بعد خرید و فروخت کرنا جائز ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرٓن الکریم: (الجمعة، الآیۃ: 9)
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا نُوْدِیَ لِلصَّلٰوةِ مِنْ یَّوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا اِلٰى ذِكْرِ اللّٰهِ وَ ذَرُوا الْبَیْعَؕ-ذٰلِكُمْ خَیْرٌ لَّكُمْ اِنْ كُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَo
درر الحكام شرح غرر الأحكام: (177/2، ط: دار إحياء الكتب العربية)
(وكره البيع عند الأذان الأول للجمعة) ؛ لأن فيه إخلالا بواجب السعي إذا قعدا أو وقفا يتبايعان، وأما إذا تبايعا وهما يمشيان فلا كراهة.
الدر المختار: (101/10، ط: دار الفكر)
"(وكره) تحريمًا منع الصحة (البيع عند الأذان الأول) إلا إذا يمشيان فلا بأس به؛ لتعليل النهي بالإخلال بالسعي، فإذا انتفى انتفى، وقد خص منه من لا جمعة عليه، ذكره المصنف". فقط والله أعلم.
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی