resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: گھر میں قبلہ سے 45 ڈگری پر ڈبلیو سی (wc) لگوانے کا شرعی حکم(8219-No)

سوال: مفتی صاحب ! ایک شخص مکان بنا رہا ہے اور اس کے بیت الخلاء میں WC قبلہ سے 45 ڈگری پر لگ رہی ہے، کیا یہ جائز ہے؟ اور اگر 45 ڈگری پر لگ گئی ہو تو شرعاً کیا حکم ہے؟ اگر اکھاڑنا ضروری ہو اور اس کو اکھڑنے میں ٹائلوں اور ماربل وغیرہ کا بہت نقصان ہو تو کیا کیا جائے؟

جواب: واضح رہے کہ احادیث مبارکہ میں قضائے حاجت کے دوران چہرہ یا پشت قبلہ کی جانب کرنے کی ممانعت آئی ہے، چنانچہ صحیح مسلم میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:" قضائے حاجت کے دوران اپنا چہرہ یا پشت قبلہ کی جانب مت کیا کرو " (صحيح مسلم: حدیث نمبر: 264)
اس حدیث کی روشنی میں معلوم ہوا کہ بیت الخلاء قبلہ رخ بنانا درست نہیں ہے، لہذا مذکورہ صورت میں سب سے پہلے تو کوشش کرکے بیت الخلاء کا رخ اس طور پر درست کرلیا جائے کہ قضائے حاجت کے وقت چہرہ یا پشت قبلہ کی جانب نہ ہو۔
نیز اس سلسلے میں اگر ڈبلیوسی ( wc) کے دونوں رخ خاص قبلے کی سمت ( direction ) سے دائیں یا بائیں جانب کم ازکم پینتالیس (45) ڈگری سے زیادہ پھیر لیے جائیں تو ایسا کرنا بھی صحیح ہے، نیز جب تک اس کی سمت درست نہ ہوجائے، اس وقت وقت تک بیت الخلاء استعمال کرنے والوں پر لازم ہے کہ قضائے حاجت کے وقت قبلہ والی جہت سے انحراف کرکے بیٹھیں (یعنی جتنا ہوسکے، رُخ موڑ کر بیٹھیں، تاکہ چہرہ یا پشت قبلہ کی طرف نہ ہو) اور بیت الخلاء سے نکل کر استغفار بھی کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحيح مسلم: (باب الاستطابة، رقم الحدیث: 264، دار احیاء التراث العربی)
عن أبي أيوب، أن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «إذا أتيتم الغائط فلا تستقبلوا القبلة، ولا تستدبروها ببول ولا غائط، ولكن شرقوا أو غربوا» قال أبو أيوب: " فقدمنا الشام فوجدنا مراحيض قد بنيت قبل القبلة، فننحرف عنها ونستغفر الله؟ قال: نعم"

الدر المختار: (341/1، ط: دار الفکر)
"(كما كره) تحريمًا (استقبال قبلة واستدبارها ل) أجل (بول أو غائط) فلو للاستنجاء لم يكره (ولو في بنيان) لإطلاق النهي (فإن جلس مستقبلًا لها) غافلا (ثم ذكره انحرف) ندبًا؛ لحديث الطبري: «من جلس يبول قبالة القبلة فذكرها فانحرف عنها إجلالًا لها لم يقم من مجلسه حتى يغفر له»، (إن أمكنه وإلا فلا) بأس"

کذا فی تبویب فتاوی دار العلوم کراتشی: رقم الفتویٰ: 62/1343

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

ghar mai qibla say 45 degree par WC lagwanay ka hukum

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Characters & Morals