عنوان: "میں بانٹنے والا ہوں، اور اللہ پاک دینے والا ہے" حدیث کی تشریح (8483-No)

سوال: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: میں تو بانٹنے والا اور خزانچی ہوں، اور دینے والا تو صرف اللہ پاک ہی ہے۔ (صحیح البخاري) اس حدیث کی تشریح فرمادیں۔

جواب: سوال میں مذکور حدیث کے الفاظ صحیح البخارى میں تین مقامات پر مختلف ابواب کے تحت مختلف مناسبتوں سے آئے ہیں، تاہم ان الفاظ کا مفہوم ایک ہى ہے، ذیل میں صحیح البخارى کى "کتاب العلم "میں جس حدیث میں یہ الفاظ وارد ہوئے ہیں، اس حدیث کا ترجمہ اور مختصر تشریح ذکر کى جاتى ہے۔
ترجمہ:
حضرت معاویہ بن سفیان رضی اللہ عنہ نے خطبہ دیتے ہوئے فرمایا کہ میں نے نبى صلى اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے: "جس کے ساتھ اللہ تعالى کو خیر (بھلائى) منظور ہو تى ہے، اس کو اللہ تعالى دین کا فہم عطا فرماتے ہیں اور میں صرف بانٹنے والا ہوں، دینے والے اللہ تعالى ہیں اور اس امت کى ایک جماعت برابر دینِ حق پر قائم رہے گى، مخالفین ان کو کچھ ضرر نہیں پہنچا سکیں گے، یہاں تک کہ اللہ تعالى کا حکم آجائے".
تشریح:
جو عالم دین بنتا ہے وہ اللہ کى عنایت سے بنتا ہے، اپنى محنت سے کوئى کچھ حاصل نہیں کرسکتا، جو بات (حدیث کے) پہلے جملے سے اشارۃ مفہوم ہوتى ہے وہى بات دوسرے جملے میں صراحۃ ہے کہ میں صرف بانٹنے والا ہوں، دینے والے اللہ تعالى ہیں، اگر استاذ کے بس میں ہوتا ہو وہ تمام تلامذہ کو علم گھونٹ کر پلا دیتا، مگر استاذ کے بس میں کچھ نہیں، استاذ صرف پڑھاتاہے، پھر کس کو علم کتنا ملے گا، یہ اللہ کى مشیت پر موقوف ہے، لہذا اللہ تعالى سے لو لگاؤ، اس سے مانگو، اس دربار سے کوئى خالى ہاتھ نہیں آتا۔
(ماخوذ باختصار از تحفۃ القارى شرح صحیح البخارى: جلد 1 ص 342، ط: زمزم پبلشرز ، کراچى)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحيح البخاري: (باب من يرد الله به خيرا يفقهه في الدين، رقم الحدیث: 7312، 101/9، ط: دار طوق النجاة)

حدثنا إسماعيل، حدثنا ابن وهب، عن يونس، عن ابن شهاب، أخبرني حميد، قال: سمعت معاوية بن أبي سفيان يخطب قال: سمعت النبي صلى الله عليه وسلم يقول: "من يرد الله به خيرا يفقهه في الدين، وإنما أنا قاسم ويعطي الله، ولن يزال أمر هذه الأمة مستقيما حتى تقوم الساعة، أو: حتى يأتي أمر الله".

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
دارالإفتاء الاخلاص،کراچی


Print Full Screen Views: 1970 Sep 26, 2021

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Interpretation and research of Ahadees

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.