عنوان: "عمدۃ الفقہ" کتاب کا پڑھنا کیسا ہے؟(8687-No)

سوال: مفتی صاحب ! میں عمدۃ الفقہ کے بارے میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا یہ کتاب مستند ہے؟ کیونکہ میں اسے پڑھنا چاہتا ہوں، کتاب کے مصنف کا نام حضرت مولانا سید زوار حسین شاہ صاحب ہیں، میرے تردد کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ صفہ 8 کے آخر میں لکھا ہے کہ بعض مسائل بہار شریعت سے بھی لیے گیے ہیں، لیکن بہار شریعت رضا خانیوں کے کسی عالم کی تصنیف ہے اور میں حنفی دیوبندی مسلک کا ہوں، نیز مولانا زوار حسین شاہ صاحب کے بارے میں بتائیں کہ کیا وہ مستند عالم ہیں اور کیا میں ان کی دیگر تصانیف بھی پڑھ سکتا ہوں؟

جواب:
"عمدۃ الفقہ" چار ضخیم جلدوں پر مشتمل شہرہ آفاق کتاب ہے، جس میں صرف اسلام کے پانچ ارکان سے متعلق مسائل کو اردوزبان میں بہترین انداز اور آسان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے، گویا فقہ حنفی سیکھنے کے لیے ایک بہترین کتاب ہے، اس کتاب کے مؤلف مولانا سید زوار حسین شاہ سلسلہ نقشبندیہ کے معروف عالم دین اور فقہ حنفی کے متبحر دیوبندی عالم تھے، انھوں اس کتاب میں فقہ حنفی کی معتبر کتابوں سے مسائل اخذ کیے اور بہار شریعت بھی چونکہ اردو زبان میں فقہ حنفی کے مسائل ہی پر مشتمل کتاب ہے، اس لیے فاضل مؤلف نے اس کتاب سے بھی مسائل بطور فقہ حنفی کی تائید کے لیے لیے ہیں، اگرچہ اس کے مؤلف مولانا محمد امجد علی صاحب بریلوی مسلک سے تعلق رکھتے ہیں۔
فاضل مؤلف نے عربی زبان میں بھی عمدۃ الفقہ لکھی ہے، جس کی تعریف محدث العصر حضرت مولانا محمد یوسف بنوری صاحب نے کی ہے، لیکن تاحال مکمل شائع نہیں ہوئی۔
فاضل مؤلف نےعمدۃ الفقہ کا خلاصہ بھی خود ہی لکھا ہے، جس کی ابتدائی تین جلدوں کا خلاصہ کر بھی چکے تھے، چوتھی جلد کتاب الحج کا خلاصہ کرنے سے پہلے وہ دنیا سے تشریف لے گئے، یہ خلاصہ زبدۃالفقہ کے نام سے معروف ہے اور مختلف نصابوں میں شامل اور عوام و خواص میں مقبول ہے، اس کے کئی زبانوں میں ترجمے ہوچکے ہیں، سندھی اور پشتو میں زبدۃالفقہ کے ابتدائی دو حصوں کا ترجمہ عرصہ ہوا ہو چکا ہے، اسی طرح ابتدائی دو حصوں کا ترجمہ گجراتی میں بھی ہو چکا ہے۔
لہذا عمدۃ الفقہ ایک معتبر عالم دین کی کتاب ہے، اس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی


Print Full Screen Views: 1742 Oct 30, 2021

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Miscellaneous

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.