عنوان: ماتحت افراد کو نماز کی تلقین کیسے کریں؟(8804-No)

سوال: السلام علیکم، میرے گودام میں کچھ مزدور کام کرتے ہیں، ان میں دو مزدور ماہانہ اور تین مزدور دیہاڑی دار ہیں، کوئی بھی مزدور نماز نہیں پڑھتا، میں نے کئی بار تاکید کی، مگر فرق نہیں پڑتا۔ کیا ان کا نماز نہ پڑھنے کا گناہ مجھ پر بھی ہوگا یا میرے کہنے کے بعد میری ذمہ داری ختم ہوگئی ہے؟

جواب: قرآن شریف میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :‌ (مسلمانو!) تم وہ بہترین امت ہو جو لوگوں کے فائدے کے لئے وجود میں لائی گئی ہے۔ تم نیکی کی تلقین کرتے ہو، برائی سے روکتے ہو، اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو۔(سورہ آل عمران، آیت نمبر:110)
گویا اچھا امتی وہی ہے، جو اپنی اصلاح کے ساتھ ساتھ دوسروں کی اصلاح کی فکر بھی کرتا رہے، البتہ اس سلسلے میں طریقہ کار درست ہونا چاہیے، حکمت اور خوش اسلوبی کے ساتھ موقع دیکھ کر اچھے انداز میں نصیحت کرنی چاہیے۔
قرآن شریف میں ہے: اپنےرب كے راستے كی طرف لوگوں کو حکمت کے ساتھ اور خوش اسلوبی سے نصیحت کرکے دعوت دیتے رہو۔(سورۃالنحل، آیت نمبر:125)
ان آیات مبارکہ کو مد نظر رکھتے ہوئے سوال کا جواب یہ ہے کہ مناسب انداز میں دعوت دیتے رہنا آپ کی ذمہ داری ہے، وقتاً فوقتاً حکمت کے ساتھ خیر خواہانہ انداز میں انہیں نماز کی تلقین کرتے رہیں، دعا بھی کرتے رہیں، اس سے ان شاء اللہ آپ کی شرعی ذمہ داری بھی ادا ہوتی رہےگی اور ان کے نماز نہ پڑھنے کی وجہ سے آپ گناہ گار بھی نہ ہوں گے اور بعید نہیں کہ آپ کے خلوص کی برکت سے انہیں بھی نماز کی توفیق ہوجائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الكريم: (آل عمران، الایة: 110]
كُنْتُمْ خَيْرَ أُمَّةٍ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ وَتُؤْمِنُونَ بِاللَّهِ۔۔۔۔الخ

القرآن الكريم: (النحل، الایة: 125)
ادْعُ إِلَى سَبِيلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ۔۔۔۔الخ

صحيح مسلم: (رقم الحدیث: 78)
عن طارق بن شهاب قال: أول من بدأ بالخطبة يوم العيد قبل الصلاة مروان. فقام إليه رجل، فقال: الصلاة قبل الخطبة، فقال: قد ترك ما هنالك، فقال أبو سعيد: أما هذا فقد قضى ما عليه سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: «من رأى منكم منكرا فليغيره بيده، فإن لم يستطع فبلسانه، فإن لم يستطع فبقلبه، وذلك أضعف الإيمان»

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 745 Nov 20, 2021
matehet afrad ko namaz ki talqeen kese kare / karen?

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.