سوال:
السلام علیکم، مفتی صاحب! ایک آنلائن ویب ngr soler investment کے نام سے ہے، ان کا کہنا ہے کہ آپ اس میں investment کریں، اس کا profit آپ کو ملے گا۔ ماہانہ 2000 پر 1208 روپے، اور 20000 پر 11350 روپے ملیں گے، اس طرح آپ amount invest کرتے جائیں گے، اور آپ کا profit بڑھتا رہے گا، ان کا کہنا ہے کہ ہم یہ پیسے soler plet میں استعمال کرتے ہیں، اسی سے ہمیں یہ profit دیتے ہیں۔ براہ کرم رہنمائی فرمادیں۔
جواب: واضح رہے کہ کسی بھی کمپنی کے محض ایک دو معاملات (Transactions) کو دیکھ کر اس کے مکمل کاروبار کے جائز یا ناجائز ہونے کا حکم نہیں لگایا جاسکتا، جب تک اس کمپنی کی مکمل تفصیلات مثلاََ: کاروبار کی نوعیت، مکمل کاروبار کا عملی طریقہ کار٬ کمپنی کی قانونی حیثیت اور اس کے تمام پراجیکٹس کی مکمل تفصیلات سامنے نہ ہوں، اس وقت تک کمپنی سے متعلق کوئی شرعی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔
لہذا بہتر یہ ہے کہ آپ اس سلسلے میں متعلقہ کمپنی سے رابطہ کرکے ان سے معلومات لے لیں کہ اگر وہ شرعی اصولوں کے مطابق مستند علماء کرام کے زیر نگرانی کام کر رہے ہوں٬ تو پھر اس کمپنی کے ساتھ سرمایہ کاری (Investment) کی جاسکتی ہے٬ لیکن اگر ان کے پاس شرعی نگرانی کا نظام نہیں ہے٬ تو پھر ان کے کاروبار کی مکمل تفصیلات اور عملی طریقہ کار لکھ کر جامعہ دارالعلوم کراچی یا کسی قریبی مستند دارالافتاء سے باقاعدہ تحریری فتوی کے ذریعے شرعی حکم معلوم کرکے اس کے مطابق عمل کریں۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی