سوال:
ہمارے نبی حضور اکرم ﷺ کی ازواج مطہرات اور اولاد کے نام بتادیں۔
جواب: رسول اکرم ﷺنے کل گیارہ ازواج مطہرات سے نکاح کیا، جن کے اسماء گرامی درج ذیل ہیں:
۱) ام المؤمنین حضرت خدیجہ بنت خویلد رضی اللہ عنہا (۲) ام المؤمنین حضرت سودہ بنت زمعہ رضی اللہ عنہا (۳) ام المؤمنین حضرت عائشہ بنت ابی بکر الصدیق رضی اللہ عنہا (۴) ام المؤمنین حضرت حفصہ بنت عمر الفاروق رضی اللہ عنہا (۵) ام المؤمنین حضرت زینب بنت خزیمہ رضی اللہ عنہا (۶)ام المؤمنین حضرت ام سلمہ بنت ابی امیہ رضی اللہ عنہا (۷) ام المؤمنین حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا (۸) ام المؤمنین حضرت جویریہ بنت حارث بن ضرار رضی اللہ عنہا (۹) ام المؤمنین حضرت ام حبیبہ بنت ابی سفیان رضی اللہ عنہا (۱۰) ام المؤمنین حضرت صفیہ بنت حیی بن اخطب رضی اللہ عنہا (۱۱) ام المؤمنین حضرت میمونہ بنت حارث رضی اللہ عنہا۔
آپ ﷺ کی چار کنیزیں بھی تھیں، جن میں حضرت ماریہ قبطیہ، حضرت ریحانہ بنت شمعون اور حضرت نفیسہ رضوان اللہ علیہن کے نام معلوم ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور کنیز تھیں جن کا نام معلوم نہیں ہے۔
صاحب زادے:
رسول اللہ ﷺ کے تین صاحب زادے تھے، جن کے اسماء گرامی درج ذیل ہیں:
(۱) حضرت قاسم رضی اللہ عنہ(۲) حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ (جن کو طیب اور طاہر کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے)(۳) حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ۔
صاحب زادیاں:
آپ ﷺ کی چار صاحب زادیاں تھیں، جن کے اسماء گرامی درج ذیل ہیں:
(۱) حضرت زینب رضی اللہ عنہا(۲) حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا(۳) حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا(۴) حضرت فاطمہ الزہراء رضی اللہ عنہا۔
حضرت ابراہیم کے علاوہ تمام اولاد حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے بطن سے ہیں، اس کے علاوہ کسی زوجہ مطہرہ سے آپ ﷺ کی کوئی اولاد نہیں ہے،جبکہ حضرت ابراہیم آپ ﷺ کی کنیز حضرت ماریہ قبطیہ کے بطن سے ہیں۔
(مستفاد از سیرت المصطفی لادریس کاندھلوي: 273/3- 342، ط: کتب خانه مظھري)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
سیرت المصطفی لادریس کاندھلوي: (273/3- 342، ط: کتب خانه مظھري)
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی