عنوان: کیا سونا چاندی کی زکوٰۃ میں سے سنار کی کٹوتی منہا ہوگی، جب اسے سونا فروخت کیا جائے؟ (9615-No)

سوال: السلام علیکم، مفتی صاحب! ایک عورت کے پاس کئی سالوں سے رسید کے مطابق اگر 5 تولہ 8 ماشہ 3 رتی سونا ہو، جب سنار نے چیک کیا تو بتایا کہ کہ سونا کے اندر 3 رتی کمی آئی ہے، لھذا سونا 5 تولہ 8 ماشہ ہے، کچھ نقدی بھی ہے، اب یہی سونا اگر میں سنار پر فروخت کرنا چاہوں، تو وہ اسکے اندر تقریبا ایک تولہ سونا کٹوتی کرواتا ہے اور وہ 5 تولہ 8 ماشہ کی بجائے 4 تولہ 8 ماشہ کی قیمت دیتا ہے، اب سوال یہ ہے کہ اگر یہ سونا میں اپنے پاس رکھوں، تو مجھے 5 تولہ 8 ماشہ پر زکوۃ ادا کرنا ہوگی یا 4 تولہ 8 ماشہ پر زکوۃ ادا کرنا ہوگی؟
نوٹ: سونا فروخت کرنے کا ارادہ نہیں ہے، بلکہ سونا اپنے پاس رکھنا چاہتا ہوں، یاد رہے کہ بعض سنار فی تولہ کے حساب سے 2 ماشہ اور بعض سنار اس سے کم یا زیادہ کی کٹوتی کرتے ہیں۔

جواب: واضح رہے کہ سونا اور چاندی کا وزن معلوم کرنے کے لیے جب کسی معتبر سنار کو سونا یا چاندی دکھایا جاتا ہے اور وہ سنار اس میں سے کھوٹ، موتی اور ڈھلائی کی قیمت کو الگ کر کے خالص سونے اور چاندی کی جو مقدار بتاتا ہے، وہی مقدار زکوٰۃ ادا کرتے وقت مد نظر رکھی جاتی ہے، لہذا صورت مسئولہ میں سنار نے آپ کے زیور میں سونے کی جو خالص مقدار (5 تولہ 8 ماشہ ) بتائی ہے،زکوٰۃ ادا کرتے ہوئے اسی مقدار کو مد نظر رکھا جائے گا۔
چونکہ صرف 5 تولہ 8 ماشہ سے سونے کے اعتبار سے زکوۃ کا نصاب ( 7.5 تولہ یعنی 87.5 گرام سونا) پورا نہیں ہے، تاہم آپ کے بیان کے مطابق آپ کے پاس نقدی بھى موجود ہے ، لہذا اس نقدى کو سونے کے ساتھ ملا کر اگر چاندی کے نصاب (52.5 تولہ یعنی 612 گرام چاندی) کے برابر قیمت پہنچ جاتی ہے، تو اس کل مالیت کا ڈھائی فیصد حصہ بطورِ زکوۃ ادا کیا جائے گا۔
نیز سنار نے آپ کے زیور میں موجود خالص سونے کى جتنى مقدار بتائى ہے، اس مقدار میں اگر اضافہ نہیں ہوتا ہے، تو ہر سال زکوۃ ادا کرتے وقت اسى مقدار کو مد نظر رکھا جائے گا، لہذا اس مقدار کو اپنے پاس محفوظ کر لیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الدر المختار مع رد المحتار: (227/3، ط: زکریا)
"والمعتبر وزنہما أداء ووجوباً
یعني یعتبر أن یکون المؤدي قدر الواجب وزنا عند الإمام والثاني".

البحر الرائق: (395/2، ط: زکریا)

تبیین الحقائق: (74/2، ط: زکریا)

الدر المختار مع رد المحتار: (276/2، ط: سعید)
"وتعتبر القیمۃ یوم الوجوب، وقالا: یوم الأداء .… ویقوم في البلد الذي المال فیہ ولو في مفازۃ، ففي أقرب الأمصار إلیہ".
"إن المعتبر عندہ فیہا یوم الوجوب، وقیل یوم الأداء، وفي المحیط یوم الأداء بالإجماع وہو الأصح فہو تصحیح للقول الثاني الموافق لقولہما، وعلیہ فاعتبار یوم الأداء یکون متفقا علیہ عندہ وعندہما".

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 884 Jun 20, 2022
kia sona / gold chandi ki zakat me / mein se / say sunar ki katoti minha hogi, jab usey sona / gold farokht kia jai?

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Zakat-o-Sadqat

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.