عنوان: جنت میں دنیا کی یادیں(969-No)

سوال: حضرت! میرا سوال یہ ہے کہ کیا جنت میں انسان دنیا کے ماضی کے خیالات رکھے گا، مطلب جیسے ہم اپنا بچپن یاد کرتے ہیں؟

جواب: جنت میں دنیا کی یاد سے متعلق قرآن مجید اور احادیث مبارکہ سے درج ذیل باتوں کاثبوت ملتا ہے۔
۱) جنت میں جنتی آپس میں جب مل بیٹھیں گے تو دنیا کے حالات کا تذکرہ کریں گے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے: ترجمہ:"اور وہ ایک دوسرے کی طرف متوجہ ہو کر حالات پوچھیں گے۔ کہیں گے کہ: ہم پہلےجب اپنے گھر والوں (یعنی دنیا) میں تھے تو ڈرے سہمے رہتے تھے۔ آخر اللہ نے ہم پر بڑا احسان فرمایا، اور ہمیں جھلسانے والی ہوا کے عذاب سے بچالیا۔ ہم اس سے پہلے اس سے دعائیں مانگا کرتے تھے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہی ہے جو بڑا محسن، بہت مہربان ہے"۔  (سورہ طور ، آیت نمبر: 25_28)
(۲) جنتی دنیا کی تکالیف کو یاد کرکے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں گے۔قرآن مجید میں ارشاد ہے: ترجمہ: "اور وہ کہیں گے کہ: تمام تر تعریف اللہ کی ہے جس نے ہم سے ہر غم دور کردیا۔ بیشک ہمارا پروردگار بہت بخشنے والا، بڑا قدردان ہے"۔(سورہ فاطر،آیت نمبر:34)

(۳) جنتی جنت کے میوے اور پھل دیکھ کر دنیا کے پھلوں کا ذکر کریں گے۔قرآن مجید میں ارشاد ہے: ترجمہ:" جب کبھی ان کو ان (باغات) میں سے کوئی پھل رزق کے طور پر دیا جائے گا تو وہ کہیں گے "یہ تو وہی ہے جو ہمیں پہلے بھی دیا گیا تھا" اور انہیں وہ رزق ایسا ہی دیا جائے گا جو دیکھنے میں ملتا جلتا ہوگا"۔ (سورہ بقرہ، آیت نمبر:25)
(۴) حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک دن نبی کریم ﷺ کے پاس ایک دیہاتی بیٹھا تھا اور آپ یہ بیان فرمارہے تھے: ’’اہل جنت میں سے ایک شخص اپنے رب سے کاشتکاری کی اجازت طلب کرے گا تواللہ تعالیٰ اسے فرمائے گا: کیا تو موجودہ حالت پر خوش نہیں ہے؟وہ کہے گا: کیوں نہیں (خوش ہوں) لیکن مجھے کھیتی باڑی سے محبت ہے۔ آپ نے فرمایا: وہ بیج کاشت کرے گا تو پل جھپکنے میں وہ اگ آئے گا، فوراً سیدھا ہوجائے گا اور کاٹنے کے قابل ہوجائے گا، دیکھتے ہی دیکھتے پہاڑ کی طرح انبار لگ جائے گا، اللہ تعالیٰ فرمائے گا: "اے آدم کے بیٹے!یہ لے لے، تجھے کوئی چیز سیر نہیں کرسکتی۔‘‘ یہ سن کر دیہاتی کہنے لگا: اللہ کی قسم!وہ شخص قریشی یا انصاری ہوگا، کیونکہ یہی لوگ کھیتی باڑی کرنے والے ہیں، ہم تو کھیتی باڑی والے لوگ نہیں، یہ سن کرنبی کریم ﷺ ہنس پڑے۔(صحیح بخاری ، حدیث نمبر:2348)
اس حدیث کی تشریح میں علامہ ابن حجر عسقلانی ؒ لکھتے ہیں کہ جنتی دنیا کے امور میں سے جس چیز کی خواہش کریں گے، وہ سب ممکن ہوگا۔( فتح الباری:150/6)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (طور، الایة: 25، 28)
فَأَقْبَلَ بَعْضُهُمْ عَلَى بَعْضٍ يَتَسَاءَلُونَo قَالُوا إِنَّا كُنَّا قَبْلُ فِي أَهْلِنَا مُشْفِقِينَo فَمَنَّ اللَّهُ عَلَيْنَا وَوَقَانَا عَذَابَ السَّمُومِo كُنَّا مِنْ قَبْلُ نَدْعُوهُ إِنَّهُ هُوَ الْبَرُّ الرَّحِيمُo

و قوله تعالی: (فاطر، الایة: 34)
وَقَالُوا الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَذْهَبَ عَنَّا الْحَزَنَ إِنَّ رَبَّنَا لَغَفُورٌ شَكُورٌ o

و قوله تعالی: (البقرة، الایة: 25)
كُلَّمَا رُزِقُوا مِنْهَا مِنْ ثَمَرَةٍ رِزْقًا قَالُوا هَذَا الَّذِي رُزِقْنَا مِنْ قَبْلُ وَأُتُوا بِهِ مُتَشَابِهًا ... الخ

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 756 Mar 02, 2019
jannat mai dunya ki yaadai, Memories of the world in heaven

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Beliefs

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.