سوال:
ایک شخص اسلام قبول کرنا چاہتا ہے، براہ کرم مسلمان ہونے کا پورا طریقہ بتادیں۔
جواب: اگر کوئی شخص دل سے اللہ تعالیٰ کی توحید کا قائل ہوجائے اور حضرت محمد ﷺ کو اللہ کا سچا اور آخری رسول مان لے اور زبان سے بھی اس کا اقرار کر لے تو وہ شخص شرعا مسلمان شمار ہوگا۔ زبان سے اقرار کرنے کے لیے کلمہ طیبہ (لا اله الا الله محمد رسول الله)یا کلمہ شہادت (اشھد ان لا اله الا الله وحده لا شریک له واشھد ان محمد ا عبدہ ورسوله) پڑھ لے۔
اس کے ساتھ ساتھ جس سابقہ دین کو چھوڑ کر وہ اسلام میں داخل ہوا ہے، اس دین اور اس کے تمام کفریہ عقائد سے براءت کا اظہار بھی کرے، مثلاً: اگر کوئی عیسائی مذہب سے تعلق رکھتا تھا تو وہ عیسائیت سے اپنی لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اقرار کرے کہ حضرت عیسی علیہ السلام زندہ آسمانوں کی طرف اٹھالیے گئے ہیں اور قرب قیامت میں ان کو آسمانوں سے زندہ اتارا جائے گا، اسی طرح تثلیث وغیرہ کے عقیدے سے بھی براءت کا اظہار کرے، پھر اگر وہ جنبی ہے تو اس پر غسل واجب ہے اور اگر جنبی نہیں ہے تب بھی مستحب یہ ہے کہ وہ غسل کرلے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الدر المختار: (227/4، ط: سعید)
فیکتفي فی الاولین بقول لا اله الا اللہ، و فی الثالث بقول محمد رسول اللہ، و فی الاربع باحدھما، وفی الخامس بهما مع التبري عن کل دین یخالف الاسلام۔
و فیه ایضاً: (167/1، ط: سعید)
کما یجب علی من اسلم جنباً، او حایضاً، او نفساء ولو بعد الانقطاع، علی الاصح۔۔۔۔۔۔و الا بان اسلم طاھراً او بلغ بالسن، فمندوب۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی