عنوان: جائے نماز پر نام لکھوانا(14553-No)

سوال: السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته!
آج کل ایک نئی رسم اور مزاج دیکھنے میں آرہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بہت سے دکاندار ایک برقی آلہ سے جائے نماز پر نام لکھتے ہیں اور زائرین بھی اب تو بڑے شوق اور رغبت سے نام لکھواتے نظر آتے ہیں، اس بارے میں اگر کوئی تحریر یا تبصرہ مل جائے تو بڑی نوازش ہوگی!
تنقیح:
وعلیکم السلام! اس کے جائز یا ناجائز ہونے میں بظاہر آپ کو کیا اشکال ہورہا ہے؟ اس کی وضاحت فرمائیں تاکہ جواب دینے میں آسانی ہوسکے۔
جزاک اللہ خیرا
جواب تنقیح:
نفس کتابت کے یا نقوش کے جواز پر کوئی اشکال نہیں، کیونکہ یہ تو عموما ہوتا ہے اور اس کا مقصد کسی قسم کی ریا کاری یا نام و نمود نہیں ہوتا، جیسا کہ جائے نماز بنانے والے اپنی کمپنی یا کارخانہ کا نام لکھتے ہیں یا جائے نماز پر مختلف قسم کی زیبائش کا کام ہوتا ہے، لیکن ایک سادہ سی جائے نماز پر صرف اپنا نام خاص رسم الخط میں لکھنا لکھوانا اور پھر اس پر مزید تصاویر اور ویڈیوز بنانا اور شائع کرنا کچھ ایسا عمل ہے، جس کا چلن پہلے نہ تھا، جبکہ سادہ جائے نماز تو پہلے بھی موجود تھے اور پسندیدہ بھی وہی ہے کہ توجہ بھی نماز پر مرکوز رہے، بعض نئے طرز کے مباح افعال و حرکات ابتدا میں تو قدرے ہلکے محسوس ہوتے ہیں، لیکن پھر ایسی سنگینی اختیار کر جاتے ہیں کہ کسی فتنہ کی سی شکل میں نظر آتے ہیں، ناقص رائے کے مطابق بہر حال کسی صورت اس فعل میں مزاج شرعی سے خاصی اجنبیت محسوس ہوتی ہے۔

جواب: واضح رہے کہ جائے نمازوں کا سادہ ہونا چاہیے، تاکہ نماز کے دوران خشوع و خضوع میں خلل واقع نہ ہو، اس وجہ سے جائے نمازوں پر نقش ونگار کرنا، اپنا یا کسى عزیز کا نام لکھوانا، خواہ اس میں نام ونمود کى نیت ہو یا نہ ہو، چونکہ اس سے نماز کا خشوع وخضوع متاثر ہوتا ہے، اس لیے شرعاً پسندیدہ نہیں ہے، نيز بعض اوقات نام کے الفاظ کے اوپر پاؤں پڑجاتا ہے، جو کہ الفاظ اور حروف کى بے احترامى کے زمرے میں آتا ہے، لہذا جائے نماز پر نقش و نگار اور نام لکھوانے سے اجتناب کرنا چاہیے، البتہ ایسى جائے نماز پر پڑھى گئى نماز ادا ہو جاتى ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

رد المحتار: (كتاب الحظر والإباحة، فصل في النظر و المس، 364/6، ط: دار الفكر- بيروت)
"وفي الخانية: ‌بساط ‌أو ‌مصلى ‌كتب ‌عليه ‌في ‌النسج ‌الملك ‌لله ‌يكره ‌استعماله ‌وبسطه، والقعود عليه، ولو قطع الحرف من الحرف أو خيط على بعض الحروف: حتى لم تبق الكلمة متصلة لا تزول الكراهة لأن للحروف المفردة حرمة وكذا لو كان عليها الملك أو الألف وحدها أو اللام اه ".

والله تعالى أعلم بالصواب
دار الإفتاءالإخلاص،کراچى

Print Full Screen Views: 199 Jan 10, 2024
jaye namaz par naam likhwana

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.