عنوان: نماز کی شرائط، فرائض اور واجبات(14565-No)

سوال: مفتی صاحب! نماز کے فرائض اور واجبات بتادیں۔

جواب: (1) واضح رہے کہ نماز شروع کرنے سے پہلے سات شرائط کا اہتمام کرنا ضروری ہے، اس کے بغیر نماز نہیں ہوگی، ان کو نماز کی شرائط اور خارجی فرائض بھی کہا جاتا ہے۔ ایسی شرائط سات ہیں:
(1) بدن کا پاک ہونا (2) کپڑے کا پاک ہونا (3) جگہ کا پاک ہونا (4) ستر ڈھانکنا (5) قبلہ رخ ہونا (6) وقت ہونا (7) نیت کرنا۔
نماز میں چھ چیزیں فرض ہیں: (1) نیت باندھتے وقت تکبیر تحریمہ یعنی اللہ اکبر کہنا (2) قیام کرنا (3) قراءت کرنا (4) رکوع کرنا (5) سجدہ کرنا (6) قعدہ اخیرہ میں تشھد کے بقدر بیٹھنا۔
(2) نماز میں چودہ چیزیں واجب ہیں:
(1) فرض نماز میں قراءت کے لیے پہلی دو رکعتوں کو متعین کرنا (2) فرض نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت کے علاوہ ہر نماز کی ہر رکعت میں سورہ فاتحہ پڑھنا (3) فرض نماز کی آخری دو رکعتوں کے علاوہ باقی تمام نمازوں کی ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک سورت یا کم از کم تین چھوٹی آیات یا اس مقدار کے برابر ایک بڑی آیت پڑھنا (4) سورہ فاتحہ کو سورت سے پہلے پڑھنا (5) قومہ یعنی رکوع کے بعد سیدھا کھڑا ہونا (6) جلسہ یعنی دو سجدوں کے درمیان بیٹھنا (7) تعدیلِ ارکان یعنی رکوع، سجدہ، قومہ اور جلسہ اطمینان سے ادا کرنا (8) تین اور چار رکعتوں والی نماز میں قعدہ اولیٰ کرنا (9) قعدہ اولیٰ اور قعدہ اخیرہ دونوں میں تشہد پڑھنا (10) قیام، قراءت، رکوع اور سجدے میں ترتیب کا لحاظ رکھنا (11) امام کا فجر کی دونوں رکعتوں، مغرب اور عشاء کی پہلی دونوں رکعتوں، جمعہ، عیدین، تراویح کی تمام رکعتوں اور رمضان کے وتر میں بلند آواز سے قراءت کرنا اور سری نمازوں (ظہر اور عصر) میں آہستہ قراءت کرنا (12) وتر میں تکبیر تحریمہ کہہ کر دعائے قنوت پڑھنا (13) عیدین کی نماز میں چھ زائد تکبیریں کہنا (14) لفظِ سلام کے ساتھ نماز سے نکلنا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

تنویر الابصار مع الدر المختار: (402/1، 427، ط: دار الفکر)
(هي) ستة (طهارة بدنه)... (وثوبه)... (ومكانه)...(و) الرابع (ستر عورته)...(و) الخامس (النية) بالإجماع...(و) السادس (استقبال القبلة)

و فیه ایضاً: (442/1، 448، ط: دار الفکر)
"(من فرائضها) ... (التحریمة) ... (ومنها القیام) ... (ومنها القراءۃ) ... (ومنها الرکوع) ... (ومنها السجود) ... (ومنها القعود الأخیر) ... (قدر) ... التشہد) ".

و فیه ایضاً: (456/1، 469، ط: دار الفکر)
(ولها واجبات).....(وهي) على ما ذكره أربعة عشر (قراءة فاتحة الكتاب)... (في الأوليين من الفرض) وهل يكره في الأخريين؟ المختار لا (و) في (جميع) ركعات (النفل) لأن كل شفع منه صلاة (و) كل (الوتر) احتياطا وتعيين القراءة (في الأوليين) من الفرض على المذهب
(وتقديم الفاتحة) على كل (السورة)... (ورعاية الترتيب)... (وتعديل الأركان)...(والقعود الأول)....(والتشهدان)....(ولفظ السلام)....(و) قراءة (قنوت الوتر)...(وتكبيرات العيدين)....(والجهر) للإمام (والإسرار) للكل (فيما يجهر) فيه (ويسر)

نور الإيضاح ونجاة الأرواح في الفقه الحنفي: (ص: 50، ط: المکتبة العصریة)
باب شروط الصلاة وأركانها
أ -[مالا بد منه لصحة الصلاة]
لابد لصحة الصلاة من سبعة وعشرين شيئا:1 - الطهارة من الحدث. 2 - وطهارة الجسد. 3 - والثوب. 4 - والمكان من نجس غير معفو عنه حتى موضع القدمين واليدين والركبتين والجبهة على الأصح.
5 - وستر العورة. 6 - واستقبال القبلة.
7 - والوقت. 9 - والنية. 10 -والتحريمة:
14 - والقيام في غير النفل. 15 والقراءة. 16 - والركوع. 17 - والسجود 24 - والعقود الأخير قدر التشهد.
ب -[أركان الصلاة]
والأركان من المذكورات أربعة:
1 - القيام. 2 - والقراءة. 3- والركوع. 4 - والسجود. و قيل: القعود الأخير مقدار التشهد. ج -[شرائط الصلاة]
وباقيها شرائط:
1 - بعضها شرط لصحة الشروع في الصلاة وهو ما كان خارجها.
2 - وغيره شرط لدوام صحتها.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 402 Jan 12, 2024
namaz ki sharait, faraiz or wajibat

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.