resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: پانی پر دم کر کے پینے کا حدیث سے ثبوت(161-No)

سوال: میری ساس صاحبہ کہتی ہیں کہ کوئی ایسی حدیث نہیں ہے جس میں دم کیا ہوا پانی پینا ثابت ہو، کیونکہ دم صرف انسانوں پر پھونکا جا سکتا ہے۔آپ سے معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا ایسی کوئی حدیث ہے جس میں یہ ذکر ہو کہ پانی پر دم کرکے تمام گھر والے وہ پانی پی سکتے ہیں؟ مہربانی کرکے حدیث کا حوالہ دے دیں۔

جواب: واضح رہے کہ مسنون دعائیں پڑھ کر اپنے آپ پر دم کرنا یا کسی اور پر دم کرنا جائز ہے، اسی طرح قرآنی آیات ومسنون دعائیں پڑھ کر پانی پر دم کر سکتے ہیں ، اسے مریض کو پلاسکتے ہیں اور اس سے غسل بھی کراسکتے ہیں ، اس کا ثبوت نبی ﷺ کے علاوہ صحابہ وتابعین وغیرہ سے ملتا ہے۔
۱۔حضرت ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ مروی ہے کہ جناب رسول اللہ ﷺ ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ کے ہاں تشریف لائے، وہ بیمار تھے تو آپ ﷺنے دعا فرمائی : اے لوگوں کے پالنے والے ! اس تکلیف کو ثابت بن قیس بن شماس سے دور فرما دے، پھر آپ ﷺنے وادی بطحان کی مٹی لی ،اسے ایک پیالے میں ڈالا، پھر اس میں تھوڑا سا پانی ڈال کر اس پر دم کیا اور اسے ان پر ڈال دیا۔(سنن ابی داؤد،رقم الحدیث: 3885)(۱)
۲۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ وہ پانی پر دم کرکے مریض پر پانی ڈالنے میں کوئی حرج نہیں سمجھتی تھی۔(۲)
علامہ ابن القیم (م751ھ)فرماتے ہیں: میں ایک دفعہ مکہ میں بیمار تھا ، میں طبیب اور دوا سے محروم تھا تو میں سورہ فاتحہ کو زمزم کےپانی پر پڑھ کر دم کرتااور پھر اسے پیتا تو مجھے اس سے مکمل شفا مل گئی۔(۳)
اس تفصیل سے ثابت ہوا کہ قرآنی آیات اور مسنون دعائیں پڑھ کر پانی پر دم کرنا جائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

(۱)سنن أبي داؤد:( 6/34،رقم الحديث:3885،ط:دار الرسالة العالمية)
عن يوسف بن محمد -وقال ابن صالح: محمد بن يوسف بن ثابت ابن قيس بن شماس- عن أبيه
عن جده، عن رسول الله - صلى الله عليه وسلم - أنه دخل على ثابت بن قيس -قال أحمد: وهو مريض- فقال: "اكشف الباس رب الناس، عن ثابت بن قيس بن شماس" ثم أخذ ترابا من بطحان فجعله في قدح، ثم نفث عليه بماء، ثم صبه عليه.

(۲) مصنف ابن أبي شيبة:(12/60،رقم الحديث: 23975،ط:دارالقبلة)
عن عائشة ؛ أنها كانت لا ترى بأسا أن يعوذ في الماء ، ثم يصب على المريض.

(۳)زادالمعاد:(4/164،ط:مؤسسة الرسالة)
ولقد مر بي وقت بمكة سقمت فيه، وفقدت الطبيب والدواء، فكنت أتعالج بها آخذ شربة من ماء زمزم وأقرؤها عليها مرارا، ثم أشربه فوجدت بذلك البرء التام

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Paani /pani per/par dam/dum ker ky peeny/peene kahadees say/sy saboot/sabut, Evidence from Hadith for drinking water after blowing on it

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Interpretation and research of Ahadees