resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: باکسنگ میں چہرے پر مارنے کا حکم (22667-No)

سوال: کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ ہم سیلف ڈیفنس اور مارشل آرٹ کا جم چلاتے ہیں، اس میں ہم پریکٹس کے دوران آپس میں ایک دوسرے سے باکسنگ وغیرہ بھی کرتے ہیں، جس میں منہ (چہرے) پر بھی مارا جاتا ہے، یہ پریکٹس چہرے پر ہیلمٹ وغیرہ پہن کر کی جاتی ہے، اگر یہ پریکٹس نہیں کی جائے گی تو انسان ایسی صورتحال میں جس میں اس پر حملہ کیا جائے اس سے بچنا نہیں آئے گا اور انسان کے اندر کا ڈر ختم نہیں ہوگا، کیا حدیث پاک میں جو چہرے پر مارنے سے منع کیا گیا ہے کیا وہ حکم کے درجے میں ہے یا مشورے کے درجے میں ہے؟ کیا پریکٹس کے دوران چہرے پر مارنا حرام ہوگا؟ رہنمائی فرمائیں.

جواب: واضح رہے کہ ایسا کھیل یا ورزش جس میں کوئی دینی یا دنیاوی فائدہ ہو اور اس میں خلاف شرع امور نہ پائے جائیں تو ایسا کھیل کھیلنا اور ورزش کرنا جائز ہے، بشرطیکہ اس کھیل یا ورزش میں اتنا انہماک نہ ہو کہ فرائض یا واجبات میں کوتاہی یا فوت ہو جانے کا اندیشہ ہو، باکسنگ،کراٹے یا اس جیسے جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند دوسرے کھیل درست نیت اور غرض سے سیکھے جائیں تو ایسے کھیل سیکھنا اور سکھانا جائز ہے، البتہ اس بات کا لحاظ رکھنا ضروری ہے کہ مشق (پریکٹس) کے لیے باکسنگ گلوز (دستانے) یا باکسنگ بیگ(Punching Bag) کا استعمال کیا جائے، تاکہ دوران مشق جسم کے اعضاء زخمی ہونے اور گوشت وغیرہ پھٹنے کا اندیشہ نہ رہے، نیز ستر کے ڈھانپنے کا اہتمام کرنا لازمی ہے اور دوران کھیل چہرے پر نہ مارا جائے، کیونکہ احادیث مبارکہ میں چہرے پر مارنے کی خاص ممانعت وارد ہوئی ہے، حتی کہ کسی کو چہرے پر سزا کے طور پر بھی مارنے کی شرعا اجازت نہیں ہے، اس لیے اس سے اجتناب لازم ہے، اگر یہ مذکورہ بالا شرائط پائی جائیں تو باکسنگ سیکھنا اور سکھانا جائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

بذل المجهود: (في ضرب الوجه في الحد، 235/17، ط: رشيدية)
(عن أبي هريره رضي الله عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: اذا ضرب أحدكم) وهذا شامل للحد وغيره (فليتق الوجه) لأنه لطيف مجمع المعاني الإنسانيه فيخاف منه تعطيل المضروب.

تكملة فتح الملهم: (الشعر، 381/4، 383، ط: دار احياء التراث العربي)

فتاوى محموديه: (الألعاب، 553/19، ط: ادارة الفاروق)

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Prohibited & Lawful Things