resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: خریدار کا مالک مکان کے ساتھ براہ راست معاملہ طے ہونے کی صورت میں ڈیلر (بروکر) کے کمیشن کا حکم

(39788-No)

سوال: "ہمارے ملک میں لوگ اکثر دلالوں کے ذریعے گھر خریدتے یا کرائے پر لیتے ہیں، کیونکہ دلال کے ذریعے گھر تلاش کرنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔ بعض اوقات دلال ایک گھر دکھاتا ہے اور مالک سے بات کرواتا ہے، لیکن گاہک آپس میں طے نہیں کر پاتے اور سودا نہیں ہوتا۔ بعد میں گاہک اسی گھر میں جاتا ہے جو دلال کے ذریعے ملا تھا، اور دلال کو شامل کیے بغیر براہِ راست مالکِ مکان سے بات کر کے اسے خرید لیتا ہے یا کرائے پر لے لیتا ہے۔ ایسی صورت میں کیا دلال حق (کمیشن) طلب کر سکتا ہے؟"

جواب: پوچھی گئی صورت میں اگر بروکر نے مالک مکان سے صرف ملاقات کروائی، سودا طے نہیں ہو پایا تو ایسی صورت میں وہ اجرت کا مستحق نہیں بنے گا، تاہم اگر عرف میں مکان دکھانے اور فریقین کے ساتھ ملاقات پر بھی کچھ کمیشن دیا جاتا ہو یا بروکر اپنے گاہک کے ساتھ شروع میں طے کردیتا ہے تو ایسی صورت میں بروکر عرف کے مطابق طے شدہ اجرت کا حقدار ہوگا۔
البتہ واضح رہے کہ اگر فریقین جان بوجھ کر صرف کمیشن سے بچنے کے لیے بروکر کو شامل کیے بغیر براہ راست معاملہ طے کر رہے ہوں تو بظاہر بروکر کو دھوکہ دینے اور اس کی حق تلفی پر مشتمل ہونے کی وجہ سے ایسا کرنا شرعاً درست نہیں ہوگا، اس سے اجتناب لازم ہے، البتہ اگر کبھی اتفاقی طور پر ایسا ہوجائے کہ بروکر کے ساتھ ملاقات کے وقت سودا طے نہ ہو پائے، لیکن بعد میں کسی وقت اگر فریقین کا آپس میں سودا کرنے پر اتفاق ہوجائے اور یہ صورت جان بوجھ کر بروکر کے کمیشن سے بچنے کیلیے اختیار نہ کی جائے تو شرعاً اس میں حرج نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

رد المحتار: (باب الإجارة الفاسدة، 47/6، ط: دار الفکر)
إجارة السمسار والمنادي والحمامي والصكاك وما لا یقدر فیه الوقت ولا العمل تجوز لما کان للناس بہ حاجة ویطیب الأجر الماخوذ لو قدر أجر المثل

و فيه ايضا: (مطلب في أجرة الدلال، 63/6، ط: سعید)
وفي الحاوي: سئل محمد بن سلمة عن أجرة السمسار، فقال: أرجوا أن لاباس به، وإن کان في الأصل فاسدا لکثرة التعامل وکثیر من هذا غیر جائز، فجوزوه لحاجة الناس إلیه کدخول الحمام

واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب
دار الافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Employee & Employment