resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: والد کی جگہ بیٹے کو ملازمت ملی ہو تو کیا یہ ملازمت اور اس سے حاصل ہونے والی تنخواہ میں میراث جاری ہوگی؟

(41951-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! مفتی صاحب! ہم پانچ بھائی اور پانچ بہنیں ہیں، والد صاحب نے ترکہ میں دو گھر (جس میں ایک زیر تعمیر تھا ) اور کچھ زرعی زمین چھوڑی تھی، والد صاحب چونکہ سرکاری ملازم تھے، لہذا ان کی پینشن کی رقم سے اتفاق رائے سے وہ زیر تعمیر گھر کو مکمل کیا اور والد صاحب کی نوکری پر اپنے ایک بھائی کو لگایا تاکہ وہ والد صاحب کی جگہ سرکاری نوکری سنبھالے، اس نوکری سے بہت سارے جائز اور ناجائز فوائد بھائی نے حاصل کیے ہیں۔
اس ضمن میں کچھ سوالات ہیں:
1) کیا یہ نوکری سب کی میراث ہے یا نہیں (اس وقت یہ نوکری کرنے والا بھائی ایک جگہ کسی کے پاس دکان میں ملازمت کرتا تھا تو اس ملازمت کو چھوڑا کر یہ نوکری دیدی تاکہ اس بندے کی ملازمت سے پیدا ہونے والے مسائل بھی حل ہو سکیں)
2) اس نوکری کی آمدن صرف اس بھائی کی ہوگی یا مشترکہ میراث سمجھی جائے گی؟
3) نیز چار بہنوں کی شادی والد صاحب کی حیات میں ہوئی ہیں اور ایک کی بعد میں بھائیوں نے کرائی ہے۔
4) والد صاحب پر کچھ قرضہ اب بھی باقی ہے جو کہ بہو نے سونا دیکر والد صاحب کی وقتی معاونت کی تھی، اس کا کیا حکم ہے؟
5) میراث کی تقسیم کا کیا طریقہ کار ہوگا اور بہنوں کا حصہ کس حساب سے دیا جائے گا؟ راہنمائی فرمائیں۔ جزاک اللّہ احسن الجزاء

جواب:
1/2) واضح رہے کہ والد کے انتقال کے بعد والد کی جگہ جس بیٹے کو ملازمت/نوکری ملی ہے، یہ ملازمت/نوکری اور اس سے حاصل ہونے والی تنخواہ والد مرحوم کی میراث میں شامل نہیں ہوگی، بلکہ ادارہ نے والد کے انتقال کے بعد جس بیٹے کو نوکری پر رکھا ہے، یہ نوکری اور اس سے حاصل ہونے والی تنخواہ اسی بیٹے کی ہوگی۔
3) سوال کا تیسرا جزء نامکمل ہے، اگر اس کا جواب مطلوب ہو تو تیسرا جزء دوبارہ صحیح تحریر کرکے ارسال فرمائیں۔
4) بہو نے سسر کو سونا دیتے ہوئے قرض کی صراحت کی ہو تو سسر کی میراث میں سے اتنا سونا یا اس کی موجودہ قیمت بہو کو دی جائے گی اور اگر قرض کی صراحت نہ کی ہو، بلکہ تبرّع اور احسان کے طور پر دیا ہو تو اس صورت میں بہو کو کچھ نہیں ملے گا۔
5) مرحوم والدین کی تجہیز و تکفین کے جائز اور متوسط اخراجات، قرض کی ادائیگی اور اگر کسی غیر وارث کے لیے جائز وصیت کی ہو تو ایک تہائی (1/3) میں وصیت نافذ کرنے کے بعد کل میراث کو پندرہ (15) حصوں مین تقسیم کیا جائے گا، جس میں سے پانچوں بیٹوں میں سے ہر ایک بیٹے کو دو (2) حصے اور پانچوں بیٹیوں میں سے ہر ایک بیٹی کو ایک (1) حصہ ملے گا۔
فیصد کے اعتبار سے ہر ایک بیٹے کو %13.33 فیصد حصہ اور ہر ایک بیٹی کو %6.66 فیصد حصہ ملے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

*القرآن الکریم: (النساء، الایة: 11)*
يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلاَدِكُمْ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الأُنثَيَيْنِ ... الخ

*رد المحتار: (759/6، ط: دار الفكر)*
التركة في الاصطلاح ما تركه الميت من الأموال صافيا عن تعلق حق الغير بعين من الأموال كما في شروح السراجية.

*الفقه الإسلامي و أدلته: (7726/10، ط: دار الفكر)*
التركة لغة: ما يتركه الشخص ويبقيه،۔۔۔وهي عند الحنفية: الأموال والحقوق المالية التي كان يملكها الميت. فتشمل الأموال المادية من عقارات ومنقولات وديون على الغير، والحقوق العينية التي ليست مالا، ولكنها تقوم بمال أو تتصل به، كحق الشرب والمسيل والمرور والعلو، والرهن إذ يرث الورثة الدين موثقا برهنه.وخيارات الأعيان، كخيار العيب وخيار التعيين وخيار فوات الوصف المرغوب فيه. ولا تشمل عندهم الخيارات الشخصية، كخيار الشرط وخيار الرؤية وحق الشفعة، فإنها حقوق متعلقة بشخص المتوفى لا بماله.ولاتشمل أيضا المنافع كالإجارة والإعارة، لانتهاء العقد بالموت، ولأن المنافع ليست مالا عند متقدمي الحنفية.ولا تشمل قبول الوصية، فتلزم الوصية بموت الموصى له، أي قبل أن يقبل أو يرد، ويعتبر عدم الرد قبولا.والحنفية يحصرون التركة في المال أوالحق الذي له صلة بالمال فقط.

*شرح المجلة: (المقالة الثانیة، المادة: 97، 51/1، ط: رشیدیة)*
" لايجوز لأحد أن يأخذ مال أحد بلا سبب شرعي."

*رد المحتار: (کتاب الأیمان، 789/3، ط: دار الفکر)*
مطلب في قولهم الديون تقضى بأمثالها
قلت: والجواب الواضح أن يقال قد قالوا إن الديون تقضى بأمثالها

*الدر المختار: (161/5، ط: دار الفکر)*
القرض ونحوه (يرد على دفع مال) بمنزلة الجنس (مثلي) خرج القيمي (لآخر ليرد مثله) خرج نحو وديعة وهبة.
(وصح) القرض (في مثلي) هو كل ما يضمن بالمثل عند الاستهلاك (لا في غيره) من القيميات كحيوان وحطب وعقار وكل متفاوت لتعذر رد المثل... (فيصح استقراض الدراهم والدنانير وكذا) كل (ما يكال أو يوزن أو يعد متقاربا ... الخ )

*تنقیح الفتاوی الحامدیة: (کتاب الکفالة، 288/1، ط: دار المعرفة)*
"المتبرع ‌لا ‌يرجع على غيره كما لو قضى دين غيره بغير أمره."

والله تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Inheritance & Will Foster