سوال:
محترم مفتی صاحب! عرض یہ ہے کہ میری ایک ادارے میں تقرری ہوئی تھی۔ تقرری کے وقت ادارہ کی طرف سے مجھے یہ بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر مجھے تین ماہ کے لیے بطور پروبیشن رکھا جائے گا، اور اس دوران میری ماہانہ تنخواہ 37,000 روپے مقرر کی گئی۔
نیز اس کے ساتھ یہ بھی واضح طور پر طے پایا تھا کہ تین ماہ مکمل ہونے کے بعد میری تنخواہ میں اضافہ کر دیا جائے گا، اور یہ اضافہ 50,000 سے 55,000 روپے ماہانہ تک ہوگا۔
تقرری کے وقت ادارے کے ساتھ اعتماد، حسنِ ظن اور باہمی احترام کی فضا تھی۔
الحمد للہ! میں نے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری کے ساتھ ادا کیں، اور اب اس تقرری کو ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، لیکن ادارہ کی طرف سے تاحال میری تنخواہ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
میں نے اس معاملہ میں کئی مرتبہ ادارہ کو یاد دہانی بھی کرائی ہے اور متعدد بار باقاعدہ درخواست بھی دی ہے، مگر اس کے باوجود تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
مزید یہ کہ ادارہ نے صرف میرے ساتھ ہی نہیں بلکہ میرے ساتھ دیگر کئی افراد کے ساتھ بھی اسی نوعیت کی بات چیت کی اور اس کی کئی بار یقین دہانی بھی کروائی، اور ادارہ نے کچھ دیگر افراد کے ساتھ اپنے معاہدے کو پورا بھی کیا ہے، لیکن میرے ساتھ کچھ دیگر افراد بھی ہیں جن کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو پورا نہیں کیا جا رہا۔ اس صورتحال میں ادارہ کے لیے کیا حکم ہے؟
جواب: پوچھی گئی صورت میں آزمائشی دورانیہ (probation period ) مکمل ہونے پر اگر واقعی ملازم نے اپنی ذمّہ داریاں صحیح طریقے سے سر انجام دی ہوں تو بلا وجہ اس میں ٹال مٹول سے کام لینا جائز نہیں ہے، کیونکہ معاہدے میں طے شدہ جائز شرائط کی پاسداری فریقین (کمپنی اور ملازم ) پر شرعاً بھی لازم ہوتی ہے، لہذا معاہدے کی خلاف ورزی ہونے کی وجہ سے اس سے اجتناب لازم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*سنن أبي داود: (304/3، ط: المكتبة العصرية)*
وَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم: الْمُسْلِمُونَ عَلَى شُرُوطِهِمْ.
*القرآن الکریم: (الإسراء، الاية: 43)*
وَأَوۡفُواْ بِٱلۡعَهۡدِۖ إِنَّ ٱلۡعَهۡدَ كَانَ مَسُۡٔولٗاo
*السنن الکبریٰ للبیهقي: (باب الوفاء بالعهد اذا کان، رقم الحديث: 19324)*
عَنْ أَنَسٍ رَضِىَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ : خَطَبَنَا رَسُولُ اللّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ:لاَ إِيمَانَ لِمَنْ لاَ أَمَانَةَ لَهُ، وَلاَ دِينَ لِمَنْ لاَ عَهْدَ لَهُ".
واللہ تعالی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی