عنوان: موبائل سے تصویر یا ویڈیو بنانے کا شرعی حکم(4702-No)

سوال: مفتی صاحب ! کیا موبائل سے تصویر بنانے یا بنوانے کی شریعت اجازت دیتی ہے؟
اور کیا قبر میں اس کی پوچھ ہو گی؟

جواب: ڈیجیٹل تصویر سے متعلق مسئلہ میں دو باتیں الگ الگ ہیں :
1۔ ڈیجیٹل کیمرہ سے فی نفسہ تصویر بنانے کا شرعی حکم
2۔ ڈیجیٹل کیمرہ سے ناجائز تصاویر یا ویڈیوز بنانا
اس میں سے پہلی بات یعنی ڈیجیٹل کیمرے سے لی گئی تصویر میں علماء کرام کی آراء مختلف ہیں، بعض علماء کرام ناجائز اور بعض علماء کرام جائز قرار دیتے ہیں۔
جو علماء کرام جائز کہتے ہیں، وہ فرماتے ہیں کہ ڈیجیٹل کیمرے سے لی گئی تصویر کا جب تک پرنٹ نہ لیا گیا ہو، یا اسے پائیدار طریقے سے کسی چیز پر نقش نہ کیا گیا ہو، اس وقت تک وہ ناجائز تصویر میں داخل نہیں، بشرطیکہ اس تصویر یا ویڈیو میں نامحرم افراد یا فحش مناظر نہ ہوں۔
ڈیجیٹل کیمرے کی جس تصویر کی گنجائش دی گئی ہے، اس سے مراد اس چیز کی تصویر ہے، جس کو خارج میں بغیر تصویر کے دیکھنا بھی جائز ہو، اور جس چیز کو خارج میں بغیر تصویر کے دیکھنا جائز نہیں، اس کی تصویر یا ویڈیو بنانا بھی جائز نہیں، لہذا ڈیجیٹل تصویر کے جواز کے فتویٰ کا تعلق اس چیز کی ڈیجیٹل تصویر سے ہے، جس کو خارج میں دیکھنا جائز ہو۔
جہاں تک دوسرے مسئلے کا تعلق ہے تو اس کا حکم یہ ہے کہ ڈیجیٹل یا نان ڈیجیٹل کیمرہ سے نامحرم افراد کی تصویر لینا یا فحش اور ناجائز مناظر کی تصاویر محفوظ کرنا یا موسیقی کے ساتھ مناظر کو محفوظ کرنا اور دیکھنا بالاتفاق ناجائز اور حرام ہے۔
لہذا موبائل سے بنائی گئی ایسی تصویر یا ویڈیو، جس میں جائز حدود میں رہتے ہوئے عکس بندی کی گئی ہو، یہ ناجائز یا حرام نہیں کہلائے گا، جبکہ بعض علماء کرام اسے بھی ناجائز قرار دیتے ہیں، لہذا ضرورت کے موقع پر دیگر شرعی حدود کی رعایت رکھتے ہوئے، موبائل سے تصویر بنانے کی گنجائش ہے، لیکن بلا ضرورت شرعیہ محض تفریح طبع کے طور پر موبائل سے تصویر بنانے سے اجتناب کرنا چاہئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحیح البخاری: (باب ما وطئ من التصاویر، رقم الحدیث: 5954، 75/4، ط: دار الکتب العلمیة)

حدثنا علي بن عبد الله، حدثنا سفيان، قال: سمعت عبد الرحمن بن القاسم، وما بالمدينة يومئذ أفضل منه، قال: سمعت أبي، قال: سمعت عائشة رضي الله عنها: قدم رسول الله ﷺ من سفر، وقد سترتُ بقرام لي على سهوة لي فيها تماثيل، فلما رآه رسول الله ﷺ هتكه وقال: «أشد الناس عذابا يوم القيامة الذين يضاهون بخلق الله» قالت: فجعلناه وسادة أو وسادتين.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 3421 Jun 30, 2020
mobile sai tasweer / photo video bananay ka shae'ee hukum , Shari'ah ruling on taking a photo or video from a mobile phone

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Prohibited & Lawful Things

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.