سوال:
مندرجہ ذیل حدیث کی تحقیق مطلوب ہے: "نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:جو شخص رات کو با وضو ہو کر اللہ کا ذکر کرتے ہوئے سو جائے اور پھر رات کو اگر کسی وقت اس کی آنکھ کھل جائے تو اس وقت وہ دنیا و آخرت کی جو بھی بھلائی اللہ سے مانگ لے، اللہ وہی اسے عنایت فرما دیتا ہے"۔
(سنن ابو داؤد: حدیث نمبر، 5042)
جواب: جی ہاں! سوال میں ذکر کردہ حدیث سنن أبي داؤد میں موجود ہے، حدیث سند اور متن کے ساتھ درج ذیل ہے:
٥٠٤٢- حدثنا موسى بن إسماعيل، حدثنا حماد، أخبرنا عاصم بن بهدلة، عن شهر بن حوشب، عن أبي ظبية، عن معاذ بن جبل عن النبي صلى الله عليه وسلم، قال: "ما من مسلم يبيت على ذكر طاهرا، فيتعار من الليل، فيسأل الله خيرا من الدنيا والآخر ة إلا أعطاه إياه".
(سنن أبي داود: ٥/ ١٨٦، حديث نمبر: (٥٠٤٢) كتاب الأدب، باب في النوم على طهارة، ط: دار ابن حزم)
ترجمه:
حضرت معاذ بن جبل رضی اللّٰہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص وضو کی حالت میں ذکر کرتے ہوئے سو جائے اور پھر جب رات کے کسی پہر اس کی آنکھ کھلے یا بستر پر وہ کروٹ لے، اس وقت وہ اللہ تعالیٰ سے دنیا و آخرت کی بھلائی کی جو بھی دعا مانگے گا، تو اللہ تعالیٰ اس کو وہ ضرور عطا فرمائیں گے۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی