resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: جانوروں کے لیے ایصال ثواب اور صدقہ جاریہ کرنا

(52326-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! ہماری پیاری بلی کا انتقال ہوگیا ہے، ہم نے اس کی تدفین کردی ہے۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا اس کی تدفین کے وقت اس کے لیے فاتحہ خوانی کی جاسکتی ہے؟ نیز کیا ہم قرآنِ کریم پڑھ کر اس کا ثواب اسے بخش سکتے ہیں؟ ہم نے اس بلی کو غسل نہیں دیا، بلکہ اسی حالت میں دفن کردیا۔ کیا ہمارا اس طرح دفن کرنا درست تھا؟
مزید یہ بھی رہنمائی فرمائیں کہ کیا ہم اس کے لیے صدقۂ جاریہ یا کوئی نیک عمل کرسکتے ہیں؟ بعض لوگ کہتے ہیں کہ پالتو جانور قیامت کے دن اپنے مالک کو پل صراط سے گزرنے میں مدد دیں گے، کیا اس بات کی کوئی شرعی حقیقت ہے؟ براہِ کرم ان تمام امور کے بارے میں شریعت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔

جواب: واضح رہے کہ جانور انسان کی طرح مکلّف نہیں ہوتے، اس لیے ان کے لیے فاتحہ خوانی، قرآنِ کریم پڑھ کر ایصالِ ثواب کرنا یا ان کے لیے مغفرت کی دعا کرنے کے بارے میں شریعت میں کوئی حکم ثابت نہیں، اسی طرح جانور کے مرنے کے بعد اس کے لیے صدقۂ جاریہ کرنے کے بارے میں بھی کوئی نص موجود نہیں۔
بلی کو غسل دینا ضروری نہیں تھا، اسے کسی مناسب جگہ پر پھینک دینا یا دفن کردینا کافی ہے، لہٰذا آپ کا اسے بغیر غسل دیے دفن کرنا درست ہے۔
اور یہ بات کہ پالتو جانور اپنے مالک کو قیامت کے دن پل صراط سے گزارنے میں مدد کریں گے، اس کو کسی متعبر حوالہ سمیت بیان کریں، اس کے بعد ہی اس کی تحقیقی کی جاسکتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

أحكام القرآن للجصاص :(باب دفن الموتى، 506/2، ط:دار الكتب العلمية بيروت)
''قال الله تعالى: {فبعث الله غرابا يبحث في الأرض ليريه كيف يواري سوءة أخيه} . قال ابن عباس وابن مسعود ومجاهد والسدي وقتادة والضحاك: "لم يدر كيف يصنع به حتى رأى غرابا جاء يدفن غرابا ميتا" وفي هذا دليل على فساد ما روي عن الحسن أنهما رجلان من بني إسرائيل; لأنه لو كان كذلك لكان قد عرف الدفن بجريان العادة فيه قبل ذلك، وهو الأصل في سنة دفن الموتى.''

صحیح البخاری: (رقم الحدیث:1492، ط:دار طوق النجاة)
ابن عباس رضي الله عنهما، قال:" وجد النبي صلى الله عليه وسلم شاة ميتة اعطيتها مولاة لميمونة من الصدقة، قال النبي صلى الله عليه وسلم: هلا انتفعتم بجلدها، قالوا: إنها ميتة، قال: إنما حرم اكلها".

والله تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Miscellaneous