عنوان: شادی بیاہ کے موقع پر دی جانے والی رقم (نیوتہ) کی شرعی حیثیت (5414-No)

سوال: مفتی صاحب ! آج کل یہ رواج بنا ہوا کہ کہ لوگ ولیمہ میں کھانا کھانے کے بعد دولہا یا اس کے والد کو کچھ نہ رقم دیتے ہیں، کیا نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں بھی ایسا ہوتا تھا؟
اور کیا یہ رقم لینے سے ولیمہ کی سنت والا عمل خراب ہوتا ہے یا نہیں؟
براہ کرم وضاحت فرمادیں۔

جواب: واضح رہے کہ شادی کی تقریب میں دولہا، دلہن کو بطور تحفہ یا ہدیہ کوئی چیز یا نقد رقم دینا، جس میں کسی قسم کی زبردستی اور واپس لینے کی نیت نہ ہو، یہ جائز ہے، گناہ نہیں ہے، لیکن عام طور پر شادی بیاہ کے موقع پر (نیوتہ) کی رسم کے طور پر دی جانے والی رقم میں بہت سے مفاسد پائے جاتے ہیں، جس وجہ سے فقہاء کرام نے اس لین دین کو منع فرمایا ہے۔ ان مفاسد کا ذکر درج ذیل ہے:
(١) اس رقم کی لین دین کا باقاعدہ حساب رکھا جاتا ہے، تاکہ رقم دینے والے کے ہاں شادی کی تقریب میں اس کی دی ہوئی رقم کے برابر، یا اس سے بڑھا کر دیا جائے، اس لحاظ سے یہ رقم تحفہ یا ہدیہ نہیں کہلائے گی، بلکہ یہ "قرض" ہوگی اور جب یہ قرض ہے، تو قرض کے احکام کی رعایت نہ کرنے کی وجہ سے اس میں بہت سی خرابیاں پیدا ہو جاتی ہیں جن میں سے کچھ مندرجہ ذیل ہیں :
١- بلا ضرورت قرض لیا جاتا ہے۔
٢- اس قرض کی واپسی میں دوسرے کے ہاں تقریب ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے اور بعض اوقات لینے والے کی موت کی صورت میں یہ قرض ادائیگی کے بغیر رہ جاتا ہے۔
٣- اس قرض کی واپسی پر اضافہ عرفا مشروط ہوتا ہے، کیونکہ جب واپس ادا کیاجاتا ہے، تو لی گئی رقم سے زائد ہی واپس کیا جاتا ہے، کم یا برابر واپس کیا جائے، تو اس کو برا سمجھا جاتا ہے، نیز اگر مذکورہ صورت میں اضافے کے ساتھ واپس کیا گیا، تو یہ سود کے زمرے میں آئے گا، جو کہ بہت سنگین گناہ ہے۔
(٢) اگر نیوتہ کی رقم نہ دی جائے، تو برادری میں اسے بہت معیوب سمجھا جاتا ہے، ایسے لوگوں کو مطعون کیا جاتا ہے، لہذا معاشرتی جبر کے ہاتھوں مجبور ہو کر یہ رقم لی دی جاتی ہے، چنانچہ بہت سے مجبور اس کے لیے قرض لیتے ہیں، تب جاکر شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ اس لیے کسی کی دلی خوشی کے بغیر اس کا مال حاصل کرنا شرعاً جائز نہیں۔
(٣) اس رقم کی لین دین میں دکھلاوا اور نام و نمود ہوتا ہے، جو کہ شرعاً ممنوع ہے۔
مذکورہ بالا تفصیل سے یہ واضح ہوگیا کہ شرعاً (نیوتہ) کی رسم ان مفاسد کے ہوتے ہوئے ناجائز ہے، لہذا تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ اس طرح کی بری رسم سے اپنی خوشی کی تقریبات کو پاک رکھیں۔
ہاں ! اگر کہیں یہ مفاسد موجود نہ ہوں، بلکہ محض اپنے مسلمان بھائی کے دل کو خوش کرنے کے لیے، یا اللہ تعالی کی خوشنودی کے لیے کوئی رقم ھدیہ میں دی جائے، تو شرعا اس کی ممانعت نہیں ہو گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

رد المحتار: (کتاب الهبة، 696/5، ط: سعید)
’’وفي الفتاوى الخيرية: سئل فيما يرسله الشخص إلى غيره في الأعراس ونحوها، هل يكون حكمه حكم القرض؛ فيلزمه الوفاء به أم لا؟ أجاب: إن كان العرف بأنهم يدفعونه على وجه البدل، يلزم الوفاء به مثلياً فبمثله، وإن قيمياً فبقيمته، وإن كان العرف خلاف ذلك بأن كانوا يدفعونه على وجه الهبة، ولاينظرون في ذلك إلى إعطاء البدل فحكمه حكم الهبة في سائر أحكامه، فلا رجوع فيه بعد الهلاك أو الاستهلاك، والأصل فيه أن المعروف عرفاً كالمشروط شرطاً اه.قلت: والعرف في بلادنا مشترك، نعم في بعض القرى يعدونه قرضاً حتى إنهم في كل وليمة يحضرون الخطيب يكتب لهم ما يهدى، فإذا جعل المهدي وليمةً يراجع المهدى الدفتر فيهدي الأول إلى الثاني مثل ما أهدى إليه‘‘.

درر الحکام في شرح مجلة الأحکام: (الهبة، المادة: 876، ط: دار الجیل)
’’الهدايا التي تأتي في الختان أو الزفاف .... (الخاتمة) إن الأشياء التي ترسل في حفلات كهذه إذا كانت تدفع عرفاً وعادةً على وجه البدل فيلزم القابض مثلها إذا كانت من المثليات وقيمتها إذا كانت من القيميات، وإذا كان لا يرسل بمقتضى العرف والعادة على وجه البدل، بل ترسل على طريق الهبة والتبرع فحكمها كحكم الهبة، ولا رجوع بعد الهلاك والاستهلاك، والأصل في هذا الباب هو أن المعروف عرفاً كالمشروط شرطاً‘‘.

شرح المجلة لخالد الأتاسي: (الهبة، المادة: 876، ط: مکتبة إسلامیة، کوئته)
’’الهدایا التي ترد في عرس الختان و الزفاف ... و هذا کله علی فرض أن المرسل هدیة، أما لو ادعی المرسل أنه قرض، ففي الفتاویٰ الخیریة ما نصه: سئل فيما يرسله الشخص إلى غيره في الأعراس ونحوها، هل يكون حكمه حكم القرض؛ فيلزمه الوفاء به أم لا؟ أجاب: إن كان العرف بأنهم يدفعونه على وجه البدل يلزم الوفاء به مثلياً فبمثله، وإن قيمياً فبقيمته وإن كان العرف خلاف ذلك بأن كانوا يدفعونه على وجه الهبة، ولاينظرون في ذلك إلى إعطاء البدل فحكمه حكم الهبة في سائر أحكامه فلا رجوع فيه بعد الهلاك أو الاستهلاك، والأصل فيه أن المعروف عرفاً كالمشروط شرطاً اه .قال في رد المحتار: والعرف في بلادنا مشترك، نعم في بعض القرى يعدونه قرضاً حتى إنهم في كل وليمة يحضرون الخطيب يكتب لهم ما يهدى، فإذا جعل المهدي وليمة يراجع المهدى الدفتر فيهدي الأول إلى الثاني مثل ما أهدى إليه‘‘ اه
قلت: والعرف الغالب في حمص أنهم ینظرون في ذلک إلی إعطاء البدل، وعلیه فما یهدی في ذلک من أرز أو سکر أو سمن أو شاة حیة یکون قرضاً صحیحاً أو فاسداً، فیطالب به من عمل الولیمة من أب أو غیره، و مثل هذا ما یهدیه أقارب العروس من النساء و البنات بعد أسبوع من زفافها و یسمونه نقوطاً في بلادنا، فلا شک أنه قرض تستوفیه کل واحدة منهن إذا تزوجت أو زوجت بنتها في یوم أسبوعها‘‘.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 2940 Oct 12, 2020
shadi / shaadi ke / key moqe / moqa per di jane / janey wali raqam ( newta / neivta ) ki shari / sharai heysiat / hesiat, Shariah Status of Money (Nyuta / newta) given on the occasion of marriage

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Nikah

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.