resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: ناحق طور پر مال لینے والے سے جرمانہ یا مال کے بدلے سونے کا مطالبہ کرنے کا حکم

(57379-No)

سوال: مفتی صاحب! درج ذیل ایک اہم مسئلہ کی قرآن وسنت کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔
آج سے تقریبا چھ سال پہلے میرے ایک دوست نے کسی ہاؤسنگ اسکیم میں اپنے لیے پلاٹ خریدا اور مجھے کہا کہ آپ کے لیے بھی میں ایک پلاٹ بک کررہا ہوں، دوست نے جس قیمت میں اپنا پلاٹ لیا تھا اس نے میرے پلاٹ کی قیمت اپنے پلاٹ کی رقم سے 15 لاکھ روپے اوپر بتا کر مجھ سے فراڈ کے ذریعے 15 لاکھ روپے اضافی رقم بٹوری، میں نے اس دور کے حساب سے اپنا سونا بیچ کے دوست کے اعتماد پر وہ پلاٹ لیا، ابھی کچھ دنوں پہلے میرے دوست کا مجھ سے کیا ہوا فراڈ ظاہر ہوتا ہے، ابھی دوست پشیمان ہے اور مجھے فراڈ کی ہوئی رقم مبلغ 15لاکھ روپے واپس دینے پہ راضی ہے، میرا اصرار ہے کہ اس دور کے حساب سے مجھے سونا دو، میں 15 لاکھ نہیں لوں گا، اگر قبائلی جرگہ میں جائیں تو جو رقم اس کی جرمانہ ہوگی، وہ جرمانہ یا اس دور کے حساب سے سونا لینا میرے لیے جائز ہوگا یا میری فراڈ کی ہوئی 15 لاکھ روپے کی رقم لینا شرعی رو سے میرے لیے مناسب ہوگا؟ برائے مہربانی جواب عنایت فرمائیں۔

جواب: پوچھی گئی صورت میں آپ کے دوست کا جھوٹ اور دھوکہ کے ذریعے آپ سے زیادہ پیسے لینا شرعاً ناجائز اور انتہائی برا عمل ہے، لہذا مذکورہ صورت میں آپ دھوکہ اور فراڈ سے لئے گئے اپنے پیسے (پندرہ لاکھ روپے) واپس لینے کے حقدار ہوں گے، لیکن اصل رقم کے علاوہ زیادہ رقم جرمانے کے طور پر لینا یا مذکورہ رقم کی بجائے سونے کا مطالبہ کرنا شرعاً جائز نہیں ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القران الکریم: (النساء، الآية: 29)
یَٰۤأَیُّهَا ٱلَّذِینَ ءَامَنُوا۟ لَا تَأۡكُلُوۤا۟ أَمۡوَ ٰ⁠لَكُم بَیۡنَكُم بِٱلۡبَٰطِلِ إِلَّاۤ أَن تَكُونَ تِجَٰرَةً عَن تَرَاضࣲ مِّنكُمۡۚ وَلَا تَقۡتُلُوۤا۟ أَنفُسَكُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ كَانَ بِكُمۡ رَحِیمࣰا o

رد المحتار: (789/3، ط: دار الفكر)
قلت: والجواب الواضح أن يقال قد قالوا إن الديون تقضى بأمثالها أي إذا دفع الدين إلى دائنه ثبت للمديون بذمة دائنه مثل ما للدائن بذمة المديون.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Characters & Morals