سوال:
کیا ریٹائرڈ شخص اپنی پنشن کی رقم نیشنل سیونگز کی کسی اسکیم میں جمع کروا کر اس پر منافع حاصل کرسکتا ہے؟ کیا نیشنل سیونگز سے حاصل ہونے والا یہ منافع سود کے زمرے میں آتا ہے؟
جواب: واضح رہے کہ مروّجہ نیشنل سیونگ میں پینشن کی رقم جمع کراکے منافع لینا چونکہ قرض کی رقم پر نفع حاصل کرنے کی صورت ہے، جوکہ سود پر مشتمل ہونے کی وجہ سے جائز نہیں ہے، لہذا اس سے اجتناب لازم ہے۔
البتہ اگر نیشنل سیونگ مستند علماء کی زیر نگرانی یہ پراڈکٹ قرض کی بجائے کسی شرعی اصول (Islamic Mode of finance) کے مطابق دے رہا ہو تو اس صورت میں اس سے نفع حاصل کرنے کی گنجائش ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: (البقرۃ، الآیة: 275)
وَ اَحَلَّ اللّٰہُ الۡبَیۡعَ وَ حَرَّمَ الرِّبٰوا....الخ
اعلاء السنن: (566/14، ط: دار الکتب العلمیة)
"عن علي رضي اﷲ عنه مرفوعا کل قرض جر منفعة فہو ربا. وقال الموفق: کل قرض شرط فیه الزیادة فهو حرام بلا خلاف
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی