عنوان: مردوں کی نماز پڑھنے کا طریقہ(6008-No)

سوال: مفتی صاحب! نماز پڑھنے کے سلسلہ میں کچھ الجھنوں کا شکار ہوں، برائے مہربانی مردوں کی نماز پڑھنے کا درست اور مسنون طریقہ مکمل تفصیل سے بتادیں۔

جواب: مردوں کی نماز پڑھنے کا طریقہ تفصیل کے ساتھ ذیل میں ذکر کیا جاتا ہے:
نماز کی نیت کرکے اللہ اکبر کہے اور اللہ اکبر کہتے وقت اپنے دونوں ہاتھ اس طرح کانوں تک اٹھائے کہ انگوٹھے کانوں کی لو کے مقابل ہوجائیں اور انگلیاں کھلی رہیں ، پھر ناف کے نیچے اس طرح ہاتھ باندھ لے کہ دائیں ہاتھ کی ہتھیلی بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کی پشت پر رہے اور دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی اور انگوٹھے سےحلقہ بناکر بائیں ہاتھ کے گٹے کو پکڑلے اور باقی تین انگلیاں کلائی پر بچھی رہیں، پھر یہ دعا پڑھے: "سبحانک اللھم و بحمدک و تبارک اسمک و تعالیٰ جدک و لا الٰہ غیرک" پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھ کر "سورہ فاتحہ" پڑھے اور ولا الضآلین کے بعد آمین کہے، اور پھر آہستہ بسم اللہ پڑھ کر تین مختصر آیات یا ایک بڑی آیت یا کوئی سورت پڑھے، قیام کی حالت میں نگاہ سجدہ کی جگہ پر رہے، پھر اللہ اکبر کہہ کر رکوع میں جائے، رکوع میں اپنے گھٹنے پکڑ لے، انگلیاں کھلی رکھے، بازوؤں پہلو سے الگ رکھے، سر اور کمر بالکل برابر رکھے، بازوؤں میں خم نہ ہو، پنڈلیاں سیدھی رہیں اور نظریں دونوں پیروں کے درمیان رکھے اور تین، پانچ یا سات مرتبہ سبحان ربی العظیم کہے، پھر سمع اللہ لمن حمدہ کہتا ہوا خوب سیدھا کھڑا ہوجائے، پھر ربنا لک الحمد پڑھے، پھر اللہ اکبر کہتا ہوا سجدہ میں جائے، سجدہ میں جاتے وقت کمر بالکل سیدھی رکھے، گھٹنے زمیں پر رکھنے سے پہلے کمر میں خم نہ آنے پائے، پھر زمین پر پہلے گھٹنے رکھے، پھر کانوں کے برابر ہاتھ رکھے اور انگلیاں خوب ملا لے، پھر دونوں ہاتھوں کے درمیان پیشانی رکھے، سجدےکے وقت پیشانی اور ناک دونوں زمین پر رکھ دے، ہاتھوں کی انگلیاں خوب ملا کر قبلہ کی طرف رکھے اور پاؤں کھڑے رکھے اور ان کی انگلیاں قبلہ کی طرف قدرے مڑی ہوئی ہوں اور نگاہ ناک کی نوک پر ہواور خوب کھل کر سجدہ کرے تاکہ پیٹ رانوں سے اور بازو پہلوؤں سے جدا رہیں، دونوں بازو زمین سے اوپر رکھے، سجدہ میں کم سے کم تین دفعہ سبحان ربی الاعلیٰ کہے، پھر اللہ اکبر کہہ کر سیدھا بیٹھ جائے، پھر اسی طرح دوسرا سجدہ کرے، پھر تکبیر کہتا ہوا پنجوں کے بل سیدھا کھڑا ہوجائے، زمین پر ہاتھ ٹیک کر نہ اٹھے۔
یہ ایک رکعت پوری ہوئی، پھر بسم اللہ کہہ کر سورہ فاتحہ اور تین مختصر آیات یا ایک بڑی آیت یا کوئی سورت ملا کے دوسری رکعت اسی طرح پوری کرے، جب دوسری رکعت کادوسرا سجدہ کرلے تو دایاں پیر کھڑا رکھ کے بائیں پیر پر بیٹھ جائے اور دونوں ہاتھ اپنی رانوں پر اس طرح رکھے کہ انگلیاں قبلہ رخ اور اپنی اصلی حالت پر ہوں، نگاہیں گود کی طرف ہوں، پھر یہ تشھد پڑھے: التحیات للہ و الصلوات و الطیبات، السلام علیک أیھا النبی و رحمۃ اللہ و برکاتہ، السلام علینا و علی عباد اللہ الصالحین، أشھد ان لا الٰہ الا اللہ و أشھد ان محمدا عبدہ و رسولہ، جب "اشھد ان لا اله" پر پہنچے تو درمیانی انگلی اور انگوٹھے سے حلقہ بنا کر لا الٰہ کہتے وقت شہادت کی انگلی اٹھائے اور الا اللہ کہتے وقت جھکا دے، مگر حلقہ کی ہیئت آخر نماز تک باقی رکھے۔ اگر چار رکعت پڑھنا ہو تو اس سے زیادہ اور کچھ نہ پڑھے، بلکہ فورا اللہ اکبر کہہ کر اٹھ کھڑا ہو اور دو رکعتیں اور پڑھ لے۔ فرض نمازوں میں آخری دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ کے ساتھ اور کوئی سورت نہ ملائے، جب چوتھی رکعت پر بیٹھے تو پھر التحیات پڑھ کے یہ درود شریف پڑھے: اللھم صل علی محمد و علی اٰل محمد کما صلیت علی ابراھیم و علی اٰل ابراھیم انک حمید مجید، اللھم بارک علی محمد و علی اٰل محمد کما بارکت علی ابراھیم و علی اٰل ابراھیم انک حمید مجید۔ پھر یہ دعا پڑھے: ربنا اٰتنا فی الدنیا حسنۃ و فی الاٰخرۃ حسنۃ و قنا عذاب النار یا یہ دعا پڑھے: اللھم اغفر لی و لوالدی و لجمیع المؤمنین و المؤمنات و المسلمین و المسلمات الاحیاء منھم و الاموات یا کوئی اور دعا پڑھے جو قرآن مجید یا حدیث میں آئی ہو، پھر دائیں طرف سلام پھیر کر السلام علیکم و رحمۃ اللہ کہے، پھر یہی الفاظ کہہ کر بائیں طرف سلام پھیرے، سلام کرتے وقت فرشتوں پر سلام کرنے کی نیت کرے۔
(مستفاد از تسھیل بہشتی زیور، ص:262 )

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحیح مسلم: (باب استحباب رفع الیدین فی تکبیرۃ الاحرام، رقم الحدیث: 866)
عن مالك بن الحويرث رضی اللہ عنہ أنه رأى نبي الله صلى الله عليه وسلم... وقال حتى يحاذي بهما فروع أذنيه.

صحیح البخاری: (باب وضع الیمنی علی الیسریٰ، رقم الحدیث: 740)
:عَنْ سَھْلِ بْنِ سَعْدٍ رضی اللہ عنہ قَالَ کَانَ النَّاسُ یُؤْمَرُوْنَ اَنْ یَّضَعَ الرَّجُلُ الْیَدَ الْیُمْنٰی عَلٰی ذِرَاعِہِ الْیُسْریٰ فِی الصَّلٰوۃِ۔

مصنف ابن ابی شیبۃ: (وضع الیمین علی الشمال، رقم الحدیث: 3959)
عَنْ وَائِلِ بْنِ حُجْرٍ رضی اللہ عنہ قَالَ رَاَیْتُ النَّبِیَّ صلی اللہ علیہ وسلم وَضَعَ یَمِیْنَہٗ عَلَی شِمَالِہٖ فِی الصَّلٰوۃِ تَحْتَ السُّرَّۃِ•

المعجم الاوسط للطبرانی: (رقم الحدیث: 5991)
عن انس رضی اللہ عنہ (فی حدیث طویل: قال قال لی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم): یَابُنَیَّ اِذَارَکَعْتَ فَضَعْ کَفَّیْکَ عَلٰی رُکْبَتَیْکَ وَفَرِّجْ بَیْنَ اَصَابِعِکَ وَارْفَعْ یَدَیْکَ عَنْ جَنْبَیْکَ.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 856 Dec 05, 2020
mardon ka namaz parhne ka tariqa , Men's way of praying / performing prayer / namaz

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.