resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: معذور شخص کا ڈائپر (Diaper) پہن کر نماز پڑھنا

(61534-No)

سوال: السلام علیکم، مفتی صاحب! میرے والد صاحب کا پروسٹیٹ کا آپریشن ہوا ہے، جس کی وجہ سے پیشاب کے قطرے مسلسل آتے رہتے ہیں، ڈاکٹروں کے بقول 10 سے 12 دن تک یہ سلسلہ جاری رہے گا، اس کے بعد ان شاء اللہ ٹھیک ہوجائے گا۔
فی الحال انہوں نے پیمپر لگایا ہوا ہے، انہوں نے نماز کے لیے پیمپر اتار کر نماز پڑھنے کی کوشش کی، لیکن دورانِ نماز دوبارہ پیشاب کے قطرے نکل آئے، اب ان کے لیے کیا حکم ہے؟ کیا وہ پیمپر لگا کر نماز ادا کرسکتے ہیں؟ اور اس صورتِ حال میں انہیں نماز کس طرح ادا کرنی چاہیے؟ نیز وضو کتنی دیر تک قائم رہے گا؟ براہِ کرم اس بارے میں رہنمائی فرمائیں۔ اگر ممکن ہو تو جواب جلد عنایت فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً

جواب: شریعتِ کی اصطلاح میں "معذور" اُس شخص کو کہا جاتا ہے جس پر عذر کے ساتھ ایک نماز کا پورا وقت گزر جائے اور اس دوران عذر (مثلاً پیشاب کے قطرات) مسلسل موجود رہے اور اسے اتنی مہلت بھی نہ ملے کہ وہ وضو کرکے فرض نماز ادا کرسکے۔ ایسی صورت میں معذور کے لیے ہر نماز کا وقت داخل ہونے کے بعد ایک مرتبہ وضو کرلینا کافی ہوگا، یہ وضو وقت ختم ہونے تک باقی رہے گا اور اس عذر (پیشاب کے قطروں) کی وجہ سے نہیں ٹوٹے گا، اس دوران معذور اسی وضو سے فرض، سنّت، نفل اور دیگر تمام عبادات ادا کرسکتا ہے، البتہ نماز کا وقت ختم ہونے پر وضو خودبخود ختم ہوجائے گا۔
سوال میں پوچھی گئی صورت میں اگر آپ کے والد صاحب کا عذر مذکورہ درجے کا ہے، یعنی ان کو پاکی کے ساتھ نماز پڑھنے کا موقع نہیں مل رہا ہے تو وہ شرعاً معذور کے حکم میں ہیں، وقت کے اندر ایک مرتبہ وضو کرنے کے بعد قطروں کی وجہ سے ان کا وضو نہیں ٹوٹے گا اور ان کے لیے پیمپر (Pamper) وغیرہ پہن کر نماز پڑھنا بھی جائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

*الھندیۃ: (41/1، ط: دار الفکر)*
المستحاضة ومن به سلس البول أو استطلاق البطن أو انفلات الريح أو رعاف دائم أو جرح لا يرقأ يتوضئون لوقت كل صلاة ويصلون بذلك الوضوء في الوقت ما شاءوا من الفرائض والنوافل هكذا في البحر الرائق۔۔۔۔ويبطل الوضوء عند خروج وقت المفروضة بالحدث السابق. هكذا في الهداية وهو الصحيح.

*وفیه ایضاً: (137/1، ط: دارالفکر)*
مَرِيضٌ تَحْتَهُ ثِيَابٌ نَجِسَةٌ إنْ كَانَ بِحَالٍ لَايُبْسَطُ شَيْءٌ إلَّا وَيَتَنَجَّسُ مِنْ سَاعَتِهِ يُصَلِّي عَلَى حَالِهِ وَكَذَا إذَا لَمْ يَتَنَجَّسْ الثَّانِي لَكِنْ يَلْحَقُهُ زِيَادَةُ مَشَقَّةٍ بِالتَّحْوِيلِ، كَذَا فِي فَتَاوَى قَاضِي خَانْ۔

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

(مزید سوالات و جوابات کیلئے ملاحظہ فرمائیں)
http://AlikhlasOnline.com

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)