resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: کسی لڑکی سے نکاح کی خواہش اور دعا کرنے کا حکم

(63618-No)

سوال: السلام علیکم ،مولوی صاحب! میں آپ سے ایک ذاتی مسئلے کے بارے میں پوچھنا چاہتا ہوں، مجھے ایک لڑکی سے محبت ہے، وہ بہت خوبصورت، نیک دل اور نرم مزاج ہے، اسلامی احکامات کی پابندی کرتی ہے اور میرا خیال ہے کہ وہ بہت پاکیزہ دل کی انسان ہے، میں اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں اور میں کسی اور سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔
میں اللہ تعالیٰ سے اس کے لیے بہت دعائیں کرتا ہوں، کبھی آنکھوں میں آنسو بھی آ جاتے ہیں اور دعا کرتا ہوں کہ یا اللہ، اسے میری قسمت میں لکھ دے۔ میں صدقہ و خیرات بھی کرتا ہوں، اس کی کامیابی کے لیے دعا کرتا ہوں اور اپنے مستقبل کے لیے بھی اللہ سے دعا مانگتا ہوں۔
لیکن کبھی کبھی میرے ذہن میں بہت منفی اور تباہ کن خیالات آتے ہیں کہ اگر اللہ تعالیٰ نے اسے کسی اور کے نصیب میں لکھ دیا تو کیا ہوگا، کبھی غصے یا شدید پریشانی میں میرے ذہن میں یہ خیال بھی آتا ہے کہ میں نماز چھوڑ دوں، اگرچہ میں کسی دوسرے مذہب کو اختیار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ میں جانتا ہوں کہ ایسے خیالات درست نہیں، اسی لیے میں چاہتا ہوں کہ کوئی عالمِ دین مجھے صحیح رہنمائی دے۔
میں اس لڑکی کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق کوشش کرتا ہوں، اس کا خیال رکھتا ہوں، اس کی کامیابی اور اپنے مستقبل کے لیے دعا کرتا ہوں، لیکن اس صورتحال میں مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ مجھے کیا کرنا چاہیے۔
براہِ کرم مجھے قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ مجھے کیا کرنا چاہیے؟ کیا میں اس کے لیے دعا اور کوشش جاری رکھوں؟ اور اگر حالات میرے حق میں نہ ہوں تو مجھے اپنے دل اور ایمان کو کیسے سنبھالنا چاہیے؟
جزاکم اللہ خیراً

جواب: کسی لڑکی سے نکاح کی خواہش رکھنا اور اس کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کرنا بذاتِ خود جائز ہے۔ اگر نکاح کرنا ممکن ہو تو شرعی طریقے سے اس کی کوشش بھی کی جاسکتی ہے، البتہ دعا یہ ہونی چاہیے کہ اگر یہ رشتہ میرے حق میں بہتر ہے تو اللہ تعالیٰ اسے آسان فرمادے، ورنہ میرے لیے بہتر فیصلہ فرمائے۔ تاہم نامحرم خواتین سے بلا ضرورت رابطہ اور تعلق رکھنا شرعاً جائز نہیں، لہٰذا آپ مذکورہ لڑکی سے تعلق رکھنے کے بجائے نکاح کی بات چیت گھر والوں اور شرعی طریقے سے کریں۔
کسی شخص کی محبت کو اپنے ایمان اور نماز پر غالب نہ آنے دیں۔ رشتہ نہ ہونے کی صورت میں نماز چھوڑنے کا خیال انتہائی نامناسب ہے، البتہ ایسے خیالات بے اختیار ذہن میں آئیں اور آپ انہیں ناپسند کرتے ہوں تو محض ان کے آنے سے گناہ گار نہیں ہوں گے، لہٰذا جائز کوشش اور دعا کرتے رہیں، غیر شرعی تعلق سے بچیں اور نتیجہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کردیں، اس سلسلے میں قرآن شریف میں مذکور درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:
﴿رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا ●﴾
ترجمہ:ہمارے پروردگار! ہمیں اپنی بیوی بچوں سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما، اور ہمیں پرہیزگاروں کا سربراہ بنا دے۔ (الفرقان، الآية: ٧٤)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الكريم: (الفرقان، الآية: 74)

وَالَّذِينَ يَقُولُونَ رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا o

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Nikah