resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: شوہر کی غیر شرعی عادات کی وجہ سے اولاد پیدا نہ کرنے اور ازدواجی زندگی ختم کرنے کا حکم

(69430-No)

سوال: میری شادی پسند کی شادی ہے، میرے شوہر نے مجھے اپنے لیے موزوں سمجھ کر خود رشتہ بھیجا تھا، میری شادی نسبتاً زیادہ عمر میں ہوئی، اس وقت میری عمر 33 سال اور میرے شوہر کی عمر 32 سال تھی۔
شادی کے ابتدائی دنوں میں میرے شوہر نے مجھے فحش ویڈیوز دکھائیں جو میں نے ان کے ساتھ ایک دو مرتبہ دیکھیں، لیکن اس کے بعد میں نے انکار کردیا اور واضح کردیا کہ میں اس میں مزید شریک نہیں ہونا چاہتی۔
ہماری شادی کو اب تین سال ہوچکے ہیں، شوہر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس دیکھ کر میرے دل میں تجسس پیدا ہوا، میں نے محسوس کیا کہ ان کا بیرونی رویہ بھی مناسب نہیں، وہ دوسری عورتوں کو دیکھتے ہیں اور ان کے جسم کے مختلف اعضاء کے بارے میں تبصرے کرتے ہیں۔ اسی تجسس کی وجہ سے میں نے ان کا پاس ورڈ معلوم کرلیا، اگرچہ مجھے احساس ہے کہ شرعی اعتبار سے ایسا کرنا غلط تھا۔
میں نے ان کے اکاؤنٹ میں دیکھا کہ وہ فحش اور جنسی نوعیت کا مواد دیکھتے اور فالو کرتے ہیں۔ ہم یورپ میں رہتے ہیں، جب وہاں کی عورتیں ان کے قریب آتی ہیں تو وہ انہیں اپنے جسم کو چھونے دیتے ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں فحش مواد دیکھنے اور عورتوں کو دیکھنے میں خاص دلچسپی ہے، وہ نماز بھی ادا کرتے ہیں۔
فی الحال ہماری کوئی اولاد نہیں ہے، میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے بھی یورپ کے ماحول اور وہاں کے غلط طور طریقوں کو اپنائیں، ہم ایشیائی ہیں اور وہاں کے معاشرے کے بارے میں سوچ کر مجھے بہت خوف محسوس ہوتا ہے، مجھے کبھی کبھی یہ بھی خیال آتا ہے کہ مجھے اولاد پیدا نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ میری آنے والی نسل غلط راستوں پر چلے۔
حال ہی میں میں نے یہ سوچنا شروع کردیا ہے کہ شاید مجھے یہ شادی ختم کردینی چاہیے۔ براہِ کرم میری رہنمائی فرمائیں کہ مجھے اس صورتِ حال میں کیا کرنا چاہیے؟

جواب: واضح رہے کہ فحش ویڈیوز دیکھنا، غیر محرم عورتوں کو شہوت کی نظر سے دیکھنا، ان کے جسمانی اعضاء کے متعلق نازیبا تبصرے کرنا اور انہیں اپنے جسم کو چھونے کی اجازت دینا شرعاً ناجائز اور گناہ کبیرہ ہے، جبکہ شادی کے بعد ایسی حرکت کی قباحت اور بڑھ جاتی ہے، لہٰذا آپ کے شوہر کے لیے ضروری ہے کہ وہ ان تمام ناجائز امور سے سچی توبہ کرے، اس بُری عادت سے چھٹکارے کے لیے تنہائی سے بچے اور اپنے آپ کو اس سے نجات دلانے کی فکر کرے، نماز ادا کرنا یقیناً اچھی بات ہے، لیکن نماز کے ساتھ فحش اور حرام کاموں سے بچنا بھی ضروری ہے، کیونکہ نماز کی یہ خاصیت ہے کہ "بے شک نماز بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے۔" (سورۃ العنکبوت: 45) لہذا اگر نماز کے باوجود انسان گناہوں میں مبتلا ہے تو اسے اپنی نماز کی کیفیت، خشوع و خضوع اور اصلاحِ نفس پر توجہ دینی چاہیے۔
آپ کو چاہیے کہ اپنے شوہر کو حکمت، نرمی اور اچھے انداز سے سمجھائیں اور انہیں ان گناہوں کے دینی و اخروی نقصانات سے آگاہ کریں، ان کے ساتھ اس موضوع پر سنجیدگی سے گفتگو کریں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ ان کے اس طرزِ عمل سے آپ کو شدید ذہنی تکلیف پہنچ رہی ہے اور ازدواجی زندگی بھی متاثر ہورہی ہے۔
اولاد کے متعلق آپ کا یہ خوف کہ یورپ کے ماحول میں بچے غلط طور طریقے اختیار کرلیں گے، قابلِ فہم ہے، لیکن محض اس اندیشے کی بنیاد پر اولاد پیدا نہ کرنے کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں، اولاد کی دینی تربیت والدین کی ذمہ داری ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ بچے پیدا ہونے کے بعد بچوں کو اسلامی تعلیمات سے آراستہ کریں، اچھا ماحول فراہم کریں اور ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور ان کے لیے دعا کا خصوصی اہتمام کریں۔ اس کے باوجود اگر موجودہ ماحول بچوں کی دینی تربیت کے لیے نامناسب ہو تو کسی ایسے علاقے یا ملک میں منتقل ہونے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے جہاں دینی ماحول اور تربیت کے بہتر مواقع میسر ہوں۔
جہاں تک نکاح ختم کرنے کے بارے میں آپ کے خیال کا تعلق ہے تو محض شوہر کی مذکورہ کوتاہیوں کی وجہ سے فوراً طلاق یا علیحدگی کا فیصلہ کرنا انتہائی غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے، لہذا اس خیال کو ترک کرکے خاوند کی خدمت کرتے ہوئے ان کے ساتھ محبت سے پیش آئیں، ان کے ساتھ حسنِ سلوک کا معاملہ کریں، اور ان کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کریں، ان شاءاللہ! اللہ پاک ان کو ان گناہوں سے توبہ کی توفیق عطا فرمادیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (النور، الایة: 30)
قُلْ لِّلْمُؤْمِنِيْنَ يَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِهِمْ وَيَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْ ۚ ذٰلِكَ اَزْكٰى لَهُمْ ۗ اِنَّ اللّٰهَ خَبِيْرٌ بِمَا يَصْنَعُوْنَo

القرآن الكريم: (النساء، الاية: 128)
وَإِنِ امْرَأَةٌ خَافَتْ مِنْ بَعْلِهَا نُشُوزًا أَوْ إِعْرَاضًا فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا أَنْ يُصْلِحَا بَيْنَهُمَا صُلْحًا وَالصُّلْحُ خَيْرٌ وَأُحْضِرَتِ الْأَنْفُسُ الشُّحَّ وَإِنْ تُحْسِنُوا وَتَتَّقُوا فَإِنَّ اللَّهَ كَانَ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرًاO

صحيح مسلم: (رقم الحدیث: 2657، ط: دار احیاء التراث العربي)
عن أبي هريرة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: كتب على ابن آدم نصيبه من الزنا مدرك ذلك لا محالة، فالعينان زناهما النظر، والأذنان زناهما الاستماع، واللسان زناه الكلام، واليد زناها البطش، والرجل زناها الخطا، والقلب يهوى ويتمنى، ويصدق ذلك الفرج ويكذبه.

سنن ابی داؤد: (رقم الحدیث: 2152، ط: دار الرسالة العالمیة)
قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ،" إِنَّ اللَّهَ كَتَبَ عَلَى ابْنِ آدَمَ حَظَّهُ مِنَ الزِّنَا أَدْرَكَ ذَلِكَ لَا مَحَالَةَ، فَزِنَا الْعَيْنَيْنِ النَّظَرُ، وَزِنَا اللِّسَانِ الْمَنْطِقُ، وَالنَّفْسُ تَمَنَّى وَتَشْتَهِي، وَالْفَرْجُ يُصَدِّقُ ذَلِكَ وَيُكَذِّبُهُ".

الزواجر عن اقتراف الکبائر: (5/2، ط: دار الفكر)
ایاکم والدخول علی النساء

الهداية: (4/ 368، ط: دار احیاء التراث العربي)
قال: "ولا يجوز أن ينظر الرجل إلى الأجنبية إلا وجهها وكفيها"

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Nikah