resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: مجلسِ نکاح میں ایک طرف سے ایجاب و قبول نہ ہونے اور وکالت کے مبہم ہونے کی صورت میں نکاح کا شرعی حکم

(63621-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! میں اپنے نکاح کی صحت کے بارے میں شرعی حکم معلوم کرنا چاہتا ہوں، براہِ کرم درج ذیل تفصیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے رہنمائی فرمائیں۔
دولہا (میں خود) نکاح کی مجلس میں موجود تھا، اس کے ساتھ دو مرد گواہ اور ایک خاتون وکیل موجود تھیں، جو دلہن کی نمائندگی کرنے والی تھیں، دلہن بالغ تھی اور اس نے اپنی رضامندی سے بغیر کسی دباؤ یا جبر کے نکاح پر رضامندی ظاہر کی تھی، دلہا اور دلہن دونوں کفو (ہم پلہ/ہم مرتبہ) تھے، دونوں مرد گواہ میرے کزن تھے، وہ میری طرف سے تھے اور دلہن کے رشتہ دار نہیں تھے، خاتون وکیل میری حقیقی بہن تھیں،دلہن نے انہیں صراحتاً اپنا وکیل مقرر نہیں کیا تھا، تاہم وہ اس بات پر رضامند تھی کہ میری بہن اس کی وکیل کی حیثیت سے کام کرے، دلہن کو پہلے سے معلوم تھا کہ نکاح کے سلسلے میں میری بہن اس کی نمائندگی کریں گی، ہم سب ایک مجلس میں بیٹھے ہوئے تھے کہ دلہن وہاں آئی،میری بہن (جو وکیل کی حیثیت سے موجود تھیں) نے آہستہ سے دلہن کے کان میں پوچھا: "کیا آپ [میرا نام] کو نکاح میں اپنا شوہر قبول کرتی ہیں اور کیا آپ اس بات پر رضامند ہیں کہ مہر بعد میں ادا کیا جائے؟" دلہن نے "ہاں" میں جواب دیا اور سر ہلایا۔ اس کے بعد وہ مجلس سے چلی گئی، تاہم دلہن نے اپنی بہن سے صراحتاً یہ نہیں کہا کہ "میں آپ کو [میرا نام] کے ساتھ میرا نکاح کرنے کے لیے اپنا وکیل مقرر کرتی ہوں" یا "آپ میرا نکاح ان کے ساتھ کر دیں۔" اس گفتگو کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد ہم نے گاڑی کے اندر نکاح کیا، اس وقت دلہن وہاں موجود نہیں تھی، میری بہن (جو وکیل کی حیثیت سے موجود تھیں) گاڑی میں میرے اور دونوں مرد گواہوں کے ساتھ موجود تھیں، میں نے خود نکاح کی کارروائی مکمل کی اور خطبۂ نکاح بھی پڑھا، اپنی بہن، جو وکیل کی حیثیت سے موجود تھیں اور دونوں مرد گواہوں کی موجودگی میں میں نے کہا: "میں [دلہن کا پورا نام] بنت [اس کے والد کا نام] کو اپنے نکاح میں قبول کرتا ہوں۔" یہ کہتے ہوئے میں نے پہلے وکیل کی طرف اور پھر دونوں گواہوں کی طرف دیکھا۔ میں نے یہ بھی کہا کہ مہر بعد میں ادا کیا جائے گا اور میں اس پر رضامند ہوں، آخر میں دعا کی۔ نکاح کے وقت مہر کی مقدار نہ تو بیان کی گئی اور نہ ہی متعین کی گئی، تاہم دلہن بعد میں مہر وصول کرنے پر رضامند تھی اور اس نے صراحتاً اس بات کو قبول کیا تھا کہ مہر بعد کی تاریخ میں ادا کیا جائے گا۔
اس ضمن میں میرے سوالات یہ ہیں:
1) کیا دلہن کا "ہاں" کہنا اور سر ہلانا میری بہن کو اپنا وکیل مقرر کرنے کے لیے کافی تھا؟
2) کیا دلہن کے لیے یہ صراحتاً کہنا ضروری ہے کہ وہ فلاں شخص کو اپنا وکیل مقرر کرتی ہے تاکہ وہ اس کا نکاح کرائے یا مذکورہ صورتِ حال میں اس کی رضامندی اور حالات سے وکالت کا تقرر ثابت ہوسکتا ہے؟
3) کیا اس بات سے نکاح کی صحت پر کوئی اثر پڑتا ہے کہ میری بہن وکیل تھیں، جبکہ دلہن نے انہیں صراحتاً وکیل مقرر نہیں کیا تھا، البتہ وہ ان کے وکیل کی حیثیت سے کام کرنے پر رضامند تھی؟
4) چونکہ نکاح کی آخری کارروائی کے وقت دلہن جسمانی طور پر موجود نہیں تھی، کیا نکاح سے تقریباً آدھا گھنٹہ پہلے وکیل کو دی گئی اس کی رضامندی شرعی طور پر کافی تھی؟
5)کیا اس بات سے نکاح کی صحت پر کوئی اثر پڑتا ہے کہ دونوں مرد گواہ میرے کزن تھے اور میری طرف سے تھے، نہ کہ دلہن کی طرف سے؟
6) چونکہ میں نے خود نکاح کی کارروائی مکمل کی، خطبۂ نکاح پڑھا اور دو مرد گواہوں اور اپنی بہن، جو وکیل کی حیثیت سے موجود تھیں، کے سامنے اپنی طرف سے قبول کیا، کیا اس صورت میں ایجاب و قبول کی شرعی شرط پوری ہوگئی؟
7) کیا نکاح کے وقت مہر کی مقدار متعین نہ ہونے سے نکاح کی صحت متاثر ہوتی ہے، جبکہ دلہن بعد میں مہر وصول کرنے پر رضامند تھی؟
8) کیا اس بات کا کہ دلہا اور دلہن دونوں کفو تھے، مذکورہ صورتِ حال میں نکاح کی صحت پر کوئی اثر ہے؟
9)مذکورہ تمام تفصیلات کی روشنی میں کیا میرا نکاح شرعاً صحیح ہوا تھا، یا مزید کسی شرعی کارروائی کی ضرورت ہے؟
براہِ کرم مذکورہ تمام تفصیلات کے مطابق حنفی فقہ کی روشنی میں واضح حکم عنایت فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً

جواب: مذکورہ کارروائی کے نتیجے میں نکاح شرعاً منعقد نہیں ہوا، جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ نکاح کے لیے مجلسِ عقد میں دونوں جانب سے باقاعدہ ایجاب و قبول کا پایا جانا اور گواہوں کا دونوں طرف کا کلام سننا ضروری ہے۔ جب گاڑی میں صرف دولہا نے یہ کہا کہ: "میں فلاں کو اپنے نکاح میں قبول کرتا ہوں"، جبکہ وہاں موجود بہن نے دلہن کی طرف سے زبان سے کوئی ایجاب یا قبول ادا نہیں کیا تو صرف یک طرفہ کلام سے شرعی عقد وجود میں نہیں آیا، لہٰذا دونوں کے لیے باہم میاں بیوی کی حیثیت سے رہنا شرعاً جائز نہیں، تاوقتیکہ دو شرعی گواہوں کی موجودگی میں باقاعدہ نئے سرے سے نکاح نہ کر لیا جائے۔
آپ کے سوالات کے مختصرجوابات درج ذیل ہیں:
1) دلہن کی رضامندی اور وکالت کی حیثیت
دلہن سے جب یہ پوچھا گیا کہ: "کیا آپ فلاں کو نکاح میں اپنا شوہر قبول کرتی ہیں؟" اور اس نے "ہاں" کہا تو اس سے نکاح پر اس کی رضامندی ظاہر ہوتی ہے، لیکن مذکورہ الفاظ سے بہن کو عقدِ نکاح کے لیے باقاعدہ وکیل مقرر کرنا صراحتاً ثابت نہیں ہوتا، اگرچہ وکالت کے لیے مخصوص الفاظ ضروری نہیں اور بعض صورتوں میں عرف و قرائن سے بھی وکالت ثابت ہوسکتی ہے، لیکن مذکورہ صورت میں دلہن نے یہ نہیں کہا کہ: "آپ میرا نکاح ان سے کر دیں" یا "میں آپ کو اپنا وکیل مقرر کرتی ہوں۔" لہٰذا صرف مذکورہ رضامندی کی بنیاد پر بہن کی وکالت کو قطعی طور پر ثابت نہیں کیا جاسکتا۔
2۔ وکالت کے لیے صریح الفاظ کی حیثیت
وکالت کے لیے ہر حال میں یہ کہنا ضروری نہیں کہ: "میں فلاں کو اپنا وکیل مقرر کرتی ہوں"، بلکہ ایسا کلام بھی کافی ہوسکتا ہے جس سے عرفاً یا سیاق و سباق دیکھنے سے وکالت کا مفہوم واضح ہوتا ہو، تاہم زیرِ نظر صورت میں دلہن کا جواب صرف نکاح پر رضامندی کے سوال کے جواب میں تھا، اس لیے اسے بہن کو عقدِ نکاح کا وکیل مقرر کرنے کا صریح یا واضح عرفی اذن قرار دینا مشکل ہے۔
3۔ بہن کا وکیل ہونا
اگر دلہن اپنی بہن کو نکاح کے لیے باقاعدہ وکیل مقرر کرتی تو اس میں شرعاً کوئی حرج نہ تھا، وکیل کا عورت ہونا یا اس کا دولہے کی حقیقی بہن ہونا، بذاتِ خود وکالت کے لیے مانع نہیں۔ اصل مسئلہ وکالت کے ثابت نہ ہونے اور پھر وکیل کی طرف سے مجلسِ عقد میں موکلہ کی جانب سے ایجاب یا قبول نہ ہونے کا ہے۔
4۔ دلہن کی مجلسِ عقد میں عدم موجودگی
دلہن کا خود مجلسِ نکاح میں موجود ہونا ضروری نہیں، بشرطیکہ اس کی طرف سے باقاعدہ وکیل موجود ہو اور وہ موکلہ کی جانب سے ایجاب یا قبول کرے، تاہم عقد سے تقریباً نصف گھنٹہ پہلے دلہن کا "ہاں" کہنا، بعد کی مجلسِ عقد میں ایجاب و قبول کا قائم مقام نہیں بن سکتا، کیونکہ دونوں مواقع الگ مجالس تھے، لہٰذا اگر دلہن خود موجود نہ ہو تو اس کی طرف سے وکیل کو اسی مجلس میں اس کی جانب سے صیغۂ عقد ادا کرنا ضروری تھا۔
5۔ گواہوں کا دولہے کی طرف سے ہونا
دونوں مرد گواہوں کا دولہے کے کزن ہونا اور دولہے کی طرف سے ہونا نکاح کی صحت کے لیے مانع نہیں، نکاح کے گواہوں کے لیے یہ شرط نہیں کہ ایک فریق کے رشتہ دار نہ ہوں یا دونوں خاندانوں کی طرف سے الگ الگ گواہ ہوں۔ اصل یہ ہے کہ شرعی طور پر معتبر گواہ مجلسِ عقد میں موجود ہوں اور ایجاب و قبول سنیں۔
6۔ دولہے کا صرف قبول کرنا
گاڑی میں دولہے نے یہ کہا: "میں فلاں بنت فلاں کو اپنے نکاح میں قبول کرتا ہوں"۔ یہ قبول کے مفہوم میں ہے، لیکن اسی مجلس میں اس سے پہلے یا اس کے ساتھ دلہن کی طرف سے کوئی ایجاب موجود نہیں تھا، اسی طرح وہاں موجود بہن نے بھی دلہن کی طرف سے کوئی ایسا جملہ ادا نہیں کیا جس سے ایجاب ثابت ہوتا، مثلاً: "میں نے اپنی موکلہ فلاں بنت فلاں کا نکاح آپ سے کردیا"، لہٰذا اس مجلس میں ایجاب و قبول دونوں کا اجتماع نہیں ہوا اور صرف دولہے کے قبول کرنے سے نکاح منعقد نہیں ہوا۔
7۔ مہر کی مقدار متعین نہ ہونا
اگر نکاح کی دیگر شرائط مکمل ہوں تو نکاح کے وقت مہر کی مقدار متعین نہ ہونے سے نکاح باطل نہیں ہوتا، بلکہ ایسی صورت میں عورت کے لیے مہرِ مثل لازم ہوتا ہے، اسی طرح مہر کی ادائیگی کو بعد کے وقت کے لیے مؤخر کرنا بھی بذات خود نکاح کی صحت کے لیے مانع نہیں، لہٰذا موجودہ معاملے میں اصل اشکال مہر کا عدمِ تعین نہیں بلکہ ایجاب و قبول کا مکمل نہ ہونا ہے۔
8۔ کفاءت
دولہا اور دلہن کا باہم کفو ہونا اس معاملے میں نکاح کی طرف سے کسی رکاوٹ کو ختم کرتا ہے، تاہم کفاءت کی موجودگی بھی ایجاب و قبول کی شرط کو ساقط نہیں کرتی، لہٰذا فریقین کا کفو ہونا اپنی جگہ درست ہے، لیکن اس سے ایجاب و قبول کے بغیر نکاح منعقد نہیں ہوجاتا۔
حتمی شرعی حکم
مذکورہ تمام تفصیلات کے مطابق اگر واقعتاً یہی صورت ہے کہ نکاح کی آخری مجلس میں دلہن موجود نہیں تھی، اس کی طرف سے وکیل نے کوئی ایجاب یا قبول ادا نہیں کیا اور دولہے نے صرف یہ کہا کہ "میں فلاں بنت فلاں کو اپنے نکاح میں قبول کرتا ہوں" تو مذکورہ مجلس میں شرعی ایجاب و قبول مکمل نہیں ہوا، لہٰذا نکاح منعقد نہیں ہوا، اس لیے دونوں کے لیے میاں بیوی کی حیثیت سے باہمی تعلق قائم کرنا جائز نہیں، اگر دونوں ایک دوسرے سے نکاح پر رضامند ہیں تو دو شرعی گواہوں کی موجودگی میں نئے سرے سے نکاح کرنا ضروری ہے۔
تجدیدِ نکاح کا شرعی طریقہ
1۔ براہِ راست نکاح:
دلہن خود مجلسِ نکاح میں موجود ہو، دو عاقل، بالغ مسلمان مرد یا ایک مرد اور دو عورتیں گواہ موجود ہوں اور دولہا کہے:"میں نے اتنے مہر کے عوض آپ سے نکاح کیا۔"دلہن کہے:"میں نے قبول کیا۔"اس طرح ایجاب و قبول مکمل ہوجائے گا۔
2۔ بذریعہ وکیل نکاح:
اگر دلہن مجلس میں موجود نہ ہو تو وہ پہلے کسی شخص کو واضح طور پر اپنا وکیل مقرر کرے، مثلاً: کہے:"میں فلاں شخص کو اپنا وکیل مقرر کرتی ہوں کہ وہ میرا نکاح فلاں بن فلاں سے کردے۔"پھر مجلسِ نکاح میں وکیل دو شرعی مرد گواہوں کی موجودگی میں دولہے سے کہے:"میں نے اپنی موکلہ فلاں بنت فلاں کا نکاح اتنے مہر کے عوض آپ سے کردیا۔"دولہا کہے:"میں نے قبول کیا۔"اس طرح شرعی ایجاب و قبول مکمل ہوجائے گا۔
لہٰذا موجودہ صورت میں دوبارہ از سر نو نکاح کرلینا ضروری ہے اور آئندہ کسی نزاع سے بچنے کے لیے نکاح کے وقت مہر کی مقدار بھی واضح طور پر متعین کرلی جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الدر المختار مع رد المحتار: (14/3، ط: دار الفكر- بيروت)
ومن شرائط الإيجاب والقبول: اتحاد المجلس لو حاضرين، وإن طال كمخيرة، وأن لا يخالف الإيجاب القبول كقبلت النكاح لا المهر.
(قوله: اتحاد المجلس) قال في البحر: فلو اختلف المجلس لم ينعقد، فلو أوجب أحدهما فقام الآخر أو اشتغل بعمل آخر بطل الإيجاب؛ لأن شرط الارتباط اتحاد الزمان فجعل المجلس جامعا تيسيرا؛ وأما الفور فليس من شرطه؛ ولو عقدا وهما يمشيان أو يسيران على الدابة لا يجوز، وإن كان على سفينة سائرة جاز. اه. أي؛ لأن السفينة في حكم مكان واحد.
[فرع]قال في المنية: قال زوجتك بنتي فسكت الخاطب فقال الصهر أي أبو البنت ادفع المهر فقال نعم فهو قبول وقيل لا. اه. وهذا يوهم أن عندنا قولا باشتراط الفور، وأن المختار عدمه. وأجاب في الفتح بأنه قد يكون منشأ هذا القول من جهة أنه كان متصفا بكونه خاطبا فحيث سكت ولم يجب على الفور كان ظاهرا في رجوعه، فقوله: نعم بعده لا يفيد بمفرده لا؛ لأن الفور شرط مطلقا، والله سبحانه أعلم. اه. (قوله: لو حاضرين) احترز به عن كتابة الغائب لما في البحر عن المحيط الفرق بين الكتاب والخطاب أن في الخطاب لو قال: قبلت في مجلس آخر لم يجز وفي الكتاب يجوز؛ لأن الكلام كما وجد تلاشى فلم يتصل الإيجاب بالقبول في مجلس آخر فأما الكتاب فقائم في مجلس آخر، وقراءته بمنزلة خطاب الحاضر فاتصل الإيجاب بالقبول فصح. اه.
ومقتضاه أن قراءة الكتاب في مجلس آخر لا بد منها ليحصل الاتصال بين الإيجاب والقبول، وحينئذ فاتحاد المجلس شرط في الكتاب أيضا، وإنما الفرق هو الكتاب، وإمكان قراءته ثانيا، فلو حذف قوله حاضرين كالنهر لكان أولى والظاهر أنه لو كان مكان الكتاب رسول بالإيجاب فلم تقبل المرأة ثم أعاد الرسول الإيجاب في مجلس آخر فقبلت لم يصح؛ لأن رسالته انتهت أولا بخلاف الكتابة؛ لبقائها أفاده الرحمتي. اه.

الاختيار لتعليل المختار للعلامة الموصلي: (90/3، ط دار الكتب العلمية)
"فَصْلٌ: وَعِبَارَةُ النِّسَاءِ مُعْتَبَرَةٌ فِي النِّكَاحِ حَتَّى لَوْ زَوَّجَتِ الْحُرَّةُ الْعَاقِلَةُ الْبَالِغَةُ نَفْسَهَا جَازَ، وَكَذَلِكَ لَوْ زَوَّجَتْ غَيْرَهَا بِالْوِلَايَةِ أَوِ الْوَكَالَةِ، وَكَذَا إِذَا وَكَّلَتْ غَيْرَهَا فِي تَزْوِيجِهَا، أَوْ زَوَّجَهَا غَيْرُهَا فَأَجَازَتْ"4۔

التجريد للإمام القدوري: (مسألة: 1038، 4352/9، ط دار السلام)
"قَالَ أَصْحَابُنَا: يَجُوزُ لِلْمَرْأَةِ أَنْ تَعْقِدَ النِّكَاحَ لِنَفْسِهَا، وَتَكُونَ وَكِيلَةً لِلرَّجُلِ فَتَعْقِدَ لَهُ وَلِلْوَلِيِّ. فَتُزَوِّجَ وَلِيَّتَهَا، وَتُزَوِّجَ أَمَتَهَا"

الهداية: (192/1، ط: دار إحياء التراث العربي – بيروت، لبنان)
"وَإِنْ فَعَلَ هَذَا غَيْرُ الْوَلِيِّ لَمْ يَكُنْ رِضًا حَتَّى تَتَكَلَّمَ بِهِ، لِأَنَّ هَذَا السُّكُوتَ لِقِلَّةِ الْإِلْتِفَاتِ إِلَى كَلَامِهِ فَلَمْ يَقَعْ دَلَالَةً عَلَى الرِّضَا، وَالِاكْتِفَاءُ بِمِثْلِهِ لِلْحَاجَةِ وَلَا حَاجَةَ فِي حَقِّ غَيْرِ الْأَوْلِيَاءِ"

والله تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Nikah