resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: ملازمت کے ساتھ منظم طور پر دینی تعلیم حاصل کرنے کا طریقہ

(64714-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، شیخ صاحب! میں دینی تعلیم کے حوالے سے آپ کی رہنمائی چاہتا ہوں۔
میری عمر 27 سال ہے، میں سافٹ ویئر انجینئر ہوں اور کراچی میں مقیم ہوں، الحمدللہ! کچھ عرصے سے دین کو سنجیدگی سے سیکھنے میں دلچسپی رکھتا ہوں، اب تک میری زیادہ تر دینی تعلیم ذاتی مطالعے کے ذریعے ہوئی ہے۔
میں نے استاذ نعمان علی خان سے قرآنی عربی سیکھی ہے، تفسیر کی متعدد کتابیں پڑھی ہیں، سیرت کے حوالے سے الرحيق المختوم کا مطالعہ کیا ہے، ریاض الصالحین اور احادیث کی بعض دیگر کتابیں پڑھی ہیں، نیز قصص الانبیاء، بہشتی زیور وغیرہ کا بھی مطالعہ کیا ہے۔ تاہم اب مجھے محسوس ہوتا ہے کہ خود سے مختلف موضوعات کا غیر منظم انداز میں مطالعہ کرنے کے بجائے کسی باقاعدہ نصاب کے تحت تعلیم حاصل کرنی چاہیے، تاکہ اہلِ علم کی رہنمائی میں دین کی مضبوط اور جامع سمجھ پیدا کر سکوں۔
اس سلسلے میں درج ذیل امور میں آپ کی رہنمائی درکار ہے:
1) کیا مجھے باقاعدہ عالم کورس یا درسِ نظامی میں داخلہ لینا چاہیے یا میرے مقاصد کے لیے دینی علوم کا کوئی منظم جزوقتی پروگرام کافی ہوگا؟
2) چونکہ میں کل وقتی ملازمت کرتا ہوں اور بنیادی طور پر ہفتے کے اختتام پر وقت نکال سکتا ہوں، اس لیے میری صورتِ حال میں دینی تعلیم حاصل کرنے کا بہترین طریقہ کیا ہوگا؟
3) کیا دینی تعلیم کے لیے کسی اسلامی یونیورسٹی یا مدرسے میں باقاعدہ حاضری ضروری ہے یا کسی اچھے ادارے کے جزوقتی پروگرام کے ذریعے بھی معیاری دینی تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے؟
4) کن علوم کو کس ترتیب سے پڑھنا چاہیے؟ مثلاً: عربی، عقیدہ، فقہ، اصولِ فقہ، تفسیر، حدیث، سیرت، علوم القرآن اور علوم الحدیث وغیرہ۔
5) کراچی میں سنجیدہ اور طویل المدت دینی تعلیم کے لیے آپ کن اداروں یا اساتذہ کی سفارش فرمائیں گے؟
6) اگر میرا مقصد باقاعدہ عالم بننا نہیں، بلکہ دین کو صحیح طور پر سمجھنا، اس پر درست طریقے سے عمل کرنا، مستند علم اور کمزور یا غیر مستند معلومات میں فرق کرنا، اور بالآخر اپنے اہلِ خانہ اور بچوں کی دینی تربیت کرنا ہو تو آپ کے خیال میں مجھے کتنے سال تعلیم حاصل کرنی چاہیے؟
7) میری اہلیہ بھی دین کو سنجیدگی سے سیکھنے میں دلچسپی رکھتی ہیں، ان کے لیے بھی مناسب نصاب کراچی میں خواتین کے اچھے دینی اداروں اور مستند معلمات کے حوالے سے رہنمائی فرما دیں۔
خصوصاً میں ایک عملی لائحۂ عمل چاہتا ہوں، مثلاً پہلے سال کن علوم پر توجہ دوں، آئندہ چند سالوں میں کن موضوعات کو ترجیح دوں، اور کل وقتی ملازمت کے ساتھ طویل عرصے تک دینی تعلیم کا سلسلہ کس طرح جاری رکھوں۔ جزاکم اللہ خیراً، آپ کے وقت اور رہنمائی کا بہت شکریہ۔

جواب:
ملازمت اور دیگر دنیاوی مصروفیات کے ساتھ دین کو منظّم انداز میں سیکھنے کا جذبہ نہایت قابلِ قدر ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جذبے کو قبول فرمائے، علمِ نافع عطا فرمائے اور حاصل شدہ علم پر عمل کی توفیق نصیب فرمائے۔
آپ کی بیان کردہ صورتِ حال کے مطابق، چونکہ آپ کل وقتی ملازمت کرتے ہیں اور صرف ہفتہ وار تعطیل میں وقت نکال سکتے ہیں، اس لیے آپ کے لیے فی الحال کل وقتی درسِ نظامی میں داخلہ لینا وقت کی کمی کے باعث پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔ نیز آپ کا بنیادی مقصد دین کے ضروری علوم کو سمجھنا، ان پر عمل کرنا اور اپنے اہلِ خانہ کی دینی تربیت کرنا ہے، اس لیے ابتدا میں کل وقتی درسِ نظامی میں داخلہ لینا ضروری نہیں۔
آپ کے لیے زیادہ مناسب اور بہتر یہ ہے کہ کسی مستند دینی ادارے کے تحت باقاعدہ جزوقتی ایسا جامع نصاب اختیار کریں، جس میں قرآن کریم، حدیث، عقائد، فقہ اور عربی زبان کی تعلیم مستند اساتذہ کی نگرانی میں دی جاتی ہو۔ اس سلسلے میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا مرتب کردہ دو سالہ دراساتِ دینیہ کا نصاب ابتدائی طور پر ایک مناسب انتخاب ہو سکتا ہے۔ اس میں عقائد، قرآن کریم، حدیث، فقہ اور عربی زبان جیسے بنیادی اور ضروری مضامین شامل کیے گئے ہیں۔
عموماً مدارس میں اس نصاب کو پڑھانے کے لیے صبح اور شام کے دو اوقات مقرر کیے جاتے ہیں، آپ اگر شام کے اوقات میں ملازمت کے بعد وقت نکال سکیں تو اس میں آپ کے لیے زیادہ فائدہ ہے، اور اگر آپ کے لیے روزانہ پڑھنے کی ترتیب مشکل ہو تو کسی ایسے ادارے یا مستند استاذ سے رجوع کریں جو آپ کو اپنے شیڈول کے مطابق یہ نصاب اور اس طرح کا کوئی دوسرا جامع نصاب پڑھاسکے۔
کراچی میں ایسے مستند دینی ادارے بہت سے ہیں جہاں سے آپ اپنی تعلیم کا آغاز کرسکتے ہیں جیسے: جامعہ دار العلوم کراچی، جامعہ بنوری ٹاؤن وغیرہ
ہمارے ادارے "دار الافتاء الاخلاص" میں بھی ابتدائی علمِ دین کی تعلیم مرد وعورت دونوں کو علیحدہ علیحدہ دی جاتی ہے، جہاں گھر بیٹھے آن لائن آپ اور آپ کی اہلیہ اپنی تعلیم ہمارے مستند اور محنتی اساتذہ کی نگرانی میں حاصل کرسکتے ہیں، اور تعلیم کا وقت بھی باہم مشورہ سے طے کیا جاسکتا ہے۔
آپ نے اب تک ذاتی مطالعے کے ذریعے جو دینی معلومات حاصل کی ہیں، انہیں اگر کسی استاذ کی رہنمائی میں منظّم انداز سے آگے بڑھائیں گے تو ان شاء اللہ یہ مطالعہ زیادہ مفید اور پختہ ہوگا۔
علومِ دینیہ کی ترتیب
دینی علوم کے مطالعے میں مناسب ترتیب اختیار کرنا ضروری ہے۔ ابتدا میں درج ذیل امور پر توجہ دی جانی چاہیے:
قرآن کریم: درست تلاوت، ترجمہ اور مختصر تفسیر۔
حدیث: منتخب احادیث کا ترجمہ اور مفہوم۔
عقائد: اہلِ سنت والجماعت کے بنیادی عقائد۔
فقہ: روزمرہ زندگی کے بنیادی اور ضروری شرعی مسائل۔
سیرت: سیرتِ نبوی ﷺ اور اسلامی تاریخ کا مطالعہ۔
عربی زبان: صرف و نحو کی بنیادی تعلیم۔
ان بنیادی علوم کے بعد اپنے اساتذہ کے مشورے سے حسبِ شوق ورغبت اصولِ فقہ، اصولِ تفسیر، علوم القرآن اور اصولِ حدیث جیسے مضامین کی طرف بڑھیں۔ ان علوم کا مطالعہ اس وقت زیادہ مفید ہوگا جب طالبِ علم کو بنیادی عربی، فقہ اور قرآن وحدیث سے مناسب واقفیت حاصل ہو چکی ہو۔
تعلیم کی مدت اور آئندہ کا لائحۂ عمل
آپ کے بیان کردہ مقاصد کے پیشِ نظر ابتدا میں دو سالہ دراساتِ دینیہ یا اس طرح کا کوئی منظّم نصاب مکمل کرنا مفید ہوگا۔ اس کے بعد بھی اپنے اساتذہ کے مشورے کے مطابق مزید علوم کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اس طرح تین سے پانچ سال یا اس سے زائد عرصے میں آپ کو دینی علوم کی اچھی بنیادی واقفیت اور عملی رہنمائی حاصل ہوجائے گی۔
ملازمت کے ساتھ تعلیم جاری رکھنا اگرچہ مشکل ہے، لیکن علومِ دینیہ کو سیکھنے کے لیے روزانہ کچھ وقت سبق کی تیاری، دہرائی اور مطالعے کے لیے مختص کرنے کی کوشش کریں۔ سبق سے پہلے مطالعے، سبق کو غور سے سننے اور پھر دہرائی کا ایک مستقل معمول بنائیں اور اسے اپنی ملازمت اور گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ متوازن رکھیں۔
چند ضروری تنبیہات
علمِ دین حاصل کرنے میں نیت کی درستگی بھی نہایت ضروری ہے۔ طالبِ علم کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا، اپنی اصلاح اور دین کی صحیح سمجھ حاصل کرنا ہونا چاہیے، نہ کہ لوگوں سے بحث و تکرار کرنا، علماء کے سامنے اپنی برتری جتانا یا شہرت حاصل کرنا، جو لوگ علم دین کو ان نیتوں کے ساتھ حاصل کرتے ہیں، حدیث شریف میں ان کے لیے سخت وعید آئی ہے: چنانچہ سنن ابن ماجہ میں حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
”جو شخص اس نیت سے علم حاصل کرے کہ اس کے ذریعے نادان لوگوں سے بحث و تکرار کرے، علماء کے سامنے اپنی برتری جتائے یا لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرے، تو اس کے لیے جہنم کی وعید ہے۔“(سنن ابن ماجة، حدیث نمبر: 253)
اور یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ دراساتِ دینیہ یا اس نوعیت کے کسی بنیادی نصاب کو پڑھ لینے سے دینی علوم کی ابتدائی واقفیت تو حاصل ہوجاتی ہے، لیکن اس سے فتویٰ دینے یا شرعی مسائل میں خود رائے کی اہلیت پیدا نہیں ہوتی۔ اس لیے اس تعلیم کی تکمیل کے بعد خود کو مفتی سمجھ لینا یا دوسروں کے کاموں پر ازخود شرعی طور پر نکتہ چینی کرنا اور تنقید کرنا درست رویہ نہیں، جس سے ہمیشہ اجتناب کرنا چاہیے۔
اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کی اہلیہ کو علمِ نافع، عملِ صالح، اخلاص اور استقامت عطا فرمائے، اور آپ کے گھرانے کو دین و تقویٰ کا گہوارہ بنائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحیح البخاري: (24/1، ط: دار طوق النجاة)
باب: العلم قبل القول والعمل لقول الله تعالى {فاعلم أنه لا إله إلا الله} فبدأ بالعلم، وأن العلماء هم ورثة الأنبياء ورثوا العلم، من أخذه أخذ بحظ وافر، ومن سلك طريقا يطلب به علما سهل الله له طريقا إلى الجنة.وقال جل ذكره: {إنما يخشى الله من عباده العلماء} وقال: {وما يعقلها إلا العالمون} {وقالوا لو كنا نسمع أو نعقل ما كنا في أصحاب السعير} وقال: {هل يستوي الذين يعلمون والذين لا يعلمون} وقال النبي صلى الله عليه وسلم: من يرد الله به خيرا يفهمه. وإنما العلم بالتعلم.وقال أبو ذر: لو وضعتم الصمصامة على هذه وأشار إلى قفاه ثم ظننت أني أنفذ كلمة سمعتها من النبي صلى الله عليه وسلم قبل أن تجيزوا علي لأنفذتها. وقال ابن عباس {كونوا ربانيين} حلماء فقهاء.
ويقال: الرباني الذي يربي الناس بصغار العلم قبل كباره.

سنن ابن ماجه: (رقم الحدیث: 253، ط: دار الرسالة العالمية)
عن ابن عمر، عن النبي صلى الله عليه وسلم، قال: "من طلب العلم ليماري به السفهاء، أو ليباهي به العلماء، أو ليصرف وجوه الناس إليه، فهو في النار"

الاختيار لتعليل المختار: (171/4، ط: مطبعة الحلبي)
وطلب العلم فريضة، قال عليه الصلاة والسلام: «طلب العلم فريضة على كل مسلم ومسلمة» . وهو أقسام: فرض، وهو مقدار ما يحتاج إليه لإقامة الفرائض ومعرفة الحق من الباطل، والحلال من الحرام، وهو محمل الحديث؛ ومستحب وقربة كتعليم ما لا يحتاج إليه ليعلم من يحتاج إليه كالفقير يتعلم أحكام الزكاة والحج ليعلمها من وجبا عليه، وكذلك تعلم الفضائل والسنن كالأذان والإقامة والجماعة وسنة الختان ونحوها، ومباح وهو الزيادة على ذلك للزينة والكمال؛ ومكروه وهو التعلم ليباهي به العلماء ويماري به السفهاء، قال عليه الصلاة والسلام: «من تعلم علما ليباهي به العلماء ويماري به السفهاء ألجم بلجام من نار يوم القيامة» ؛ ولذلك كره أبو حنيفة تعلم الكلام والمناظرة فيه وراء قدر الحاجة.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Miscellaneous