سوال:
حضرت مفتی صاحب! میرا سوال یہ ہے کہ آج کل AI کے ذریعے ایسی ویڈیوز بنائی جاتی ہیں جن میں آلو، پیاز، مرچ اور دوسری سبزیوں کو انسانی شکل جیسا جسم، آنکھیں، ہاتھ اور ٹانگیں دی جاتی ہیں۔ یہ سبزیاں انسانوں کی طرح بولتی ہیں، شلوار قمیص پہنتی ہیں اور کہانیاں سناتی ہیں، ایسی ویڈیوز بچے بھی دیکھتے ہیں۔
اگر ان ویڈیوز میں کوئی موسیقی، بے حیائی یا غیر شرعی بات نہ ہو اور انہیں یوٹیوب پر اپلوڈ کرکے آمدنی بھی حاصل کی جائے تو کیا ایسی ویڈیوز بنانا اور ان سے کمائی کرنا شرعاً جائز ہے؟ براہِ کرم رہنمائی فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً
جواب: واضح رہے کہ جاندار چیزوں کی تصاویر بنانا شرعاً ناجائز اور حرام ہے، جبکہ بغیر روح والی چیزوں کی تصویر بنانا اور منظر کشی کرنا جائز ہے۔ پیاز، آلو، مرچ اور دیگر سبزیاں غیر جاندار چیزیں ہیں، اپنی اصل حالت میں ان کی تصاویر یا ویڈیو بنانا جائز ہے، لیکن اگر ان سبزیوں کا ایسا کارٹون بنایا جائے جس میں ان کی باقاعدہ جانداروں جیسی شکل بنائی گئی ہو تو یہ کارٹون جاندار چیزوں کی تصویر اور منظر کشی کے حکم میں ہوگا۔
سوال میں پوچھی گئی صورت میں اگر مذکورہ کارٹون موسیقی یا فحاشی وغیرہ جیسے غیر شرعی امور پر مشتمل ہوں تو انہیں بنانا، اپلوڈ کرنا، دیکھنا اور سننا سب ناجائز اور حرام ہے، البتہ اگر ان میں موسیقی، فحاشی اور دیگر غیر شرعی امور نہ ہوں تو چونکہ ڈیجیٹل تصویر کے حرام تصویر ہونے نہ ہونے میں علماء کرام کا اختلاف ہے، اس لیے جو علماء ڈیجیٹل تصویر کو حرام تصویر نہیں سمجھتے، ان کے فتویٰ کے مطابق (بیان کردہ شرائط کے ساتھ) سبزی وغیرہ کی ویڈیوز بنانے کی گنجائش ہے۔
جہاں تک آپ کا ان ویڈیوز کو یوٹیوب پر اپلوڈ کرکے پیسے کمانے کا سوال ہے تو درج ذیل شرائط کی ساتھ یوٹیوب سے حاصل ہونے والی کمائی جائز ہے:
(1) کسی دوسرے ادارے یا شخص کی ویڈیو اپلوڈ کرنے کی صورت میں ان کی اجازت یا کاپی رائٹ (Copy Right) کی پالیسی کو ملحوظ رکھا جائے۔
(2) ویڈیو کی ڈسکرپشن یا تھیم میں غیر شرعی اور نامناسب الفاظ سے اجتناب کیا جائے۔
(3) ویڈیوز خواتین کی تصاویر، میوزک اور دیگر غیر شرعی امور پر مشتمل نہ ہوں۔
(4) جو ویڈیوز اپلوڈ کی جائیں، وہ صرف جائز مواد اور فائدہ مند معلومات پر مشتمل ہوں۔
(5) اگر ویڈیوز میں کسی کاروبار یا کسی اسکیم کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہو تو وہ کاروبار یا اسکیم جائز ہونا چاہیے۔
(6) ویڈیوز پر چلنے والے اشتہارات، خواتین کی تصاویر، میوزک اور دوسرے ناجائز امور پر مشتمل نہ ہوں۔ ایسے غیر شرعی اشتہارات کو فلٹر کیا جائے۔ فلٹر کرنے کے باوجود اگر کبھی غیر شرعی امور پر مشتمل اشتہار نظر آئے تو ریویو سینٹر میں جائزہ لے کر اس اشتہار کے بقدر آمدن کو صدقہ کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*صحیح البخاری: (باب عذاب المصورين، رقم الحدیث: 5950، ط: دار طوق النجاة)*
عن عبد الله، قال: سمعت النبي صلى الله عليه وسلم يقول: "إن أشد الناس عذاباً عند الله يوم القيامة المصورون"
*المبسوط للسرخسي: (133/1، ط: دار المعرفة)*
وَيَرْفَعُ صَوْتَهُ بِالْأَذَانِ وَالْمَرْأَةُ مَمْنُوعَةٌ مِنْ ذَلِكَ لِخَوْفِ الْفِتْنَةِ، فَإِنْ صَلَّيْنَ بِأَذَانٍ وَإِقَامَةٍ جَازَتْ صَلَاتُهُنَّ مَعَ الْإِسَاءَةِ لِمُخَالَفَةِ السُّنَّةِ وَالتَّعَرُّضِ لِلْفِتْنَةِ.
*رد المحتار: (فصل في النظر و اللمس، 406/1، ط: دار الفکر)*
نغمۃ المرأۃ عورۃ … ذکر الإمام أبو العباس القرطبي في کتابہ في السماع: ولا یظن من لا فطنة عندہ أنا إذا قلنا صوت المرأۃ عورۃ، أنا نرید بذٰلک کلامہا؛ لأن ذٰلک لیس بصحیح، فإنا نجیز الکلام مع النساء للأجانب ومحاورتہن عند الحاجة إلی ذٰلک، ولا نجیز لہن رفع أصواتہن ولا تمطیطہا ولا تلیینہا وتقطیعہا، لما في ذٰلک من استمالة الرجال إلیہن وتحریک الشہوات منہم، ومن ہٰذا لم یجز أن تؤذن المرأۃ، قلت: ویشیر إلی تعبیر النوازل بالنغمة۔
*فقه البیوع: (325/1، ط: مکتبة معارف القرآن)*
ولكن معظم استعمال التلفزيون في عصرنا في برامج لاتخلو من محظور شرعي، وعامة المشترين يشترونه لهذه الأغراض المحظورة من مشاهدة الأفلام والبرامج الممنوعة، إن كان هناك من لا يقصد به ذلك. فبما أن غالب استعماله في مباح ممكن فلا نحكم بالكراهة التحريمنية في بيعه مطلقا، إلا إذا تمحض لمحظور، ولكن نظرا إلى أن معظم استعماله لا يخلو من كراهة تنزيهية . وعلى هذا فينبغي أن يتحوط المسلم في اتخاذ تجارته مهنة له في الحالة الراهنة إلا إذا هيأ الله تعالی جوا يتمحض أو يكثر فيه استعماله المباح
*رد المحتار: (349/6، ط: دار الفکر)*
قال ابن مسعود صوت اللهو والغناء ينبت النفاق في القلب كما ينبت الماء النبات. قلت: وفي البزازية استماع صوت الملاهي كضرب قصب ونحوه حرام لقوله - عليه الصلاة والسلام - «استماع الملاهي معصية والجلوس عليها فسق والتلذذ بها كفر» أي بالنعمة فصرف الجوارح إلى غير ما خلق لأجله كفر بالنعمة لا شكر فالواجب كل الواجب أن يجتنب كي لا يسمع
*الھدایة: (238/3، ط: دار احیاء التراث العربی)*
ولا يجوز الاستئجار على الغناء والنوح، وكذا سائر الملاهي"؛ لأنه استئجار على المعصية والمعصية لا تستحق بالعقد.
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی