سوال:
مفتی صاحب! میٹا اے آئی کیا ہے اور موبائل میں اس سے کسی بھی قسم کی معلومات لینا کیسا ہے؟
جواب: میٹا اے آئی (Meta AI) مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پر مبنی ایک پروگرام ہے، جسے میٹا (Meta) نامی کمپنی نے تیار کیا ہے۔ یہ پروگرام انٹرنیٹ پر دستیاب درست اور غلط، مستند اور غیر مستند، ہر قسم کے موجود مختلف لوگوں اور مختلف مسالک کی معلومات اور آراء کو جمع کر کے اس کی گہرائی اور اس میں صحیح اور غلط کی تمییز کیے بغیر جواب پیش کرتا ہے، مصنوعی ذہانت کے لیے ضروری نہیں کہ تمام معلومات میں ہمیشہ درست اور غلط کی تمییز کرسکے، اس لیے اس کی فراہم کردہ معلومات میں غلطی کا امکان رہتا ہے، اس لیے دینی مسائل اور شرعی احکام میں رہنمائی حاصل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پر اعتماد کرنے کے بجائے مستند علماءِ کرام اور مفتیانِ کرام سے رجوع کرنا چاہیے، تاکہ قرآن و سنت اور فقہِ اسلامی کی روشنی میں درست رہنمائی حاصل ہوسکے۔
اس کی مثال یوں سمجھیں کہ اگر کوئی شخص بیمار ہو تو وہ اپنی بیماری کی تشخیص اور علاج کے لیے مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پر اعتماد کرنے کے بجائے مستند اور ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرتا ہے، کیونکہ بیماری کی درست تشخیص اور مناسب علاج کے لیے متعلقہ شعبے کے ماہر کی رائے ضروری ہوتی ہے۔
البتہ عام دنیاوی معلومات اور روزمرہ کے معمولی سوالات کے لیے میٹا اے آئی یا اس جیسے دیگر پروگراموں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے، تاہم ان کی فراہم کردہ معلومات کو حتمی اور یقینی سمجھنے کے بجائے حسبِ ضرورت ان کی تحقیق اور تصدیق کرلینی چاہیے اور جس معاملے کا تعلق کسی خاص فن سے ہو، اس میں متعلقہ ماہرین سے رجوع کرنا ہی زیادہ مناسب اور قابلِ اعتماد طریقہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: ﴿النحل: 43﴾
فَاسْأَلُوا أَهْلَ الذِّكْرِ إِن كُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ
شرح عقود رسم المفتی:(لا بد من التفقه لدی استاذ ماهر ، ص : 18/19، ط : البشری)
"وقد رأيت في فتاوى العلامة ابن حجر، سئل في شخص يقرأ ويطالع في الكتب الفقهية بنفسه، ولم يكن له شيخ، ويفتي ويعتمد على مطالعته في الكتب، فهل يجوز له ذلك أم لا؟
فأجاب بقوله: لا يجوز له الإفتاء بوجه من الوجوه؛ لأنه عامي جاهل لا يدري ما يقول، بل الذي يأخذ العلم عن المشايخ المعتبرين لا يجوز له أن يفتي من كتاب، ولا من كتابين، بل قال النووي الله ولا من عشرة؛ فإن العشرة والعشرين قد يعتمدون كلهم على مقالة ضعيفة في المذهب، فلا يجوز تقليدهم فيها، بخلاف الماهر الذي أخذ العلم عن أهله، وصارت له فيه ملكة نفسانية، فإنه يميز الصحيح من غيره، ويعلم المسائل وما يتعلق بها على الوجه المعتد به فهذا هو الذي يفتي الناس ويصلح أن يكون واسطة بينهم وبين الله تعالى، وأما غيره، فيلزمه إذا تسوّر هذا المنصب الشريف التعزير البليغ والزجر الشديد الزاجر ذلك لأمثاله عن هذا الأمر القبيح الذي يؤدي إلى مفاسد لا تحصى."
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص کراچی