resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: رمی جمرات میں وکیل بنانے اور دم کا شرعی حکم

(65730-No)

سوال: میں اس سال اپنے پورے خاندان کے ساتھ حج پر گئی تھی، میری عمر 65 ہے اور میں کراچی میں رہتی ہوں، جب اس سال میں حج پر گئی تھی تو وہاں پر مجھے میری بیٹی نے حج زیادہ تر ویل چیئر پہ ہی کروایا تھا، پہلے دن جب رمی کرنی تھی تو اس دن اتنا زیادہ رش تھا، اتنا زیادہ رش تھا کہ میں وہ رش دیکھ کے بہت زیادہ گھبرا گئی تھی۔ میں پریشان ہو گئی تھی کہ کہیں اس رش میں مجھے دھکے نہ لگ جائیں، میںویل چیئر کے ساتھ گر نہ جاؤں تو اس وجہ سے میں اپنے حج کے گروپ کے ساتھ ہی ویل چیئر پہ جا رہی تھی اور حج کے گروپ کا ایک بچہ تھا، اس نے میری ویل چیئر سنبھالی ہوئی تھی، وہ میری ویل چیئر چلا رہا تھا، کیونکہ اگر میری بیٹی چلا رہی تھی تو ہم لوگ گروپ سے بہت پیچھے ہو رہے تھے تو اس لڑکے نے کہا کہ میں ویل چیئر چلاتا ہوں تاکہ ہم گروپ کے ساتھ چل سکیں۔ ویل چیئر میں جاتے جاتے میں اپنی بیٹی سے بچھڑ گئی اور میرے ساتھ میری ایک بہن اور وہ لڑکا تھا جو میری ویل چیئر چلا رہا تھا، وہاں تک جب ہم بڑے شیطان تک پہنچے ہیں تو وہاں پہ اتنا زیادہ رش تھا کہ میں گھبراہٹ کے مارے مجھے لگ رہا تھا، میں گر جاؤں گی بس میں ویل چیئر سےگر جاؤں گی تو وہاں پر ہڑبڑی ہو گئی اتنی کہ اس لڑکے نے اور میری بہن نے کہا کہ میری طرف سے رمی وہ کریں گے، یعنی وہ لڑکا کرے گا تو میں بھی اس بات پہ مان گئی، میں نے کہا چلو ٹھیک ہے، اتنا زیادہ رش ہے اور مجھے گھبراہٹ بہت زیادہ ہو رہی ہے، ڈر بھی بہت زیادہ لگ رہا ہے تو اس لڑکے نے پہلی رمی اپنی طرف سے کی اور پھر میں نے اسے وکیل بنایا اور پھر اس نے میری طرف سے بھی رمی کر دی۔
ہم لوگ اپنے ہوٹل واپس آ گئے کافی تھکے ہوئے، دوسرے دن کی رمی جب آئی تو دوسرے دن میں نے اپنے جو حج پہ ہمارے ساتھ مفتی تھے، ان سے ہم نے پوچھا کہ اب رمی کا کیا کرنا ہے کیونکہ ایک دن تو کسی اور نے کی ہے، جب میں وہاں پہ موجود بھی تھی، میں بڑے شیطان کے پاس موجود تھی لیکن میری رمی کسی اور نے کی۔ دوسرے دن میں رمی پہ جا سکتی تھی، لیکن مجھے سب نے میرے آس پاس جتنے بھی لوگ تھے، مجھے سب نے ڈرایا کہ نہیں رش ہوگا اور دوبارہ سے آپ ویل چیئر کا کوئی مسئلہ نہ ہو جائے اور کیسے کریں گے، اور سارے لوگوں نے مجھے ڈرانا شروع کر دیا کہ آپ نہیں کر سکیں گی، حالانکہ میں کر سکتی تھی۔ میری اتنی کنڈیشن تھی کہ میں ویل چیئر سے اتر کے وہ رمی کر سکتی تھی، لیکن سب کے کہنے پہ اور مفتی کے بھی کہنے پہ۔ مفتی صاحب نے مجھے یہ کہا کہ آپ نے جو پہلے دن کی رمی کی ہے تو باقی دن کی بھی ساری رمی وہ آپ یا خود کریں گی، اور اگر خود نہیں جا سکتی ہیں تو آپ نے اسی بندے سے کہنا ہے جس کو آپ نے وکیل بنایا تھا کہ وہ آپ کی رمی کرے یا پھر آپ نے اپنے گھر میں سے کسی کو وکیل بنانا ہے تو میں نے اپنی بیٹی کو اپنا وکیل بنایا، حالانکہ میں جا سکتی تھی، دوسرے دن بھی جا سکتی تھی، لیکن میں نے اپنی بیٹی کو وکیل بنایا اور میری بیٹی نے میری پہلے دن کی رمی بھی ریپیٹ کی، کیونکہ مفتی صاحب نے کہا تھا کہ کیونکہ آپ وہاں موجود تھیں تو آپ کو اپنی رمی خود کرنی چاہیے تھی اور آپ کی رمی جو ہے وہ پہلے دن کی نہیں ہوئی تو آپ نے یہ دوبارہ سے ریپیٹ کرنی ہے، اب میں نے اپنی بیٹی کو وکیل بنا دیا تھا تو میری بیٹی نے جا کے میری پہلے دن کی رمی بھی کی اور دوسرے دن کی بھی رمی کی، اپنی بھی کی اور میری بھی کی۔ تیسرے دن بھی یہی ہوا کہ تیسرے دن کی بھی رمی میری بیٹی نے میری طرف سے کی۔ اب مجھے اس بات کا بہت اس دن سے بہت زیادہ افسوس ہے کہ میں جا سکتی تھی لیکن پھر بھی میں نہیں گئی رمی کرنے۔ میں نے خود سے نہیں کی، مجھے اس چیز کی پریشانی بہت زیادہ ہے اور یہ بھی ہے کہ کیا مجھ پہ کوئی دم لازم ہوا ہے؟ کیا میں نے کوئی غلطی کر دی ہے؟ وہاں پہ جو مفتی صاحب تھے، انہوں نے ہمیں یہی کہا تھا کہ آپ تینوں دن کا وکیل مقرر کر سکتی ہیں تو میں نے وکیل مقرر کیا اپنی بیٹی کو اور اس نے میری تینوں دن کی رمی کردی، لیکن میرے دل کو تسلی نہیں ہو رہی ہے۔ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ رمی مجھے خود کرنی چاہیے تھی، تو پلیز آپ اس بارے میں مجھے معلومات دیں، اس بارے میں مجھے بتائیں کہ کیا مجھ سے غلطی ہوئی ہے اور اگر ہوئی ہے تو مجھے کیا کرنا چاہیے اور کیا میرا حج ہو گیا ہے یا اس میں کوئی ایسا مسئلہ ہوا ہے جس کی وجہ سے میرا حج نہیں ہوا؟
میں بہت زیادہ پریشان ہوں، میری عمر پینسٹھ سال کی ہے، میں بیمار رہتی ہوں اور میں زیادہ چل نہیں سکتی، لیکن میں رمی کر سکتی تھی، اتنی بری حالت نہیں ہے کہ میں رمی نہ کر سکوں، میں رمی کر سکتی تھی، لیکن بس اس وقت میں اتنا گھبرا گئی، سب نے مجھے بولا بھی تو کہ آپ نہیں کر سکیں گی، رش بہت زیادہ ہوتا ہے، آپ گھبرا جاتی ہیں تو بس میں سب کے کہنے میں بھی آ گئی تو یہ میری سے بہت بڑی غلطی ہو گئی۔ آپ مجھے پلیز اس بارے میں بتائیں کہ اب میں کیا کروں، کیا مجھ پر کوئی دم لازم ہوگا اور اگر ہوگا تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟ اور اگر میرے حج میں کوئی مسئلہ ہوا ہے تو وہ بھی مجھے بتائیں۔ باقی ساری چیزیں میں نے خود کی ہیں، صرف یہ رمی میں مجھ سے بس یہ غلطی ہو گئی۔ آپ پلیز میری رہنمائی کر دیں، میں بہت زیادہ پریشان ہوں۔

جواب: آپ کے تمام سوالات کے الگ الگ جوابات درج ذیل ہیں:
1) آپ کا حج کا ادا ہو گیا ہے، کیونکہ شرعی اعتبار سے رمی جمرات (کنکریاں مارنا) حج کے واجبات میں سے ہے، ارکان (فرائض) میں سے نہیں ہے، اس لیے رمی میں کسی قسم کی کوتاہی یا غلطی ہونے سے حج باطل نہیں ہوتا، بلکہ اگر شرعی عذر نہ ہو تو صرف "دم" (ایک بکری یا دنبے کی قربانی) لازم آتا ہے۔
2) پہلے دن شدید رش دیکھ کر آپ پر جو گھبراہٹ اور ویل چیئر سے گرنے کا خوف طاری ہوا تھا، شریعت میں کمزوری، بڑھاپے اور نقصان کے قوی اندیشے کی وجہ سے کسی دوسرے کو وکیل بنانا جائز ہوتا ہے، اس لیے اس لڑکے کو وکیل بنانا جائز تھا، اس سے آپ کی اس دن کی رمی ادا ہوگئی تھی۔
3) فقہ حنفی کے اصول کے مطابق رمی کے لیے کسی دوسرے کو وکیل بنانا صرف اسی وقت جائز ہوتا ہے جب انسان خود جمرات تک جانے اور کنکریاں مارنے سے عاجز ہو، چونکہ آپ کے اپنے بیان کے مطابق آپ میں اتنی طاقت موجود تھی کہ آپ ویل چیئر پر جا کر یا رات کے وقت کم رش میں خود کنکریاں مار سکتی تھیں، لیکن محض دوسروں کے ڈرانے اور گھبراہٹ کی وجہ سے آپ نہیں گئیں، اس لیے شرعاً آپ کا وکیل بنانا درست نہیں ہوا اور آپ کی طرف سے کی گئی رمی معتبر نہیں۔
4) چونکہ قدرت ہونے کے باوجود دوسرے اور تیسرے دن کی رمی آپ نے خود نہیں کی، بلکہ وکیل کے ذریعے کروائی، اس لیے رمی ترک ہونے کی وجہ سے آپ پر ایک دم لازم ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ دو دن کی رمی چھوٹنے پر بھی ایک ہی دم لازم آتا ہے، دو دم لازم نہیں ہوتے۔
5) حج کے دوران ساتھ موجود مفتی صاحب نے آپ کی 65 سالہ عمر، بیماری اور ویل چیئر کی حالت کو دیکھتے ہوئے آپ کو شرعی معذور سمجھ کر وکیل بنانے کی اجازت دی تھی، چونکہ آپ نے ایک مستند عالم کے فتویٰ پر عمل کیا تھا، اس لیے آپ پر ترکِ واجب کا گناہ نہیں ہوگا، تاہم چونکہ آپ کو خود اپنی طاقت کا یقین ہے، اس لیے واقعی حکم کے مطابق دم کی ادائیگی آپ کے ذمے لازم رہے گی۔
6) دم کی ادائیگی کے لیے آپ کو خود مکہ مکرمہ جانے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ آپ کراچی میں رہتے ہوئے حج یاعمرہ پرجانے والے کسی معتبر شخص، یا کسی مستند ادارے کے ذریعے حدودِ حرم (مکہ مکرمہ) میں ایک بکری یا دنبہ ذبح کروا دیں۔ دم کی قربانی صرف حدودِ حرم میں ہی ادا ہو سکتی ہے، پاکستان میں قربانی کرنے یا صدقہ دینے سے دم ادا نہیں ہوگا۔
7) آپ بالکل بھی غمگین یا پریشان نہ ہوں کیونکہ اللہ تعالیٰ بندوں کی کمزوریوں اور نیتوں سے خوب واقف ہے۔ آپ بس حدودِ حرم میں ایک دم ادا کروا دیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں، ان شاء اللہ! اس دم کی ادائیگی کے بعد آپ کے حج کی یہ کمی مکمل طور پر پوری ہو جائے گی اور آپ ہر قسم کی شرعی ذمہ داری سے بری الذمّہ ہو جائیں گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (ج 2، ص: 138، ط: دار الكتب العلمية - بيروت):
«وسواء رمى بنفسه أو بغيره عند عجزه عن الرمي بنفسه كالمريض الذي لا يستطيع الرمي فوضع الحصى في كفه فرمى بها أو رمى عنه غيره؛ لأن أفعال الحج تجري فيها النيابة كالطواف والوقوف بعرفة ومزدلفة...»

غنية الناسك في بغية المناسك (ص: 300، ط: إدارة القرآن والعلوم الإسلامية - كراتشي):
«السادس: أن يرمي بنفسه، فلا تجوز النيابة فيه عند القدرة، وتجوز عند العذر. فلو رمى عن مريض بأمره أو مغمى عليه ولو بغير أمره... جاز... ولا فدية عليهم.»

غنية الناسك في بغية المناسك (ص: 300، ط: إدارة القرآن والعلوم الإسلامية - كراتشي):
«وحد المريض أن يصير بحيث يصلي جالسا؛ لأنه لا يستطيع الرمي راكبا ولا محمولا، إما لأنه تعذر عليه الرمي أو يلحقه بالرمي ضرر، فإن كان مريض له قدرة على حضور المرمى محمولا، ويستطيع الرمي كذلك من غير أن يلحقه ألم شديد ولا يخاف زيادة المرض ولا بطء البرء لا يجوز النيابة عنه إلا أن لا يجد من يحمله.»

مناسك الملا علي القاري مع إرشاد الساري (ص: 337، ط: دار الفكر - بيروت):
«في "الحاوي" عن "المنتقى" عن محمد: إذا كان المريض بحيث يصلي جالسا رمي عنه ولا شيء عليه. ولعل وجهه أنه إذا كان يصلي قائما فله القدرة على حضور المرمى راكبا أو محمولا، فلا تجوز النيابة عنه...»

فقه العبادات على المذهب الحنفي (ص: 189، ط: دار القلم - دمشق):
ط «من كان مريضا لا يستطيع الرمي، بحيث يجوز له أن يصلي الفرض قاعدا، يرمي عنه غيره... أما من تركه أو وكل به من غير عذر لزمه دم.»

الاختيار لتعليل المختار (ج 1، ص: 164، ط: مطبعة الحلبي - القاهرة):
«قال: (ولو ترك رمي الجمار كلها أو يوم واحد... فعليه شاة) معناه أنه تركها حتى غربت الشمس من آخر أيام التشريق؛ لأنه ترك واجبا من جنس واحد...»

البحر الرائق شرح كنز الدقائق (ج 3، ص: 23، ط: دار الكتاب الإسلامي - القاهرة):
«وإنما وجب دم واحد بترك الجمار في الأيام كلها؛ لأن الجنس متحد كما في الحلق... وإن ترك رمي يوم فعليه دم...»

والله تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Hajj (Pilgrimage) & Umrah