resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: حج سے متعلق مختلف اور مفصّل شرعی مسائل کے احکام

(66233-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، مفتی صاحب! مجھے حج سے متعلق چار شرعی مسائل کے بارے میں آپ کی رہنمائی درکار ہے۔
پہلا مسئلہ: میرے بڑے بھائی کینیڈا میں رہتے ہیں اور ان شاء اللہ 2027ء میں اپنی اہلیہ، والدہ اور دونوں بیٹوں کے ساتھ حج کے لیے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے دونوں بیٹوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
پہلے بیٹے کی عمر 19 سال ہے، وہ کینیڈا میں پارٹ ٹائم ملازمت بھی کرتے ہیں اور اپنی تعلیم بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ دوسرے بیٹےکی عمر 16 سال ہے اور وہ فی الحال صرف تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
میرا سوال یہ ہے کہ کیا ان دونوں کا حج شرعاً ادا ہو جائے گا؟ کیا ان کی عمر، بالغ ہونے یا نہ ہونے اور ملازمت یا طالب علم ہونے سے حج کے حکم پر کوئی فرق پڑتا ہے؟ نیز اگر ان کا یہ پہلا حج ہے تو کیا یہ حجِ فرض شمار ہوگا یا نفلی حج؟ اس کی شرعی وضاحت فرما دیں۔
دوسرا مسئلہ: میرے بھائی اور ان کی فیملی کینیڈا سے روانہ ہوں گے، ان کی پرواز پہلے عمان (Oman) جائے گی، جہاں سے کنیکٹنگ فلائٹ کے ذریعے جدہ پہنچیں گے، اس صورت میں شرعی طور پر ان کے لیے کیا کینیڈا سے روانگی کے وقت ہی احرام باندھنا لازم ہوگا یا عمان سے جدہ کی پرواز کے دوران میقات سے پہلے احرام باندھ سکتے ہیں؟ نیز کیا جدہ پہنچتے ہی فوراً عمرہ کرنا ضروری ہے،یا وہ جدہ میں ایک دن قیام کرکے اگلے دن عمرہ کر سکتے ہیں؟
تیسرا مسئلہ: اگر وہ حج کی نیت سے جا رہے ہیں تو کیا ان پر پہلے عمرہ کرنا لازم ہے یا وہ حج کی کسی دوسری جائز صورت کے مطابق مناسک ادا کر سکتے ہیں؟
چوتھا مسئلہ: ان کے ساتھ والدہ، اہلیہ اور بچے بھی ہوں گے، اس لیے اگر سفر کے دوران آرام یا کسی ضرورت کی وجہ سے تاخیر کرنا چاہیں تو اس کا کیا شرعی حکم ہوگا؟ براہِ کرچاروں مسائل کی تفصیلی وضاحت فرما دیں، تاکہ وہ سفر سے پہلے شرعی احکام کے مطابق اپنی تیاری کر سکیں۔ جزاکم اللہ خیراً کثیراً

جواب: 1)آپ کے دونوں بھتیجے چونکہ بالغ ہیں، اس لیے ان کا حج درست ہے، اور فرض حج کی نیت کرنے سے ان کا فرض حج ادا ہوجائے گا۔ شرعاً لڑکا زیادہ سے زیادہ پندرہ سال کی عمر میں بالغ سمجھا جاتا ہے۔
2)میقات یا اس کی محاذات عبور کرنے سے پہلے احرام کی نیت کرنا ضروری ہوتا ہے، لہٰذا کینیڈا سے احرام باندھنا ضروری نہیں ہے، البتہ عمان سے جدہ کی پرواز کے درمیان احرام باندھ لیں، کیونکہ جدہ سے پہلے پہلے طیارہ میقات کی محاذات سے گزرتا ہے، اور اس وقت احرام کی نیت کرنا ضروری ہے۔
جدّہ پہنچتے ہی عمرہ کرنا ضروری نہیں، ایک دن قیام کرکے اس کے بعد بھی عمرہ کرسکتے ہیں، البتہ اس دوران وہ چونکہ احرام میں ہوں گے، اس لیے احرام کی حدود و قیود اور پابندیوں کا خیال کرنا ضروری ہوگا۔
3) حج سے پہلے عمرہ کرنا ہر صورت میں لازم نہیں ہے، بلکہ حج کی تین جائز صورتیں ہیں: حجِ اِفراد، حجِ قِران اور حجِ تمتع۔
حجِ اِفراد میں صرف حج ادا کیا جاتا ہے، اس سے پہلے عمرہ کرنا ضروری نہیں، جبکہ حجِ قِران اور تمتّع میں عمرہ بھی شامل ہوتا ہے، لہٰذا آپ کے عزیز جن تاریخوں میں حج پر جارہے ہیں، ان کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے اپنی سہولت اور شرعی رہنمائی کے مطابق ان میں سے کسی صورت کا انتخاب کرسکتے ہیں، عام حالات میں حجِ قران افضل ہے، جس میں ایک ہی احرام میں پہلے عمرہ کیا جاتا ہے، اور پھر حاجی احرام میں ہی رہتا ہے، اور حج کے دنوں میں حج کے بعد حلال ہوتا ہے، تاہم اگر حج سے کافی عرصہ پہلے وہ وہاں پہنچیں تو اتنا عرصہ احرام میں رہنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے حجِّ تمتّع نسبتاً آسان ہوتا ہے کہ جاتے ہی عمرہ کرکے حلال ہوجائے، اور پھر حج کے دنوں میں حَرَم سے ہی حج کا احرام باندھ کر حج اداکرلے۔
اور اگر عین حج کے دنوں میں ہی وہاں پہنچنا ہو جس میں عمرہ کرنا مشکل ہو تو صرف حج افراد کی نیت کی جائے، ایسی صورت میں وہاں جاکر عمرہ کی ادائیگی ضروری نہیں ہوگی۔ اس کی مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک پر ایک اور فتویٰ ملاحظہ ہو:
https://alikhlasonline.com/detail.aspx?id=9521
4) سفر کے دوران آرام، اہلِ خانہ کی سہولت یا کسی ضرورت کے پیشِ نظر قیام اور تاخیر کرنے میں شرعاً کوئی حرج نہیں، بشرطیکہ اس سے حج کے مقررہ مناسک اور ان کے اوقات فوت نہ ہوں، نیز اس دوران چونکہ احرام کی حالت ہوگی، اس لیے اس میں احرام کی تمام حدود اور شرعی پابندیوں کا لحاظ رکھنا ضروری ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

‏*القرآن الكريم: (البقرة، الآية: ١٩٦)*
‏﴿وَأَتِمُّوا الْحَجَّ وَالْعُمْرَةَ لِلَّهِ ۔۔۔ ۚ ●﴾

*الفتاوى الهندية: (1/ 221، ط: دار الفكر)*
المواقيت التي لا يجوز أن يجاوزها الإنسان إلا محرما خمسة: لأهل المدينة ذو الحليفة، ولأهل العراق ذات عرق، ولأهل الشام جحفة، ولأهل نجد قرن، ولأهل اليمن يلملم، وفائدة التأقيت المنع عن تأخير الإحرام عنها، كذا في الهداية.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Hajj (Pilgrimage) & Umrah