resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: عورت کی ملکیت میں دو گھر ہوں تو اس پر حج کی فرضیت کا حکم

(69341-No)

سوال: میرے پاس دو گھر ہیں، ایک گھر میں میں اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ رہتی ہوں، جبکہ دوسرے گھر میں میرے والدین اور دادی رہتے ہیں، ان کے پاس اپنا کوئی دوسرا گھر نہیں ہے، یہ دونوں گھر میرے والدین نے مجھے ہبہ کیے تھے۔ میں گھریلو خاتون ہوں اور میری اپنی کوئی آمدنی نہیں ہے، کیا دو گھروں کی مالک ہونے کی وجہ سے مجھ پر حج فرض ہے؟ میرے پاس حج پر جانے کے لیے کوئی جمع پونجی نہیں ہے۔

جواب: پوچھی گئی صورت میں جس گھر میں آپ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، وہ آپ کی بنیادی ضرورت میں شامل ہے، لہٰذا اس گھر کی وجہ سے آپ پر حج فرض نہیں ہوگا۔
البتہ دوسرا گھر، جس میں آپ کے والدین رہائش پذیر ہیں، اگر والدین نے مالکانہ تصرف کے ساتھ آپ کے قبضے میں دے دیا تھا اور اس کے بعد آپ نے وہ گھر والدین کو رہائش کے لیے دے دیا ہو تو اس صورت میں حکم یہ ہے کہ اگر آپ کے والدین صاحبِ حیثیت ہیں اور اپنے لیے رہائش کا انتظام خود کرسکتے ہیں تو مذکورہ گھر ضرورت سے زائد شمار ہوگا اور آپ پر حج فرض ہوگا۔
لیکن اگر والدین صاحبِ حیثیت نہیں ہیں اور آپ کے دیگر بہن بھائی بھی ان کے لیے رہائش کا انتظام کرنے یا رہائشی اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تو ایسی صورت میں یہ گھر بھی ضرورت میں شمار ہوگا اور آپ پر حج فرض نہیں ہوگا۔
نیز یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ عورت پر حج فرض ہونے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے ساتھ شرعی محرم موجود ہو، یا محرم اپنے خرچ پر جانے کے لیے تیار نہ ہو تو عورت کے پاس اس کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت ہو۔ اسی طرح حج سے واپسی تک جن افراد کا نفقہ عورت کے ذمے واجب ہے، ان کے نفقے کا بھی مناسب انتظام موجود ہو۔
لہٰذا مذکورہ بالا صورت میں اگر عورت کا دوسرا گھر ضرورت سے زائد شمار ہوتا ہو، تب بھی اگر اس کے پاس محرم کے ہمراہ حج پر جانے یا محرم کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہ ہو تو اس پر فی الحال حج ادا کرنا لازم نہیں ہوگا، بلکہ اسے اپنی زندگی میں محرم میسر آنے یا اس کے اخراجات کا انتظام ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔ اگر زندگی میں یہ صورت میسر نہ آسکے تو اس پر لازم ہوگا کہ اپنے ترکے کے ایک تہائی مال سے حجِ بدل کی وصیت کرے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

*الفتاوى الهندية: (كتاب المناسك،217/1،ط:دار الفكر)*
إذا كان له دار يسكنها وعبد يستخدمه وثياب يلبسها، ومتاع يحتاج إليه لا تثبت به الاستطاعة، وفي التجريد إن كان له دار لا يسكنها وعبد لا يستخدمه فعليه أن يبيعه ويحج به، وإن لم يكن له مسكن، ولا شيء من ذلك وعنده دراهم يبلغ بها الحج أو يبلغ ثمن مسكن وخادم وطعام وقوت فعليه الحج فإن جعلها في غير الحج أثم كذا في الخلاصة.

*وفيها أيضاً: (378/4، ط: دار الفکر)*
لا يثبت الملك للموهوب له إلا بالقبض هو المختار،هكذا في الفصول العمادية.

*النهاية في شرح الهداية: (كتاب الحج، 10/6،ط:مركز الدراسات الإسلامية بكلية الشريعة والدراسات الإسلامية بجامعة أم القرى)*
إذا كانت له دار لا يسكنها وعبد لا يستخدمه، وما أشبه ذلك يجب عليه أن يبيعه، ويحج به، ويحرم عليه الزكاة إذا بلغ نصابا؛ لأنه فاضل عن حاجته، فتحصل الاستطاعة به، فأما المشغول بالحاجة فله حكم العدم، فإن أمكنه بيع منزله وأن يشتري بثمنه دارا أدون منه، ويحج بالفضل لم يجب عليه ذلك، وإن أخذ به فهو أفضل.

*الدر المختار مع رد المحتار: (باب النفقة، 621/3، ط: دار الفکر)*
(و) تجب النفقة (علی موسر) ولو صغیرا.... (النفقة لأصوله)... (الفقراء).. (بالسوية) بين الابن والبنت... (والمعتبر فيه القرب و الجزئية) فلو له ابن أو بنت بنت وأخ، النفقة على البنت أو ابنتها".
"(قوله: بالسوية بين الابن والبنت) وظاهر الرواية. وهو الصحيح، وبه يفتى. خلاصة، وهو الحق.

*رد المحتار:(کتاب الحج،465/2،ط:دار الفکر)*
(قوله قولان) هما مبنيان على أن وجود الزوج أو المحرم شرط وجوب أم شرط وجوب أداء والذي اختاره في الفتح أنه مع الصحة وأمن الطريق شرط وجوب الأداء فيجب الإيصاء إن منع المرض، وخوف الطريق أو لم يوجد زوج، ولا محرم.

*امداد الاحکام :(154/2،ط:دارلعلوم کراتشی)*

واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Hajj (Pilgrimage) & Umrah