سوال:
محترم مفتی صاحب / علمائے کرام! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
میں ایک نہایت پریشان کن اور پیچیدہ ذاتی معاملے کے بارے میں فوری شرعی رہنمائی (فتویٰ) حاصل کرنے کے لیے یہ تحریر لکھ رہا ہوں۔ اس معاملے میں زبانی ایجاب و قبول، قرآنِ کریم پر اٹھائے گئے پختہ حلف اور اس کے بعد کسی دوسرے شخص سے نکاح کے واقعات شامل ہیں۔
ماضی میں ہم دونوں، یعنی میں اور متعلقہ خاتون عاقل و بالغ اور باہمی رضامندی رکھنے والے تھے۔ ہم نے متعدد مرتبہ زبانی ایجاب و قبول کیا، اس میں اپنے والدین کے نام بتانا، حق مہر پر اتفاق کرنا، اللہ تعالیٰ کو گواہ بنانا اور باہمی طور پر ایک دوسرے کو میاں بیوی تسلیم کرنا شامل تھا۔
ان زبانی وعدوں اور اقرار کے دوران جسمانی تعلق بھی قائم ہوا، لیکن مکمل دخول نہیں ہوا، جزوی دخول ہوا تھا، تاہم اس کا پردۂ بکارت نہیں پھٹا اور نہ خون نکلا۔ بعد میں ہونے والی شادی تک وہ کنواری رہی، ہمارے درمیان تعلق اور باہمی وابستگی تقریباً ساڑھے نو سال تک رہی۔
ہم دونوں نے اللہ تعالیٰ کے نام پر پختہ قسمیں اور وعدے کیے، ہم نے دو مرتبہ قرآنِ کریم ہاتھ میں لے کر قسم کھائی کہ ہم صرف ایک دوسرے سے شادی کریں گے، خاندانی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تعلق پر قائم رہیں گے، میں نے بھی اسی طرح قرآنِ کریم پر قسم کھائی۔
اس کے باوجود کہ اس نے قسمیں اور وعدے کیے تھے، خاندانی دباؤ کی وجہ سے اس نے اپنے ولی کی اجازت سے ایک دوسرے شخص کے ساتھ باقاعدہ اور رجسٹرڈ نکاح کر لیا، اگرچہ اس کا کہنا ہے کہ وہ دل سے پوری طرح راضی نہیں تھی، لیکن اس نے نکاح قبول کیا، ازدواجی تعلق قائم کیا، جس کے نتیجے میں خون نکلا اور اس کا پردۂ بکارت ختم ہوا، اور اس کے موجودہ شوہر سے ایک بچہ بھی ہے، وہ اب بھی اسی نکاح میں ہے۔
بعد ازاں اس نے مجھ سے رابطہ کرکے بتایا کہ وہ میرے پاس واپس آنا اور اپنی موجودہ شادی ختم کرنا چاہتی ہے، لیکن وہ چاہتی ہے کہ یہ علیحدگی اس کی اپنی شرائط کے مطابق ہو اور اسے خود اس کا آغاز نہ کرنا پڑے۔ دوسری طرف اس نے ماضی کے وعدوں کے حوالے سے مجھے زبانی طور پر ’’معاف‘‘ کر دیا ہے، لیکن میں اپنے ضمیر اور قرآنِ کریم پر اٹھائی گئی قسموں کے بوجھ کی وجہ سے پریشان ہوں اور یہ سمجھنے میں دشواری محسوس کر رہا ہوں کہ شریعت کے مطابق مجھے کیا کرنا چاہیے۔ میں مؤدبانہ درخواست کرتا ہوں کہ اسلام کی روشنی میں کسی خاص فقہی مذہب تک جواب کو محدود کیے بغیر درج ذیل سوالات کا الگ الگ جواب دیا جائے:
1) کیا ہمارے درمیان بار بار زبانی ایجاب و قبول، باہمی اقرار اور اللہ تعالیٰ کو گواہ بنانے کی بنیاد پر کوئی صحیح نکاح قائم ہو گیا تھا؟ واضح رہے کہ اس وقت عین موقع پر کوئی جسمانی گواہ موجود نہیں تھا، نکاح کی باقاعدہ رجسٹریشن نہیں ہوئی تھی، اس وقت روایتی طور پر ولی بھی صراحتاً موجود نہیں تھا اور مکمل ازدواجی تعلق بھی قائم نہیں ہوا تھا۔
2) اگر ہمارا ابتدائی زبانی نکاح شرعاً صحیح تھا تو کیا اس کی موجودگی میں اس خاتون کا کسی دوسرے شخص سے بعد میں کیا گیا نکاح قانونی و شرعی طور پر باطل یا فاسد قرار پائے گا؟
3) چونکہ اس نے کسی دوسرے شخص سے باقاعدہ نکاح کیا، ازدواجی تعلق قائم کیا اور اس سے ایک بچہ بھی پیدا ہوا تو کیا اس کا موجودہ ازدواجی تعلق اسلامی قانون کے مطابق صحیح ہے یا میرے ساتھ پہلے سے قائم نکاح کی وجہ سے وہ فی الحال ناجائز تعلق (زنا) کی حالت میں زندگی گزار رہی ہے؟
4) میں نے قرآنِ کریم ہاتھ میں لے کر پختہ قسمیں کھائی تھیں کہ میں اس کے ساتھ اپنے تعلق پر قائم رہوں گا، بعد میں اس نے کہا کہ وہ ان وعدوں کے حوالے سے مجھے ’’معاف‘‘ کرتی ہے، لیکن اس نے کسی دوسرے شخص سے شادی کر لی تو کیا میں اب بھی اپنی قسموں کا پابند ہوں؟ اگر مجھے اس تعلق سے آگے بڑھنا ہو تو اپنی قسم کے بارے میں شرعی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے کیا کفارہ ادا کرنا ہوگا؟
5) ان حالات میں میرے اور اس خاتون کے لیے درست شرعی رہنمائی کیا ہے؟ اس سلسلے میں اس کی موجودہ شادی، اس کے بچے اور موجودہ نکاح ختم کرنے کی خواہش، جبکہ وہ خود علیحدگی کا آغاز نہیں کرنا چاہتی، کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
میں آپ کا بے حد شکر گزار ہوں گا اگر آپ میرے مذکورہ تمام سوالات کے الگ الگ جوابات عنایت فرمائیں، تاکہ مجھے اس معاملے میں وضاحت اور ذہنی سکون حاصل ہو سکے۔ جزاکم اللہ خیراً
جواب: 1) واضح رہے کہ نکاح کے صحیح ہونے کے لیے دو گواہوں کی موجودگی میں عقدِ نکاح یعنی ایجاب وقبول کرنا ضروری ہے، پوچھی گئی صورت میں چونکہ آپ دونوں نے گواہوں کی غیر موجودگی میں ایجاب وقبول کیا تھا، اس لیے آپ دونوں کا باہم نکاح نہیں ہوا تھا۔
2) مذکورہ خاتون کا موجودہ نکاح صحیح اور درست ہے، شرعاً وہ دونوں میاں بیوی ہیں۔
3) آپ دونوں کا سابقہ تعلق ناجائز اور حرام تھا، آپ دونوں پر لازم ہے کہ اپنے اس عمل پر توبہ و استغفار کریں۔
4) اب آپ کا اُس شادی شدہ خاتون سے رابطہ کرنا، اس سے شادی کی خواہش رکھنا اور اس سے شادی کی منصوبہ بندی کرنا سب ناجائز اور حرام ہے۔
5) آپ نے اس خاتون کے ساتھ تعلق قائم رکھنے کی جو قسم کھائی تھی، یہ گناہ کی قسم ہے، جس کو پورا کرنا جائز نہیں ہے، اس لیے آپ کو چاہیے کہ اس خاتون کے ساتھ تعلق ختم کرنے کا پختہ عزم کریں اور پھر اپنی قسموں کا کفّارہ ادا کردیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الفتاوی الھندیة: (526/1، ط: دار الفكر)
لَا تَجِبُ الْعِدَّةُ عَلَى الزَّانِيَةِ وَهَذَا قَوْلُ أَبِي حَنِيفَةَ وَمُحَمَّدٍ رَحِمَهُمَا اللَّهُ تَعَالَى كَذَا فِي شَرْحِ الطَّحَاوِيِّ۔
الفتاوي التاتارخانیة: (610/2)
"تزوج امرأۃ بشھادۃ الله ورسولہ لایجوز".
الدر المختار: (21/3، ط: دار الفکر)
(و) شرط (حضور) شاهدين (حرين) أو حر وحرتين (مكلفين سامعين قولهما معا) على الأصح۔
و فیه ایضاً: (725/3، 726، 727، 728، ط: سعید)
(ﻭﻛﻔﺎﺭﺗﻪ) ﻫﺬﻩ ﺇﺿﺎﻓﺔ ﻟﻠﺸﺮﻁ ﻷﻥ اﻟﺴﺒﺐ ﻋﻨﺪﻧﺎ اﻟﺤﻨﺚ (ﺗﺤﺮﻳﺮ ﺭﻗﺒﺔ ﺃﻭ ﺇﻃﻌﺎﻡ ﻋﺸﺮﺓ ﻣﺴﺎﻛﻴﻦ)ﻛﻤﺎ ﻣﺮ ﻓﻲ اﻟﻈﻬﺎﺭ (ﺃﻭ ﻛﺴﻮﺗﻬﻢ ﺑﻤﺎ)...ﻭ (ﻳﺴﺘﺮ ﻋﺎﻣﺔ اﻟﺒﺪﻥ).....(ﻭﺇﻥ ﻋﺠﺰ ﻋﻨﻬﺎ)(ﺻﺎﻡ ﺛﻼﺛﺔ ﺃﻳﺎﻡ ﻭﻻء) ﻭﻳﺒﻄﻞ بالحيض.....(ﻭﻣﻦ ﺣﻠﻒ ﻋﻠﻰ ﻣﻌﺼﻴﺔ ﻛﻌﺪﻡ اﻟﻜﻼﻡ ﻣﻊ ﺃﺑﻮﻳﻪ ﺃﻭ ﻗﺘﻞ ﻓﻼﻥ)...(ﻭﺟﺐ اﻟﺤﻨﺚ ﻭاﻟﺘﻜﻔﻴﺮ) ﻷﻧﻪ ﺃﻫﻮﻥ اﻷﻣﺮﻳﻦ.
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی