resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: مقدس ہستیوں کی تاریخِ ولادت و وفات میں اختلاف اور مخصوص دن منانے کا حکم

(66214-No)

سوال: السلام وعلیکم! میرا یہ سوال ہے کہ مقدس ہستیوں جیسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ، صحابہ کرام رض، تابعین یا بزرگان دین کی تاریخ ولادت یا تاریخ وفات/ شہادت میں اکثر اختلاف پایا جاتا ہے اور اس بارے میں احادیث اور مختلف تاریخ کی کتابوں کے حوالہ جات بھی ملتے ہیں تو اکثر لوگ ایک تاریخ پہ متفق ہوتے ہیں اور دوسرے لوگ دوسری تاریخ پہ متفق ہوتے ہیں تو کیا ایسی صورتحال میں محض تاریخ کے اختلاف میں ایک دوسرے پہ گستاخی، تنقید، مسلک کی تضحیک یا جذبات مجروح کرنے وغیرہ کے الزام وغیرہ لگانا درست ہے؟ ایسے حالات میں ایک عام آدمی کو کیا کرنا چاہیے کہ کون سے دن کو منائے یا یاد رکھے؟ براہ مہربانی آسان اور جامع نصیحت فرما دیں۔
بہت شکریہ۔

جواب: واضح رہے کہ انبیائے کرام عليهم السلام اور اولیائے کرامؒ کی مبارک زندگیوں میں ان کا عمل، کردار اور ان کی سیرت و سنت ہے، یہ اصل قابلِ تقلید چیزیں ہیں، نیز اسلام میں کسی مقدس ہستی کی تاریخِ ولادت یا وفات کو ہر سال بطورِ تہوار منانا نہ تو ثابت ہے اور نہ ہی یہ کوئی ثواب کا کام ہے، بلکہ کسی خاص دن کے منانے کو دین کا لازمی حصہ یا ثواب کا کام سمجھنا درست نہیں۔
اس وضاحت کے بعد آپ کے سوال کا جواب یہ ہے کہ مقدس ہستیوں کی ولادت، وفات یا شہادت کی تاریخ کے تعیّن میں مختلف روایات کی بنا پر اختلاف ہوسکتا ہے، محض اس اختلاف کی وجہ سے ایک دوسرے کو گستاخ کہنا، تضحیک کا رویّہ اختیار کرنا یا دل آزاری کرنا درست نہیں۔
لہٰذا عام مسلمان کو چاہیے کہ اختلافی مسائل میں وسعتِ قلبی سے کام لے اور یہ بات ذہن میں رکھے کہ ان مقدّس ہستیوں سے محبّت کا اصل تقاضا ان کی تعلیمات اور سنّتوں پر عمل کرنا اور ان کا ادب واحترام ملحوظ رکھنا ہے، نہ کہ مخصوص دن کو تہوار بناکر منانا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

‏*صحيح البخاري: (3/ 184، رقم الحديث: 2697، ط: دار طوق النجاة)*
‏حدثنا يعقوب، حدثنا إبراهيم بن سعد، عن أبيه، عن القاسم بن محمد، عن عائشة رضي الله عنها قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من أحدث في أمرنا هذا ما ليس فيه فهو رد».

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Beliefs