resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: "عزیفہ مریم" نام رکھنے کا حکم

(66244-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، محترم مفتی صاحب! اللہ تعالیٰ نے مجھے ایک نومولود بچی سے نوازا ہے اور میں اس کا نام ’’عزیفہ مریم‘‘ رکھنا چاہتا ہوں۔
ہماری برادری کے بعض لوگوں نے مجھے بتایا ہے کہ ’’عزیفہ‘‘ کا کوئی معنی نہیں ہے یا یہ کوئی باقاعدہ نام نہیں ہے۔ تاہم، میری معلومات کے مطابق یہ عربی مادہ ’’أزف‘‘ سے متعلق ہے، جس کے معنی قریب آنے یا نزدیک ہونے کے ہیں۔ اسی مادے کا لفظ قرآنِ کریم کی سورۂ نجم (آیت: 57) میں بھی آیا ہے: ’’أَزِفَتِ الْآزِفَةُ‘‘۔ ہمارے خاندان میں اس نام سے مراد ’’بھلائی کے قریب ہونے والی‘‘ یا ’’دل کے قریب رہنے والی‘‘ ہے۔
براہِ کرم درج ذیل امور میں رہنمائی فرمائیں:
1) کیا بچی کے لیے ’’عزیفہ‘‘ نام رکھنا شرعاً جائز اور اچھا ہے؟
2) ’’مریم‘‘ کے ساتھ ملا کر ’’عزیفہ مریم‘‘ نام رکھنے کا کیا حکم ہے؟ کیا اس کا مفہوم اچھا اور قابلِ قبول ہے؟ جزاکم اللہ خیراً

جواب: واضح رہے کہ عربی زبان میں ایک لفظ کی جگہ دوسرا لفظ لگانے سے کبھی کبھی معنی بالکل بدل جاتا ہے۔ آپ کی معلومات کے مطابق "أزفة" (بمعنی وقت کا قریب آ جانا) کے معنی اگرچہ درست ہیں، لیکن اس لفظ میں ہمزہ کی جگہ عین لگانے اور یاء کے اضافے سے اس کا معنی بالکل بدل جائے گا۔ اور "العزیف" کا معنی ہوا سے ریت کے اڑنے کی آواز، ہوا کی سرسراہٹ اور گرج دار آواز ہوگا، اس معنی کے اعتبار سے بچی کا نام "عزیفہ" نہ رکھنا بہتر ہے، اس کے مقابلے میں نام کا دوسرا لفظ "مریم" ہے، جس کا معنی "پاک دامن" ہے، اور یہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی والدہ ماجدہ کا نام ہے۔
لہٰذا بہتر یہی ہے کہ بچی کے نام صرف مریم رکھ لیں، یا امہات المؤمنین یا صحابیات رضی اللہ عنہن کے بابرکت ناموں میں سے کسی نام پر رکھ لیں، تاکہ ان بابرکت ہستیوں کا اثر اس بچی پر بھی ظاہر ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القاموس الوحید: (ص: 102، ط: ادارةاالاسلامیات)
ازف الوقت- ازفا و ازوفا: وقت قریب ہوجانا۔۔۔ قرآن پاک میں ہے’’أَزِفَتِ الْآزِفَةُ‘‘ قیامت کا دن قریب آگیا ہے۔

القاموس الوحید: (ص: 868، ط: ادارةاالاسلامیات)
العزیف: ہوا سے ریت کے اڑھنے کی آواز، ہوا کی سرسراہٹ، گرج دار آواز۔

سنن ابی داود: (رقم الحدیث: 4948، 7/ 303، ط:دار الرسالة العالمية)
٤٩٤٨ - حدثنا عمرو بن عون، أخبرنا.وحدثنا مسدد، حدثنا هشيم، عن داود بن عمرو، عن عبد الله بن أبي زكريا عن أبي الدرداء، قال: قال رسول الله -صلى الله عليه وسلم-: "إنكم تدعون يوم القيامة باسمائكم وأسماء آبائكم، فاحسنوا أسماءكم"۔

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Islamic Names