resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: لڑكے لڑكی کا ناجائز تعلق، نکاح اور والدین کی مخالفت کا حکم

(67253-No)

سوال: میں ایک لڑکے سے محبت کرتی ہوں۔ دو سال سے وہ بھی مجھے پسند کرتا ہے اور میں بھی اسے پسند کرتی ہوں۔ ہمارے درمیان زنا ہو گیا تھا، لیکن اب ہم اس بات پر سچے دل سے معافی مانگ چکے ہیں اور سچی توبہ بھی کر لی ہے۔ ہم نے گھر والوں سے رشتے کی بات کی ہے۔ اس کے گھر والے راضی ہو گئے ہیں، لیکن میرے گھر میں صرف میرے والد راضی نہیں ہو رہے۔
میں نے بہت سے وظائف، تسبیحات، دعائیں اور روزے رکھے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے معافی بھی مانگی ہے۔ کیا اللہ تعالیٰ اب بھی مجھ سے ناراض ہیں؟ کیا اس گناہ کی وجہ سے ہم کبھی ایک نہیں ہو سکتے؟ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ حرام رشتہ کبھی حلال نہیں ہو سکتا، کیا اسی وجہ سے ایسا ہو رہا ہے؟
میں نے اپنے گناہوں سے سچے دل سے توبہ کی ہے، لیکن میرے والد میری بات سننے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں۔ وہ قتل کرنے پر آمادہ ہو جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں تمہیں قتل کر دوں گا، اگر کوئی ایسی بات میرے سامنے کری، براہ کرم اس سلسلہ میں میری رہنمائی فرمائیں۔

جواب: واضح رہے کہ لڑکے لڑکی کا آپس میں اس طرح کے روابط قائم کرنا اور پھر گناہ کی حد تک آگے بڑھ جانا ناجائز اور حرام ہے، جس میں نہ صرف گناہ (زنا) سے توبہ کرنا ضروری ہے، بلکہ ایک دوسرے سے رابطہ بھی فوری طور پر ختم کرنا اور اس سے توبہ کرنا ضروری ہے۔
جہاں تک نکاح کا تعلق ہے تو اگر مذکورہ لڑکا آپ کا "کفو" ہے تو والد کو بلاوجہ ضد نہیں کرنی چاہیے، لیکن اگر ان کا انکار کسی معتبر وجہ کی بنیاد پر ہے، مثلاً: وہ لڑکا کفو نہیں ہے، یا دینی اعتبار سے اس میں کوتاہی ہے تو ایسی صورت میں والد کا انکار اپنی جگہ درست ہے، اس صورت ميں آپ کو اپنی ضد ختم کرکے والد کی رضامندی میں ہی راضی ہوجانا چاہیے، اور اس طرح کے گناہ میں مبتلا کرنے والی اور والد کی ناراضی کا سبب بننے والی کیفیت جو آپ کو بطورِ محبّت محسوس ہورہی ہے، اس سے باز رہنا چاہیے، حقیقیت میں ایسی محبّت کوئی چیز نہیں ہوتی، محض ایک جوش ہوتا ہے جو چند دن میں ختم ہوجاتا ہے، اور ویسے بھی محبّت صرف اللہ سے اور دین سے ہونی چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

‏*صحيح مسلم: (2/ 1086، رقم الحديث: 1466، ط: مطبعة عيسى البابي الحلبي)*
‏حدثنا زهير بن حرب ومحمد بن المثنى وعبيد الله بن سعيد، قالوا: حدثنا يحيى بن سعيد، عن عبيد الله، أخبرني سعيد بن أبي سعيد، عن أبيه، عن أبي هريرة، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «تنكح المرأة لأربع: لمالها، ولحسبها، ولجمالها، ولدينها، فاظفر بذات الدين تربت يداك».

‏*شعب الإيمان للبيهقي: (6/ 177، رقم الحديث: 7830، ط: دار الكتب العلمية)*
‏أخبرنا أبو الحسن محمد بن الحسين بن داود العلوي، أنا أحمد بن محمد بن الحسن الحافظ، نا أبو أحمد الفراء والحسن بن هارون قالا: أخبرنا الحسين بن الوليد، نا شعبة، عن يعلى بن عطاء، عن أبيه، عن عبد الله بن عمرو قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «رضا الله في رضا الوالدين وسخط الله في سخط الوالدين».

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Beliefs