سوال:
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، میری عمر ۴۹ سال ہے، جہاز پر فٹر کا کام کرتا ہوں اور نو مہینے جہاز پر رہتا ہوں۔ میری سابقہ بیوینے تقریباً ۵ سال تک میرے پیچھے میرے گھر میں ایک شخص کے ساتھ زنا کیا، میرا بڑا بیٹا مکمل معذور ہے، چھوٹا بچہ ۳ سال کا ہے، جسے بیوی نے بعد میں اعتراف کیا کہ وہ زنا سے ہوا ہے، ایک اور حمل بھی زناسے ٹھہرا تھا جسے اس نے گرا دیا۔
جب مجھے پتہ چلا تو میں نے پہلے معاف کیا، لیکن حمل گرانے کی بات سن کر شدید صدمے میں آ گیا اور کہا کہ اب نہیں رکھوں گا، بیوی خوش ہو گئی اور خلع نامہ آیا، میں دل سے راضی نہیں تھا، مجبور تھا، ہر دستخط پر استغفراللہ پڑھتا رہا، بیوی نے خوشی سے دستخط کر دیے۔خلع کے بعد بیوی نے عدت اس شخص کے گھر گزاری اور تقریباً ۴۱ دن بعد دونوں نے نکاح کر لیا، جبکہ میں نے دوسری شادی معذور بچے کی دیکھ بھال اور اپنی مجبوری کی وجہ سے کی۔
سوالات:
۱) کیا یہ خلع شرعاً درست ہے جبکہ میں راضی نہیں تھا اور مجبوری میں دستخط کیے؟
۲)کیا میری بیوی ابھی بھی میرے نکاح میں ہے؟
۳) اس کا اس زانی شخص سے کیا ہوا نکاح کیا حکم رکھتا ہے؟
۴) زنا سے جو بچہ پیدا ہوا ہے، اس کا نسب کس سے ثابت ہوگا؟
جواب: پوچھی گئی صورت میں اگرچہ آپ خلع پر دل سے راضی نہیں تھے، لیکن چوں کہ آپ نے خلع نامے پر دستخط کردیے تھے، اس لیے شرعاً خلع منعقد ہوکر آپ دونوں کا نکاح ختم ہوگیا ہے، لہٰذا اس کے بعد اگر عورت نے عدت گزار کر مذکورہ شخص سے نکاح کرلیا ہے تو ان دونوں کا نکاح درست ہوگیا ہے۔
نیز واضح رہے کہ عورت جس شخص کے نکاح میں ہوتی ہے، اس کے بچے کا نسب اسی شخص سے ثابت ہوتا ہے، لہٰذا مذکورہ بچے کا نسب آپ سے ثابت ہوگا اور وہ آپ ہی کا بچہ شمار ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:
*جامع الترمذي: (451/2، رقم الحديث: 1157، ط: دار الغرب الإسلامي)*
عن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «الولد للفراش،» وللعاهر الحجر.
وفي الباب عن عمر، وعثمان، وعائشة، وأبي أمامة، وعمرو بن خارجة، وعبد الله بن عمرو، والبراء بن عازب، وزيد بن أرقم.
حديث أبي هريرة حديث حسن صحيح.
والعمل على هذا عند أهل العلم من أصحاب النبي صلى الله عليه وسلم.
*رد المحتار: (441/3، ط: دار الفکر)*
وأما ركنه فهو كما في البدائع: إذا كان بعوض الإيجاب والقبول؛ لأنه عقد على الطلاق بعوض فلاتقع الفرقة ولايستحق العوض بدون القبول".
*الفقہ الاسلامی و ادلته: (7015/9، ط: دار الفکر)*
وقد اعتبر الحنفية ركن الخلع هو الإيجاب والقبول؛ لأنه عقد على الطلاق بعوض، فلا تقع الفرقة ولا يستحق العوض بدون القبول.
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی