resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: عورت کا بلا وجہ طلاق کا مطالبہ کرنا

(69346-No)

سوال: ایک شخص نے ایک جوڑے کا نکاح پڑھایا، دونوں خوشی خوشی زندگی گزار رہے تھے، لیکن بعد میں ان کے درمیان بہت زیادہ لڑائی جھگڑا ہونے لگا۔ اب بیوی چاہتی ہے کہ شوہر اسے طلاق دے دے، لیکن شوہر طلاق دینے پر آمادہ نہیں ہے، ہمارے بہت سمجھانے کے باوجود بیوی طلاق لینے پر بضد ہے، جبکہ شوہر اسے طلاق نہیں دے رہا۔
بیوی کا کہنا ہے کہ اگر شوہر طلاق نہیں دے گا تو وہ پوری زندگی اسی طرح گزار لے گی، لیکن اس کے ساتھ نہیں رہے گی۔ دوسری طرف شوہر کا کہنا ہے کہ وہ طلاق نہیں دے گا اور بیوی کو واپس اس کے پاس آنا ہی ہوگا، لیکن بیوی کسی بھی صورت میں واپس آنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
شوہر نے کہا کہ اگر تم میرے پاس نہیں آنا چاہتیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں، کیونکہ میں چار نکاح کر سکتا ہوں، مسئلہ تمہارا ہوگا کہ تم زندگی بھر دوبارہ نکاح نہیں کر سکوگی۔ اس پر بیوی نے کہا کہ وہ زندگی بھر اسی طرح گزار لے گی، لیکن شوہر کے ساتھ نہیں رہے گی، اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ اس صورتِ حال میں کیا کرنا چاہیے؟

جواب: واضح رہے کہ عورت کا بغیر کسی معقول وجہ اور شدید مجبوری کے اپنے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کرنا درست نہیں ہے، حدیثِ مبارک میں آتا ہے کہ جو عورت بغیر کسی مجبوری کے اپنے شوہر سے طلاق کا سوال کرے، اس پر جنت کی خوشبو حرام ہے۔ (ترمذی:1187)
سوال میں پوچھی گئی صورت میں بیوی کا لڑائی جھگڑے کو بنیاد بناکر طلاق کا مطالبہ کرنا درست نہیں ہے، مذکورہ عورت کو چاہیے کہ وہ حتی الامکان اپنا گھر بسانے کی کوشش کرے، بلا وجہ شوہر سے طلاق کا مطالبہ نہ کرے، لیکن اگر سمجھانے کے بعد بھی عورت اپنے ارادے کو نہ بدلے اور شوہر کے گھر واپس آنے کے لیے تیار نہ ہو تو ایسی صورت میں شوہر اور بیوی کے خاندان کے معزز اور بزرگ افراد کے ذریعے معاملات حل کرانے کی کوشش کی جائے، ان کے ذریعے سے خاتون کے خدشات اور جائز شکایات زائل کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے اور اسے مطمئن کیا جائے، لیکن اگر مذکورہ طریقہ اپنانے کے بعد بھی عورت نباہ کے لئے راضی نہیں ہو رہی ہو اور شوہر کی طرف سے کوئی ظلم و زیادتی نہ ہو تو ایسی صورت میں شوہر کو طلاق دینے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، اسے اختیار حاصل ہے چاہے تو اپنی بیوی کو طلاق یا خلع دے اور اگر چاہے تو نہ دے، جب تک شوہر کی طرف سے بیوی کو طلاق یا خلع نہیں ملتا، وہ اِس کی بیوی ہونے کی وجہ سے کہیں اور نکاح نہیں کر سکتی، جبکہ شوہر کے لیے دوسری شادی کرنا جائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

*القرآن الكريم: (النساء، الآية: 35)*
وَإِنْ خِفْتُمْ شِقَاقَ بَيْنِهِمَا فَابْعَثُوا حَكَمًا مِنْ أَهْلِهِ وَحَكَمًا مِنْ أَهْلِهَا إِنْ يُرِيدَا إِصْلَاحًا يُوَفِّقِ اللَّهُ بَيْنَهُمَا إِنَّ اللَّهَ كَانَ عَلِيمًا خَبِيرًاo

*سنن ابی داؤد: (130/3، ط: حقانیة)*
عن ثوبان قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "أيما امرأة سألت زوجها طلاقا في غير ما بأس، فحرام عليها رائحة الجنة"

*رد المحتار: (228/3، ط: سعید)*
وأما الطلاق، فإن الأصل فيه الحظر بمعنى أنه محظور إلا لعارض يبيحه ، وهو معنى قولهم: الأصل فيه الحظر ، والإباحة للحاجة إلى الخلاص ، فإذا كان بلا سبب أصلاً لم يكن فيه حاجة إلى الخلاص، بل يكون حمقاً وسفاهة رأي ومجرد كفران النعمة وإخلاص الإيذاء بها وبأهلها وأولادها ، ولهذا قالوا: إن سببه الحاجة إلى الخلاص عند تباين الأخلاق وعروض البغضاء الموجبة عدم إقامة حدود الله تعالى ، فليست الحاجة مختصة بالكبر والريبة ، كما قيل ، بل هي أعم كما اختاره في الفتح فحيث تجرد عن الحاجة المبيحة له شرعاً يبقى على أصله من الحظر ، ولهذا قال تعالى : ﴿فَإِنْ أَطَعْنَكُمْ فَلَا تَبْغُوْا عَلَيْهِنَّ سَبِيْلاً﴾ (النساء : 34) أي لا تطلبوا الفراق ، وعليه حديث: « أبغض الحلال إلى الله عز وجل الطلاق»۔ قال في الفتح: ويحمل لفظ المباح على ما أبيح في بعض الأوقات، أعني أوقات تحقق الحاجة المبيحة اھ

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce