resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: مسئلے سے ناواقفیت طلاق کے وقوع پر اثر انداز نہیں ہوتی

(69459-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! ہم نیویارک، امریکہ میں رہنے والا ایک خاندان ہیں۔ تقریباً تین ماہ قبل میں نے اپنی بیوی کو ٹیکسٹ میسج کے ذریعے تین مرتبہ طلاق، طلاق، طلاق لکھ کر بھیجا، اس کے چند دن بعد ہمارے درمیان ازدواجی تعلق قائم ہوا۔ اس کے اگلے دن میں نے دوبارہ دو الگ الگ پیغامات میں تین تین مرتبہ طلاق، طلاق، طلاق لکھ کر بھیجا اور اس کے ایک دن بعد ایک اور پیغام میں تین مرتبہ طلاق، طلاق، طلاق لکھا، اس دوران ایک بحث کے موقع پر میں نے بچوں کے سامنے بھی کہا کہ میں نے اسے طلاق دے دی ہے اور وہ عدت میں ہے۔
اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ ان تمام مواقع پر میری نیت یہی تھی کہ وہ میری بیوی ہے اور میں اسے معاملات کو سنجیدگی سے لینے کے لیے تنبیہ کر رہا ہوں، لیکن مجھے معلوم نہیں تھا کہ طلاق کا لفظ اتنا حساس ہے اور ٹیکسٹ میسج کے ذریعے بھی اس کے شرعی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ میرا خیال تھا کہ طلاق صرف زبانی طور پر اور گواہوں کی موجودگی میں دینے سے واقع ہوتی ہے۔
اس کے بعد میری بیوی نے معذرت کرلی اور ہم دونوں نے اس معاملے کو ختم سمجھ کر معمول کی زندگی شروع کردی، اگلے ہی دن ہم نے ایک ہوٹل میں ازدواجی تعلق بھی قائم کیا۔
اب ہم شرعی رہنمائی چاہتے ہیں کہ آیا مذکورہ صورتِ حال میں طلاق واقع ہوچکی ہے یا ہم اب بھی میاں بیوی ہیں؟ ہمارے تین بچے ہیں اور ہم دونوں اپنے خاندان کو بچانا چاہتے ہیں۔

جواب: واضح رہے کہ طلاق کے صریح الفاظ جیسے: "طلاق" سے بغیر نیت کے طلاق واقع ہو جاتی ہے، خواہ وہ زبان سے کہے جائیں یا میسج میں لکھ کر بھیجے جائیں۔ اس لیے یہ کہنا کہ میرا ارادہ طلاق دینے کا نہیں بلکہ بیوی کو تنبیہ کرنا تھا یا مجھے معلوم نہیں تھا کہ میسج سے بھی طلاق ہو جاتی ہے، شرعی اعتبار سے قابلِ قبول نہیں، مسئلے سے ناواقفیت طلاق کے وقوع پر اثر انداز نہیں ہوتی۔
لہٰذا پوچھی گئی صورت میں جب شوہر نے اپنی بیوی کو ایک ہی میسج میں "طلاق، طلاق، طلاق" لکھ کر بھیجا تو اسی وقت تینوں طلاقیں واقع ہوگئیں اور نکاح ختم ہو گیا۔ بعد کے میسجز اور بچوں کے سامنے یہ کہنا کہ میں نے طلاق دے دی ہے اور وہ عدت میں ہے، اس حکم کی تائید کرتے ہیں، ان سے کوئی نیا حکم ثابت نہیں ہوا، اب نہ رجوع کی گنجائش ہے اور نہ باہمی رضامندی سے دوبارہ نکاح کیا جا سکتا ہے۔
چونکہ نکاح پہلی ہی بار ختم ہو چکا تھا، اس کے بعد بیوی کے ساتھ رہنا اور ازدواجی تعلق قائم کرنا شرعاً جائز نہیں تھا، دونوں پر لازم ہے کہ اس پر اللہ تعالیٰ سے سچی توبہ و استغفار کریں اور فوراً الگ ہو جائیں۔ البتہ اگر عورت پہلے شوہر کی عدت گزار کر کسی اور مرد سے شرعی طریقے سے نکاح کرے اور اس کے ساتھ ازدواجی تعلقات قائم ہونے کے بعد دوسرا شوہر اسے خود طلاق دے دے یا اس کا انتقال ہو جائے، اورعورت اس کی عدت بھی گزار لے تو اس کے بعد پہلے شوہر سے نیا نکاح کرنا جائز ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (البقرۃ، الآیة: 230)
فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا أَنْ يَتَرَاجَعَا إِنْ ظَنَّا أَنْ يُقِيمَا حُدُودَ اللَّهِ وَتِلْكَ حُدُودُ اللَّهِ يُبَيِّنُهَا لِقَوْمٍ يَعْلَمُونَo

روح المعانی: (البقرۃ، الایة: 230)
"فإن طلقها‘‘ متعلقا بقوله سبحانه ’’الطلاق مرتان‘‘ .... فَلا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ أي من بعد ذلك التطليق حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجاً غَيْرَهُ أي تتزوّج زوجا غيره، ويجامعها.

أحكام القرآن للجصاص: (415/5، ط: دار الكتب العلمية بيروت - لبنان)
قوله تعالى: {فَإِنْ طَلَّقَهَا فَلا تَحِلُّ لَهُ مِنْ بَعْدُ حَتَّى تَنْكِحَ زَوْجاً غَيْرَهُ} منتظم لمعان: منها تحريمها على المطلق ثلاثا حتى تنكح زوجا غيره، مفيد في شرط ارتفاع التحريم الواقع بالطلاق الثلاث العقد والوطء جميعا; لأن النكاح هو الوطء في الحقيقة، وذكر الزوج يفيد العقد، وهذا من الإيجاز واقتصار على الكناية المفهمة المغنية عن التصريح. وقد وردت عن النبي صلى الله عليه وسلم أخبار مستفيضة في أنها لا تحل للأول حتى يطأها الثاني، منها حديث الزهري عن عروة عن عائشة: أن رفاعة القرظي طلق امرأته ثلاثا، فتزوجت عبد الرحمن بن الزبير، فجاءت إلى النبي صلى الله عليه وسلم فقالت: يا نبي الله إنها كانت تحت رفاعة فطلقها آخر ثلاث تطليقات فتزوجت بعده عبد الرحمن بن الزبير وإنه يا رسول الله ما معه إلا مثل هدبة الثوب فتبسم رسول الله صلى الله عليه وسلم وقال: "لعلك تريدين أن ترجعي إلى رفاعة؟ لا حتى تذوقي عسيلته ويذوق عسيلتك".

الدر المختار: (247/3، ط: دار الفکر)
بَابُ الصَّرِيحِ (صَرِيحُهُ مَا لَمْ يُسْتَعْمَلْ إلَّا فِيهِ وَلَوْ بِالْفَارِسِيَّةِ كَطَلَّقْتُك وَأَنْتِ طَالِقٌ وَمُطَلَّقَةٌ وَيَقَعُ بِهَا وَاحِدَةً رَجْعِيَّةً،وَإِنْ نَوَى خِلَافَهَا أَوْ لَمْ يَنْوِ شَيْئًا وَفِي أَنْتِ الطَّلَاقُ أَوْ طَلَاقٌ أَوْ أَنْتِ طَالِقُ الطَّلَاقِ أَوْ أَنْتِ طَالِقٌ طَلَاقًا يَقَعُ وَاحِدَةٌ رَجْعِيَّةٌ إنْ لَمْ يَنْوِ شَيْئًا أَوْ نَوَى وَاحِدَةً أَوْ ثِنْتَيْنِ فَإِنْ نَوَى ثَلَاثًا فَثَلَاثٌ بِمَنْزِلَةِ الثَّلَاثِ فِي الْحَرَّةِ).

واللہ تعالی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce