resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: شوہر کا اپنی بیوی کو "تمہیں طلاق دے رہا ہوں" کہنے کا حکم

(68320-No)

سوال: میں روزگار کے سلسلے میں دبئی میں مقیم ہوں، جبکہ میرا خاندان پاکستان میں ہے، آج 3 نومبر کو فون پر اپنی اہلیہ کے ساتھ ہونے والی ایک بحث کے دوران میں نے غصے کی حالت میں ان سے کہا: "اپنے بھائی کو بلاؤ اور کہو کہ وہ آئے اور تمہیں لے جائے، کیونکہ میں تمہیں طلاق دے رہا ہوں۔" میں نے یہ بات دو بار دہرائی، اس کے پیچھے میرا ارادہ اور سوچ یہ تھی کہ وہ اپنے بھائی کو مطلع کر دیں تاکہ جب میں طلاق کے عمل کو حتمی شکل دوں تو وہ آ کر انہیں اپنے ساتھ لے جا سکیں۔
کچھ غور و فکر کے بعد مجھے احساس ہوا کہ یہ شرعی معاملہ ہے، اس لیے میں نے آپ سے رہنمائی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، میں اس وقت دبئی میں ہوں، جبکہ میری اہلیہ پاکستان میں میرے گھر پر ہیں۔ براہِ کرم مجھے اس سلسلے میں رہنمائی فرمائیں۔

جواب: واضح رہے کہ سوال میں مذکورہ جملہ کہ: "اپنے بھائی کو بلاؤ اور کہو کہ وہ آئے اور تمہیں لے جائے، کیونکہ میں تمہیں طلاق دے رہا ہوں" طلاق کے لیے صریح ہے خواہ کسی بھی نیت سے کہا جائے، نیز سائل کا بیوی سے بھائی کو بلانے اور بیوی کو لے جانے کی بات کرنا بھی اس جملہ کو حال کے معنی میں کردیتا ہے، لہذا اس جملہ کو دو بار دہرانے سے دو طلاق رجعی واقع ہو چکی ہیں، سائل کو عدت کے دوران رجوع کا حق حاصل ہے، رجوع کر لینے سے نکاح برقرار رہے گا، اور آئندہ کے لیے سائل کو صرف دو طلاقوں کا حق رہے گا اور اگر دوران عدت رجوع نہیں کیا توعدت کے گزرنے پر نکاح ختم ہوجائے گا، اور رجوع کا حق بھی نہیں رہے گا۔ تاہم آپس کی رضامندی اور نئے مہر کے ساتھ دوبارہ تجدید نکاح کرنے کا اختیار باقی رہے گا، بہرحال دونوں صورتوں میں شوہر کو آئندہ کے لیے صرف ایک طلاق کا اختیار ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الدرالمختار (3/348، ط: ایچ، ایم۔ سعید)
"و كذا المضارع إذا غلب في الحال مثل أطلقك كما في البحر".

الفتاویٰ الھندیة:(1/384، ط: دار الفکر)
في المحيط: "لو قال بالعربية: أطلق، لايكون طلاقاً إلا إذا غلب استعماله للحال فيكون طلاقاً".

فقط واللہ اعلم بالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce