سوال:
ایک شخص کسی کبیرہ گناہ میں مبتلا تھا جو اسے کوشش کے باوجود نہیں چھوٹ رہا تھا، آخر کار تنگ آکر اس نے ایک دن قسم کھائی کہ اگر میں نے پھر یہ گناہ کیا تو جب جب میں نکاح کروں گا میری بیوی کو طلاق ہوگی (مقصد تھا کہ کسی طرح سے گناہ چھوٹ جاۓ ) مگر افسوس دو تین مہینے کے بعد شیطان نےاس کوپھر وہی گناہ کروایا، اب اس شخص کے لیے کیا شرعی حکم ہے؟ کیا یہ حانث ہوگیا ؟ کیا نکاح کرنے کی وجہ سے اس کی بیوی کو فوراً طلاقیں پڑ جائیں گی؟ اگر طلاق پڑیں گی تو کیا اس مشکل میں کوئی شرعی حیلہ ہمارے دین میں موجود ہے کہ قسم سے بری ہوجاۓ ؟ براہ کرم رہنمائی فرمائیں۔
جواب: پوچھی گئی صورت میں اگر مذکورہ شخص نے یہ قسم کھائی تھی کہ" اگر میں نے پھر یہ گناہ کیا تو جب جب میں نکاح کروں گا میری بیوی کو طلاق ہوگی" پھر اس نے دو تین مہینے کے بعد وہ گناہ کرلیا تو اس سے یہ شخص حانث ہوگیا، لیکن چونکہ مذکورہ شخص کے یہ الفاظ "کلما کی طلاق" کے الفاظ ہیں، لہذا قسم ٹوٹنے کے بعد بھی جب کبھی وہ شخص کسی بھی عورت سے نکاح کرے گا، اس عورت پر طلاق واقع ہو جائے گی۔
اس طلاق سے بچنے کا شرعی طریقہ یہ ہے کہ کوئی دوسرا شخص فضولی (اس کی اجازت کے بغیر نکاح کرانے والا) اس کا نکاح کروادے، اور بعد میں شوہر کو اطلاع دے کہ "میں نے تمہارا نکاح فلاں عورت سے کر دیا ہے۔" پھر اگر شوہر زبان سے کچھ نہ کہے بلکہ عملاً مہر ادا کر دے یا بیوی کے ساتھ شب گزاری کر لے تو اس عملی اجازت کی وجہ سے نکاح منعقد ہو جائے گا، اور چونکہ نکاح اس نے خود نہیں کیا اور نہ ہی اس کی اجازت سے کسی نے کرایا ہے، اس لیے طلاق واقع نہیں ہوگی۔ بصورتِ دیگر اگر شوہر خود یا اس کی اجازت سے کوئی دوسرا شخص اس کا نکاح کرائے گا تو نکاح ہوتے ہی اس کی بیوی پر طلاق واقع ہوجائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الدر المختار: (3/846، ط: ایچ ایم سعید)
(حلف لا يتزوج فزوجه فضولي فاجاز بالقول حنث وبالفعل) ومنه الكتابة خلافا لابن سماعة ( لا ) يحنث به يفتى" ۔
البحرالرائق:(4/620، ط: رشیدیه)
"(حلف لا يتزوّج فزوّجه فضولي وأجاز بالقول حنث وبالفعل لا ) أي لا يحنث، وهذا هو المختار كما في التبيين، وعليه أكثر المشايخ والفتوى عليه كما في الخانية"۔
والله اعلم بالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی